بچوں کا الفضل

کیوں؟

پیارے بچو! آج کے نئے سوال اور اس کے جواب کے ساتھ حاضر ہیں۔ اور آج کا سوال یہ ہے کہ

یورپ میں اس سال اتنی گرمی کیوں پڑ رہی ہے؟

پیارے بچو! آپ نے خبروں میں ضرور سنا ہوگا کہ یورپ کے کئی ممالک میں اس سال بہت زیادہ گرمی پڑ رہی ہے۔ بعض شہروں میں درجۂ حرارت اتنا بڑھ گیا ہے کہ لوگوں کو گھروں میں رہنے، زیادہ پانی پینے اور دھوپ سے بچنے کی ہدایت دی جا رہی ہے۔ تو آخر ایسا کیوں ہو رہا ہے؟

بچو! اس کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ بعض اوقات گرم ہوا کے بڑے بڑے نظام کئی دنوں تک ایک ہی علاقے پر ٹھہر جاتے ہیں۔ اس دوران سورج کی تیز دھوپ مسلسل زمین کو گرم کرتی رہتی ہے اور بارش یا ٹھنڈی ہوائیں نہیں آتیں، جس سے گرمی میں بہت زیادہ اضافہ ہو جاتا ہے۔

ایک اور اہم وجہ موسمیاتی تبدیلی (Climate Change) بھی ہے۔ دنیا میں گاڑیوں، کارخانوں اور دیگر ذرائع سے پیدا ہونے والی بعض گیسیں زمین کی گرمی کو اپنے اندر روک لیتی ہیں۔ اس کی وجہ سے پوری دنیا کا درجۂ حرارت آہستہ آہستہ بڑھ رہا ہے اور شدید گرمی کی لہریں پہلے کی نسبت زیادہ دفعہ اور زیادہ شدت سے آنے لگی ہیں۔

مزے کی بات یہ ہے بچو، کہ یورپ کے بہت سے ممالک میں پہلے اتنی شدید گرمی کم ہی پڑتی تھی، اس لیے وہاں کے بہت سے گھروں، اسکولوں اور عمارتوں میں ٹھنڈک کے انتظامات بھی ہر جگہ موجود نہیں ہوتے۔ اسی لیے وہاں زیادہ گرمی لوگوں کے لیے ایک بڑا چیلنج بن جاتی ہے۔

تو پیارے بچو! خوب اچھی طرح سمجھ لیں کہ یورپ میں اس سال زیادہ گرمی صرف سورج کی تیز دھوپ کی وجہ سے نہیں، بلکہ گرم ہواؤں، بارش کی کمی اور موسمیاتی تبدیلی کے مل کر اثر کرنے کی وجہ سے پڑ رہی ہے۔

اس کے علاوہ بچو! ماہرین درخت لگانے اور ماحول کو صاف رکھنے کی بہت تلقین کرتے ہیں، کیونکہ درخت ہوا کو ٹھنڈا رکھنے، آکسیجن پیدا کرنے اور ماحول کو خوشگوار بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اگر ہم زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں، پانی اور بجلی کا غیر ضروری استعمال کم کریں اور ماحول کو آلودہ ہونے سے بچائیں تو ہم زمین کو زیادہ گرم ہونے سے بچانے میں اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں۔ اگرچہ ایک بچہ اکیلا پوری دنیا کو نہیں بدل سکتا، لیکن ہر اچھی عادت مل کر مستقبل کو ضرور بہتر بنا سکتی ہے۔

بچو!آپ کو آج کا سوال اور اِس کا جواب کیسا لگا؟ اگر آپ کے ذہن میں کوئی بھی سوال ہو تو ہمیں بھجوائیں۔ ان شا ءاللہ ہم آپ کو اُس کا بھی جواب دیں گے۔

آپ کا بھائی۔ خلیق احمد شرجیل۔ جرمنی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button