بچوں کا الفضل

کیوں؟

پیارے بچو! آج کے نئے سوال اور اس کے جواب کے ساتھ حاضر ہیں۔ اور آج کا سوال یہ ہے کہ

پرندے ہجرت کیوں کرتے ہیں؟

پیارے بچو! آپ نے آسمان پر پرندوں کے جھنڈ کو ایک جگہ سے دوسری جگہ جاتے ہوئے ضرور دیکھا ہوگا۔ لیکن کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ یہ پرندے اپنا گھر اور گھونسلہ چھوڑ کر اتنا لمبا سفر کیوں کرتے ہیں؟ آخر یہ ہزاروں میل کا سفر کرکے دوسری جگہ کیوں جاتے ہیں؟

بچو! پرندوں کے ہجرت کرنے کی سب سے بڑی وجہ موسم اور خوراک ہے۔ جب کسی علاقے میں موسم بہت سرد یا بہت گرم ہوجاتا ہے اور پرندوں کے لیے خوراک کم ہوجاتی ہے تو وہ ایسے علاقوں کی طرف سفر کرتے ہیں جہاں موسم ان کے لیے بہتر ہو اور انہیں آسانی سے خوراک مل سکے۔ اس طرح وہ مشکل موسم سے محفوظ رہتے ہیں۔

ایک اور دلچسپ بات یہ ہے کہ بہت سے پرندے اپنے بچوں کی پرورش اور افزائشِ نسل کے لیے بھی ہجرت کرتے ہیں۔ وہ ایسی جگہوں کا رخ کرتے ہیں جہاں گھونسلے بنانے، انڈے دینے اور بچوں کو پالنے کے لیے مناسب ماحول موجود ہو۔ جب موسم دوبارہ تبدیل ہوتا ہے تو یہ پرندے اکثر اپنے پہلے والے علاقوں کی طرف واپس آجاتے ہیں۔

مزے کی بات یہ ہے بچو، کہ بعض پرندے ہجرت کے دوران ہزاروں کلومیٹر کا سفر کرتے ہیں۔ وہ راستہ کیسے تلاش کرتے ہیں؟ سائنس دانوں کے مطابق پرندے، سورج، ستاروں، زمین کے قدرتی نشانات اور زمین کی میگنٹک فیلڈ (Magnetic Field) سے سمت معلوم کرنے میں مدد لیتے ہیں۔ حیرت کی بات ہے کہ بعض پرندے ہر سال تقریباً ایک ہی راستے پر سفر کرتے ہیں۔

پرندوں کے جُھنڈ کو آسمان پر ایک خاص ترتیب سے اڑتے دیکھنا بھی بہت دلچسپ ہوتا ہے۔ بعض پرندے لمبے سفر کے دوران ایک دوسرے کے قریب اڑتے ہیں تاکہ ہوا کی مزاحمت کم ہو اور سفر میں توانائی کی بچت ہوسکے۔ یوں وہ طویل سفر نسبتاً آسانی سے مکمل کرلیتے ہیں۔

تو پیارے بچو! خوب اچھی طرح سمجھ لیں کہ پرندے زیادہ تر موسم کی تبدیلی، خوراک کی تلاش اور اپنی نسل کی بقا کے لیے ہجرت کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے ہر پرندے کو اس کی ضرورت کے مطابق ایسی صلاحیتیں عطا فرمائی ہیں جن کی مدد سے وہ طویل سفر کرکے اپنی منزل تک پہنچ سکتا ہے۔ یہ بھی اللہ تعالیٰ کی قدرت اور کامل حکمت کی ایک خوبصورت نشانی ہے۔

اب آپ کے لیے ایک چھوٹا سا سوال!

بچو! کیا آپ بتا سکتے ہیں کہ کون سا پرندہ ہر سال بہت لمبا ہجرتی سفر کرتا ہے اور دنیا کے طویل ترین پرندوں کے سفروں میں شمار ہوتا ہے؟ اپنا جواب ہمیں ضرور بھیجیں۔ اگلے شمارے میں ہم درست جواب بھی بتائیں گے۔ شاید آپ کا جواب سب سے پہلے درست ہو!

بچو! آپ کو آج کا سوال اور اِس کا جواب کیسا لگا؟ اگر آپ کے ذہن میں کوئی بھی سوال ہو تو ہمیں بھجوائیں۔

ان شاء اللہ ہم آپ کو اُس کا بھی جواب دیں گے۔

آپ کا بھائی،خلیق احمد شرجیل۔ جرمنی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

یہ بھی پڑھیں
Close
Back to top button