الاسلام ویب سائٹ پر موجودقرآن کریم کےتراجم اورتفاسیر

۱۔تفسیر حضرت مسیح موعودعلیہ السلام:امام الزماں مہدیٔ دوراں علیہ السلام کی ۸جلدوں پرمشتمل اس تفسیربےنظیرمیں آپؑ کی ۸۰ سےزائدعربی،اردو،فارسی کتب اورملفوظات میں مذکورمعارف قرآنی کویکجاکرکےشائع کیاگیاہے۔اللہ تعالیٰ نےآپؑ کوقرآنی حقائق ومعارف کےبیان میں تمام مخالفین کےمقابلے پرزندہ نشانات دکھائےتھے۔حضرت خلیفۃ المسیح الثالث رحمہ اللہ تعالیٰ نے ۷ ؍مارچ ۱۹۸۰ء کو تحریک فرمائی تھی کہ ہر احمدی گھرانہ میں اس تفسیر کا ایک سیٹ ضرور موجود ہونا چاہیے۔حضورعلیہ السلام اس تفسیر لطیف کےبارے میں فرماتےہیں:”مَیں نے اس تفسیرکواپنی طاقت سےنہیں لکھا۔مَیں توایک کمزوربندہ ہوں اوراسی طرح میراکلام بھی۔لیکن یہ سب کچھ اللہ اوراس کےالطافِ کریمانہ ہیں کہ اس تفسیرکےخزانوں کی چابیاں مجھےدی گئی ہیں اورپھراسی جناب سےمجھےاس کےدفینوں کےاَسرارعطاکئےگئےہیں۔مَیں نےاس میں طرح طرح کےمعارف جمع کئےاورانہیں ترتیب دیاہے۔“(اعجازالمسیح،روحانی خزائن جلد۱۸صفحہ ۵۵-۵۶،اردو ترجمہ)
حقائق الفرقان

۲۔حقائق الفرقان: ایڈیشن۲۰۲۴ء: حضرت حاجی الحرمین مولانانورالدین خلیفۃ المسیح الاوّل رضی اللہ تعالیٰ عنہ کےغیرمعمولی عشق قرآن کےبارے میں حضرت مسیح موعودعلیہ السلام نےاپنی کتب میں متعدد مرتبہ ذکرفرمایاہے۔آپؑ فرماتےہیں:ماآنست فی قلب احد محبۃ القرآن، کما أری قلبہ مملوًّا بمودۃ الفرقان۔(آئینہ کمالاتِ اسلام،روحانی خزائن جلد ۵ صفحہ ۵۸۶) ترجمہ:مَیں نےکسی کےدل میں اس طرح قرآن کریم کی محبت نہیں پائی جس طرح آپ کادل فرقانِ حمیدکی محبت سےلبریزہے۔
’’حقائق الفرقان‘‘کی چھ جلدوں میں حضور رضی اللہ تعالیٰ عنہ کےدرس ہائے قرآن کریم،تصانیف،خطبات اور ارشادات سےمرتبہ اہم تفسیری نکات شامل ہیں۔حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ کے بابرکت دورِ خلافت میں حقائق الفرقان کو از سر نو مرتب کیا گیا اور پرانے اخبارات ورسائل سے استفادہ کرتے ہوئے مزید تفسیری نکات شامل کیے گئے ہیں۔
قرآن مجید مترجم مع تفسیراوضح القرآن

۳۔قرآن مجید مترجم مع تفسیراوضح القرآن مسمیٰ بہ تفسیراحمدی:حضرت مولانا مولوی میرمحمد سعیدصاحب نےذاتی دلچسپی سےحضرت مولانا الاعظم خلیفۃ المسیح الاوّل رضی اللہ تعالیٰ عنہ کےدرسِ قرآن میں بیان فرمودہ اردوترجمہ مع مختصرتفسیری نکات جمع کرکے”قرآن مجید مترجم مع تفسیراوضح القرآن مسمیٰ بہ تفسیراحمدی“شائع کرنےکااہتمام فرمایا۔اس کی پہلی اشاعت خلافت ثانیہ کےآغاز میں جون۱۹۱۵ءمیں حیدرآباددکن میں ہوئی تھی جبکہ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ہدایت راہنمائی اورآپ کی اجازت سے ایک سو دس (۱۱۰) سال بعد اس کی اشاعتِ ثانیہ ۲۰۲۴ء میں اسلام انٹرنیشنل پبلیکیشنز یوکے، کےزیراہتمام ہوئی ہے۔

