بچوں کا الفضل

گلدستہ معلومات

حکایت

اِسراف ایک مرض ہے

حضرت مصلح موعودؓ فرماتے ہیں کہ ’’اسراف کا مرض اس زمانہ میں اس قدر بڑھا ہوا ہے کہ آجکل مسلمان کی تعریف اور علامت ہی یہی سمجھی گئی ہے کہ جو کچھ اُس کے پاس ہو وہ سب خرچ کر دے اور اپنے پاس کچھ بھی نہ رکھے۔ گویا قرآن کریم تو کہتا ہے کہ سچا مسلمان وہ ہے جو اسراف نہ کرے اور آج کل کے لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ سچا مسلمان وہ ہوتا ہے جو سب کچھ بیچ کر کھا جائے۔ حضرت خلیفہ اوّل رضی اللہ عنہ سُنایا کرتے تھے کہ ایک شخص کو اپنے باپ کی بہت سی دولت مل گئی۔ اُس نے اپنے دوستوں اور آشناؤں کو بلا کر پوچھا کہ مجھے دولت خرچ کرنے کا کوئی طریق بتاؤ۔ کسی نے کچھ بتایا اور کسی نے کچھ لیکن اسے کوئی پسند نہ آیا۔ ایک دن وہ بازار سے گذر رہا تھا کہ بزاز کی دوکان سے کپڑے پھاڑنے کی آواز آئی جو اُسے پسند آگئی اور اُس نے اپنے نوکروں کو حکم دیا کہ میرے سامنے روزانہ کپڑے کے تھان لالاکر پھاڑا کرو۔ چنانچہ روزانہ اُس نے کپڑوں کے تھان پھڑوانے شروع کر دئیے اور صبح سے شام تک اُس کا یہی شغل رہتا کہ لوگ بیٹھے تھا ن پھاڑ رہے ہیں اور وہ چر چر کی آواز سُن کر خوش ہو رہا ہے۔ اب خرچ کرنے کو تو اُس نے بھی اپنا روپیہ خرچ کیا مگر یہ کیسانامعقول خرچ تھا۔ اس طرح تو اگر کسی کے پاس کروڑوں روپیہ بھی ہو تو وہ سب کچھ خرچ کرکے کنگال اور نادار بن سکتا ہے۔ قرآن کریم نے وَتَاْکُلُوْنَ التُّرَاثَ اَکْلًا لَمَّا (الفجر:20) میں کفّار کو اُن کے اس نقص کی طرف توجہ دلائی ہے کہ تمہیں اپنے باپ دادا سے مال ملا۔ مگر بجائے اس کے کہ تم اُسے ترقی دیتے تم نے اس دولت کو اپنے ذاتی عیش و آرام کے لئے تباہ کر نا شروع کردیا جس کی وجہ سے تمہاری عملی قوتیں بیکار ہو گئیں اور تم تنزل اور انحطاط کا شکار ہو گئے۔ ‘‘

(تفسیر کبیر جلد 9 صفحہ 197-198 جدید ایڈیشن)

سوال جواب از ملاقات

اٹلی کیسا لگا؟

٭.. ایک خادم نے حضورِ انور کی خدمتِ اقدس میں عرض کیا کہ پیارے حضور! 2010ء میں اٹلی کو یہ سعادت نصیب ہوئی کہ حضورِ انور اس ملک میں رونق افروز ہوئے۔ آپ کو اٹلی کیسا لگا اور کیا آپ اٹلی کی جماعت سے خوش ہیں؟

اس پر حضورِ انور نے فرمایا کہ اٹلی کی اس وقت چھوٹی سی جماعت تھی۔ اب بڑی جماعت ہو گئی ہے۔ اب تم لوگوں کو چاہیے کہ جو بڑی جماعت ہو گئی ہے تو اچھے نمونے قائم کرو اور اپنی جماعت کو ایک مثالی جماعت بناؤ۔ یہاں کے لوکل لوگوں کو تبلیغ کرو، مزید احمدی اور مسلمان بناؤتا کہ جماعت پھیلے۔ پھر جماعت کوestablishکرو، وہاں مسجدیں بناؤ اور نیک کام کرو، نیکیوں میں آگے بڑھنے کی کوشش کروجس سے اللہ تعالیٰ خوش ہوتا ہے۔

