متفرق مضامین

احمدی مستورات تبلیغی سرگرمیوں میں کیسے حصہ لے سکتی ہیں؟

حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکی ہدایات و ارشادات کی روشنی میں

(مصباح احمد ۔ جرمنی)

حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ نے عورتوں کی تعلیم و تربیت کی اہمیت کو محسوس کرتے ہوئے لجنہ اماء اللہ کی تنظیم کا قیام فرمایا اور ساتھ ہی لجنہ اماء اللہ کو مختلف مواقع پر ان کی ذمہ داریوں سے بھی آگاہ فرمایا۔ دینی تعلیم کا حصول اور بچوں کی تربیت کے ساتھ ساتھ آپ ؓنے کئی مقامات پر لجنہ ممبرات کو فعال ہو کر تبلیغی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی طرف بھی توجہ دلوائی۔ چنانچہ آپ ؓفرماتے ہیں:میں تم سے پوچھتا ہوں کہ کیا تم نے کبھی تبلیغ کے لئے اپنے دل میں درد محسوس کیا ہے اور کیا کبھی تم نے یہ سمجھنے کی کوشش بھی کی ہے کہ احمدیت میں داخل ہونے کی وجہ سے تم پر کیا کیا ذمہ داریاں عائدہوتی ہیں۔ احمدیت اس کا نام نہیں کہ چند روپے چندہ دے دیا یا منہ پر پانی کے چند چھینٹے ڈالے اور وضو کر کے دو چار سجدے اور رکوع کردئے۔ بلکہ احمدیت اللہ تعالیٰ سے ایسے تعلق کا نام ہے کہ جس کی وجہ سے اللہ تعالیٰ سے بندے کا اتصال ہو جائے اور بندہ اللہ تعالیٰ کے پیاروں اور محبوبوں میں شامل ہو جائے۔ (اوڑھنی والیوں کے لئے پھول، ازحضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ، صفحہ۴۲۵ )
اسی طرح کی ہدایت اور راہنمائی کا سلسلہ خلافت خامسہ کےبابرکت دَورمیں بھی لجنہ اماءاللہ کےلیے جاری ہے۔ ذیل میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی لجنہ اماء اللہ کو تبلیغ کے سلسلہ میں دی گئی ہدایات سے کچھ اقتباسات پیش ہیں۔
عملی نمونہ:عملی نمونے کے ذریعہ تبلیغی میدان میں وسعت پیدا کرنے کی طرف توجہ دلاتے ہوئےحضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز فرماتے ہیں: ایسے نمونے قائم کریں جو اسلام کی حسین تعلیم کے نمونے ہیں تاکہ نئے شامل ہونے والوں کی تربیت بھی ہو سکے اور آپ کے ان نمونوں کی بدولت اورآپ کےان نمونوں کی وجہ سے آپ کے لئے تبلیغی میدان میں بھی وسعت پیدا ہو سکے۔آپ احمدیت اور اسلام کا پیغام بھی آگے پہنچا سکیں۔ آپ کے لئے مزید راستےکھل سکیں جن پر چل کر آپ احمدیت یعنی حقیقی اسلام کا پیغام دنیا کوپہنچائیں گی۔ یاد رکھیں آپ کے نمونوں کو دنیا بڑے غور سے دیکھتی ہے۔آج یہاں ان ملکوں میں مختلف قوموں کے لوگ آباد ہو گئے ہیں … مسلمان ملکوں کے لوگ جو یہاں آئے ہیں ان کو جب آپ تبلیغ کرتی ہیں یامرد تبلیغ کرتے ہیں تو آپ کا اسلام پر عمل اگر ان سے بہتر نہیں ہے تووہ آپ سے سوال کریں گے کہ تم میں ہماری نسبت کیا بہتری ہے؟ اسلام کے مطابق تمہارے کیا عمل ہیں جو ہمارے سے بہتر ہیں؟ پہلے یہ بتاؤ کہ زمانے کے امام کو مان کر تم نے اپنے اندر کیا انقلاب پیدا کیا ہے جو ہمیں کہہ رہی ہو کہ ہم بھی اس امام کو مان لیں۔
حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے ایک جگہ فرمایا ہے کہ ہمارے مرید ہمیں بدنام نہ کریں۔ یہ الفاظ میرے ہیں، کچھ اس قسم کے ملتے جلتے الفاظ ہی ہیں۔ تو دیکھیں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی طرف منسوب ہو کر پھر ایسی باتیں جو اسلام کی تعلیم کے خلاف ہیں ان سے بچنا چاہئے۔ (اوڑھنی والیوں کے لئے پھول، جلد سوم حصہ اوّل، حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز، صفحہ ۳۲۰-۳۲۱ )