۴۔تفسیرکبیر:پیشگوئی مصلح موعودکےحقیقی مصداق سیدناحضرت خلیفۃ المسیح الثانی رضی اللہ عنہ جن کےبارےمیں اللہ تعالیٰ نےاس زمانے کےمامورحضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کوعظیم رحمت کےنشان کےطورپرپسرموعودکی خوشخبری عطافرمائی تھی۔اُن میں سےایک یہ تھی کہ’اسےعلوم ظاہری وباطنی سےپُرکیاجائےگا‘چنانچہ اللہ تعالیٰ نے آپؓ کوقرآن مجید کے وہ علوم و معارف عطا فرمائے جو اس سے پہلے منکشف نہ تھے۔ آپؓ نے قرآن کریم کی تفسیر تحریر فرمائی۔ یہ تصنیف لطیف تفسیرِ کبیرکےنام سے مشہورہے۔ تفسیر کبیر کی پہلی جلد ۱۹۴۰ء میں شائع ہوئی۔ بعدازاں مختلف وقتوں میں اس کی ۱۱ جلدیں شائع ہوئیں۔اب حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کےبابرکت دورِخلافت میں آپ کی ہدایت اورراہنمائی میں شائع ہونے والا نیا ایڈیشن ۱۵جلدوں پر مشتمل ہے۔ہزاروں الفاظ پرمشتمل یہ بےنظیرتفسیرحضرت مصلح موعودؓ کےخداداد تبحرعلمی کامنہ بولتاثبوت ہےجس سے لاکھوں لوگ فیضیاب ہورہے ہیں۔یاد رہےکہ تفسیر کبیر کاعربی زبان میں ترجمہ بھی شائع ہوچکاہے۔

۵۔تفسیرصغیربامحاورہ اردوترجمہ وتفسیر: سیدنا مصلح موعودرضی اللہ عنہ کی اس معرکہ آرا تصنیف لطیف میں قرآن کریم کااردوترجمہ اورمختصر تشریحی نوٹس شامل ہیں۔اس کاعربی،ہندی،سندھی،انڈونیشین اورانگریزی ترجمہ شائع ہوچکاہے۔ تفسیرصغیرکو پڑھنے والاقاری قرآن کریم میں بیان اللہ تعالیٰ کےاحکامات کامفہوم بہت آسانی سےسمجھ سکتاہے۔اس تفسیر کے ساتھ طبع ہونے والا تفصیلی انڈیکس مضامین قرآنی کی وسعت کو کماحقہ اجاگر کرنے والاہے۔اس بےمثال اورلاجواب دینی شاہکارکی اشاعت اوّل دسمبر ۱۹۵۷ء میں ہوئی۔اب تک تفسیر صغیر کے متعدد ایڈیشن شائع ہوچکےہیں۔
۶-دیباچہ تفسیر القرآن: حضرت مرزا بشیرالدین محمود احمد المصلح الموعود خلیفۃ المسیح الثانی رضی اللہ عنہ نے یہ دیباچہ اس لیےتیارکروایاتھا تاکہ اسےقرآن کریم کے انگریزی ترجمہ و تفسیرکے ساتھ طبع کیا جائے۔اس کتاب کےمطالعہ سےآپؓ کےعشق قرآن کریم اورعشق رسولﷺ کاکمال اظہارہوتاہے۔اللہ تعالیٰ اوراس کےپاک کلام او رمحبوب رسول ﷺ کے سچے عاشق کے قلب صافی سے نکلے یہ ایسے کلمات ہیں جنہوں نے اسلام اورنبی کریم ﷺ پراعتراضات کرنے والوں کولاجواب کردیاہے۔اس دیباچہ میں نبی کریم ﷺ کی پاکیزہ سیرت کے واقعات، آپؐ کی ولادت سےلےکروفات تک ایسے دلنشیں اندازمیں تحریرکیےگئے ہیں کہ قاری کی دلچسپی آخرتک قائم رہتی ہے۔اس کتاب میں اسلام اور بانی اسلام کے متعلق گذشتہ مذاہب کے بانیوں کی پیشگوئیوں کے علاوہ، اساسی امور اسلامیہ پر نہایت تفصیل سےروشنی ڈالی گئی ہے۔اس کاایڈیشن اوّل ۱۹۴۸ء میں شائع ہوااوراب تک اس دیباچہ کے متعدد ایڈیشن شائع ہوچکے ہیں جس کا دنیا کی مختلف زبانوں میں ترجمہ بھی ہوچکا ہے۔ تقریباً ۵۰۰ صفحات پرمشتمل یہ کتاب قرآن،اسلام اوربانی اسلام سےمتعلق معلومات کاوسیع ذخیرہ ہے۔(جاری ہے)
مزید پڑھیں:جماعت احمدیہ کی مرکزی ویب سائٹ www.alislam.org کے ٹیم ممبران کی امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے (آن لائن) ملاقات