حضورِ انور نے اللہ تعالیٰ کی رضا کو حقیقی کامیابی کی بنیاد قرار دیتے ہوئے تمام تر توجہ اسی کو راضی کرنے کی کوشش پر مرکوز رکھنے کی تلقین فرمائی کہ اللہ تعالیٰ خوش ہوگاتو ہم بھی خوش ہو جائیں گے۔ بات یہ ہے کہ اللہ کو راضی کرنے کی کوشش کرو۔ جب اللہ خوش ہوگا تو باقی تمہیں سب کچھ مل جائے گا۔

(الفضل انٹرنیشنل 19 نومبر 2026ء)

٭…٭…٭

سیدھے راستے پر چلنا مشکل کیوں ہے؟

٭… گھانا سے تعلق رکھنے والے اور اٹلی میں پیدا ہونے والے ایک ہائی سکول کے طالب ِعلم نے حضورِ انور کی خدمتِ اقدس میں سوال پیش کیا کہ اللہ تعالیٰ نے بنی نوعِ انسان کے لیے راہِ راست پر چلنا اتنا مشکل کیوں بنایا ہے؟

اس پر حضورِ انور نے سب سے پہلے ازراہِ شفقت طالبِ علم سے اس کے تعلیمی پسِ منظر اور سکول میں کارکردگی کے بارے میں محبّت بھرے انداز میں گفتگو فرمائی۔

پھر حضورِانور نے دنیاوی تعلیم کی مثال دیتے ہوئے اس سوال کا حکیمانہ اور دل نشین جواب عطا فرمایا کہ اگر آپ اپنی پڑھائی اور اپنا ہدف حاصل کرنے کے لیے محنت کرتے ہیںتو پھر اللہ تعالیٰ سے یہ توقع کیوں نہیں رکھتے کہ وہ بھی آپ سے محنت کا تقاضا کرے تاکہ وہ آپ کو دین میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے؟ لہٰذا ہر چیز اور ہر اس ہدف کے حصول کے لیے جسے آپ حاصل کرنا چاہتے ہیں محنت درکار ہے۔

اسی طرح حضورِ انور نے دینی درجات کی بلندی، انسانی کوشش اور سکول کی پڑھائی کے مابین گہرا موازنہ پیش کرتے ہوئے بیان کیا کہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ اگر تم محنت کرو گےتو مَیں تمہارے مرتبے، مقام اور دینی درجات کو بلند کروں گا، اور اگر تم ایسا نہیں کرو گے تو تم درمیانے درجے سے بھی نیچے رہو گے اور تمہارے ساتھ ایک درمیانے درجے کے مسلمان جیسا ہی سلوک کیا جائے گا۔

جواب کے آخر میں حضورِ انور نے زندگی کے ہر شعبے میں کامیابی کے لیے محنت کو بنیادی شرط قرار دیتے ہوئے نصیحت فرمائی کہ اگر آپ ایک اچھا مقام حاصل کرنا چاہتے ہیں اور اپنا معیار بلند کرنا چاہتے ہیں، تو آپ کو محنت کرنی ہوگی، بالکل اسی طرح جیسے آپ سکول میں اپنی پڑھائی کے لیے محنت کرتے ہیں۔

(الفضل انٹرنیشنل 19 نومبر 2026ء)

٭…٭…٭

بیت بازی

سلام کے موضوع پردرج ذیل اشعار یاد کریں۔

دیارِ مغرب سے جانے والو! دیار ِمشرق کے باسیوں کو

کسی غریب الوطن مسافر کی چاہتوں کا سلام کہنا


کتنا خوش نصیب ہوں کہ مَیں

تجھ سے ہو رہا ہوں ہم کلام

اِک غلام خیرالانبیاء

کا غلام در غلام در غلام

تحفۂ خلوص لایا ہوں

تجھ پہ بھیجتا ہوا سلام

نفرتوں کا مَیں نہیں نقیب

صلح و آشتی کا ہوں پیام

اے عظیم۔ انڈونیشیا

جایا لہ۔ انڈونیشیا


وہ آئے گا تو چاند گہنائے گا

اُسے دیکھ سورج بھی چُھپ جائے گا

اُسے جا کے تم میرا کہنا سلام

کہ ہو گا وہی آخریں کا امام


اُسے دو پیارے نبیؐ کا سلام

یہی تو تھا منشائے خیرالانام


جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

یہ بھی پڑھیں
Close
Back to top button