تبلیغی ٹیمیں اور تعلیمی اداروں میں تبلیغ:اسی طرح ایک اور جگہ تبلیغی ٹیمیں بنانے، انٹرنیٹ کے ذریعہ تبلیغی رابطوں اور تعلیمی
اداروں میں تبلیغ کے بارے میں ہدایات دیتے ہوئے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزفرماتے ہیں کہ لجنہ کے تبلیغ کے شعبہ کو چاہیے کہ ایسی عورتوں اور بچیوں کی ٹیمیں بنائیں اور ان کو تبلیغ کے لئے استعمال کریں۔ لیکن ایک بات واضح طورپر ذہن میں رکھنی چاہیے کہ لڑکیوں کے تبلیغی رابطے صرف لڑکیوں سے ہونے چاہئیں یا عورتوں سے ہونے چاہئیں۔ بعض لوگوں کے انٹرنیٹ کے ذریعے سے تبلیغ کے رابطے ہوتے ہیں اور انٹرنیٹ کے تبلیغی رابطے بھی صرف لڑکیوں اور عورتوں سے رکھیں۔ مردوں کا جو تبلیغ کاحصہ ہے وہ مردوں کے حصے رہنے دیں کیونکہ اس میں بعض دفعہ بعض قباحتیں پیدا ہوتی ہیں…پھر جو بچیاں کالجوں اور یونیورسٹیوں میں پڑھ رہی ہیں وہ بغیر کسی جھجک کے، شرم کے یا احساس کمتری کاشکار ہوئے، اپنے بارے میں، اسلام کے بارے میں اپنی طالبات سے بات چیت کریں۔ اپنے بارے میں بتا دیں کہ ہم کون ہیں پھر اس طرح اسلام کاتعارف ہوگا۔“ (خطاب از مستورات جلسہ سالانہ آسٹریلیا ۱۵؍اپریل ۲۰۰۶ء، ماخوذ از کتابچہ سوشل میڈیا ، شائع کردہ لجنہ سیکشن مرکزیہ، صفحہ ۵۷-۵۸ )
اسی طرح جلسہ سالانہ برطانیہ ۲۰۲۶ء کے موقع پر مستورات سے خطاب کرتے ہوئےتبلیغ کےمیدان میں مردوں کے برابر کوشش کرنے اور علم و عرفان میں ترقی کرنے کی طرف توجہ دلاتے ہوئے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز فرماتے ہیں کہ پس عورتوں کو بھی اس زمانے میں تبلیغ کے لیے اسی طرح کوشش کرنی چاہیے جس طرح مردوں کو کرنی چاہیے اور یہی آج کل کا جہادہے۔ قرآن کریم نے یہ کہیں نہیں لکھا، اللہ تعالیٰ نے کہیں یہ نہیں فرمایا، یا آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم یا حضرت مسیح موعودعلیہ الصلوٰۃ والسلام نے یہ نہیں فرمایاکہ عورتیں تبلیغ کے میدان میں نہیں آئیں گی۔ عورتیں تبلیغ کے میدان میں آتی ہیں اور علم حاصل کرتی ہیں۔ اب حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کی ہم مثال دیتے ہیں، اکثر ان سے لوگ علم حاصل کرتے تھے اور بہت ساری قرآنی آیات کی تفسیر، ان کی وضاحت اور تشریح اور بہت ساری احادیث کی تفسیر، وضاحت اور تشریح حضرت عائشہؓ نے بیان کی۔ وہاں صحابہؓ کو نہیں سمجھ آتی تھی تو آپ بیان فرماتی تھی، وہ باتیں کھل کر ہمارے سامنے آ گئیں آپ کی وضاحت کی وجہ سے۔ پس عورتوں کوچاہیے کہ اپنے علم میں اضافہ کریں اور صرف یہ نہ دیکھیں کہ ہر جواب ان کو مردوں کی طرف سے ملے گا بلکہ خود ان کو علم و عرفان میں اتنی ترقی کرنی چاہیے کہ وہ علمی اور روحانی باتوں میں مردوں سے آگے نکلنے والی ہوں، نہ صرف یہ کہ برابر ہوں اور جب یہ ہوگا تو تبھی آپ اپنی نسلوں کی بھی صحیح طور پر تربیت کر سکیں گی۔ (خطاب حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز برائےمستورات برموقع جلسہ سالانہ برطانیہ ۲۵؍جولائی ۲۰۲۶ء)
قلم کا جہاد اور جدید ذرائع ابلاغ: حضورانورایدہ اللہ تعالیٰ مزیدفرماتےہیں: اگر آج مسیح موعود علیہ السلام کی بعثت کے بعد تلوار کا جہاد منسوخ ہوچکا ہے تو اس کی جگہ آپؑ نے قلم کے جہاد کا اعلان فرمایا ہے۔ قلم کےجہاد کے ساتھ ساتھ آج کل الیکٹرانک میڈیا ہے، مختلف ذرائع ہیں جہاں سے اسلام اور احمدیت پر حملے کیے جاتے ہیں۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی ذاتِ مبارکہ پر حملے کیے جاتے ہیں، قرآنِ کریم اور اللہ تعالیٰ کی ہستی پر حملے کیے جاتے ہیں۔ آج ان حملوں کی تعداد پہلے سے بہت بڑھ گئی ہے۔ تو ان حملوں کو پسپا کرنے کے لیے جہاں مردوں کو اپنی طاقتیں صرف کرنے کی ضرورت ہے، وہاں عورتوں کو بھی اپنی تمام توانائیاں اور صلاحیتیں بروئے کار لانے کی ضرورت ہے… انٹرنیٹ اورفیس بک اور دیگر ویب سائٹس میں داخل ہونا اپنے مزے، وقت گزاری اورفَن کے لیے نہ ہو بلکہ ایک درد کے ساتھ ہو، جس طرح قرونِ اولیٰ کی مسلمان عورتوں نے اپنی ذمہ داری کو ادا کرتے ہوئے اپنے فرائض اداکرنے کی کوشش کی اور اپنی جان تک اس مقصد کے حصول کے لیےلگا دی… آج وہ جان لڑانے کا وقت ہے، اپنی تمام تر صلاحیتوں کے ساتھ دشمن کے ہر حملے کو پاش پاش کرنے کا وقت ہے۔ لڑکیاں اور پڑھی لکھی عورتیں اس کام کے لیے اپنے آپ کو جماعت کے نظام کے آگےپیش کریں۔آپ مزید فرماتے ہیں کہ پس نئے ذرائعِ ابلاغ، الیکٹرانک ذرائع کا استعمال آج کل کی نوجوان نسل کو زیادہ آتا ہے۔ پس نوجوان نسل کو بھی کہتا ہوں کہ آگے آئیں اوراس جہاد میں اتر جائیں۔ ذاتی خواہشات کو پسِ پشت ڈال دیں… دین سیکھیں اور دین کو پھیلائیں… پس ہماری عورتوں اور لڑکیوں کو چاہیے کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی کتب اور اقتباسات پڑھیں جن کاانگریزی میں ترجمہ موجود ہے۔ جن کو اردو پڑھنی نہیں آتی وہ انگریزی میں پڑھیں… اور کوشش کریں کہ اس کے علاوہ بھی علم حاصل کریں اور ان اعتراضات کے جواب دیں جو آج کل اسلام پر اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات پر ہو رہے ہیں، اور دشمن کے خلاف ایک ننگی تلوار بن کر کھڑی ہو جائیں۔ (خطاب سالانہ اجتماع لجنہ اماء اللہ برطانیہ ۳؍اکتوبر۲۰۱۰ء، روزنامہ الفضل ۲۹؍نومبر ۲۰۱۰ء)
پس بحیثیت لجنہ اماء اللہ یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ان زریں ہدایات کو اپنے لیے مشعل راہ بنائیں، اپنے عملی نمونے سے اسلام کی حسین تعلیم کو پیش کریں اور اپنے دینی علم میں اضافہ کرتے ہوئے ذاتی رابطوں، وقف عارضی، تعلیمی اداروں اور جدید ذرائع ابلاغ کے ذریعہ تبلیغ کے میدان میں بھرپور حصہ لیں۔ اگر ہم دعاؤں کے ساتھ، حکمت اور درد دل کے ساتھ اس فریضہ کو ادا کریں گی۔ تو ان شاء اللہ ہماری یہ کوششیں نہ صرف ہمارے لیے بلکہ ہماری آئندہ نسلوں کی تربیت کے لیے بھی بابرکت ثابت ہوں گی۔ اللہ تعالیٰ ہمیں خلیفہ وقت کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے اس ذمہ داری کو احسن رنگ میں ادا کرنے کی توفیق عطافرمائے۔ آمین

مزید پڑھیں: جلسہ سالانہ جماعت احمدیہ برطانیہ 2023ء کے موقع پر مستورات کے اجلاس سے سیدنا امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ کا بصیرت افروز خطاب

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button