بچوں کا الفضل

گلدستہ معلومات

حکایت

ایمان بالغیب کی برکات

حضرت مصلح موعودؓ فرماتے ہیں کہ ’’حضرت مسیح موعود علیہ السلام سے میں نے ایک واقعہ سنا ہوا ہے۔کہ ہارو ن الرشید نے امام موسیٰ رضا ؒ کو کسی وجہ سے قید کردیا۔اور اُن کے ہاتھوں اور پاؤں میں رسیّاں باندھ دی گئیں۔اُس زمانہ میں سپرنگ دار گدیلے تو نہ تھے۔عام روئی کے گدیلے ہوتے تھے۔ہارون الرشید اپنے محل میں آرام دہ گدیلوں پر سویا ہوا تھا کہ اُس نے خواب میں دیکھا کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم تشریف لائے ہیں۔اور آپؐ کے چہرہ پر غضب کے آثار ہیں۔آپؐ نے فرمایا۔ہارون الرشید! تم ہم سے محبت کا دعویٰ کرتے ہو۔مگر تمہیں شرم نہیں آتی کہ تم تو آرام دہ گدیلوں پر گہری نیند سور ہے ہو۔اور ہمارا بچہ شدّت گرما میں ہاتھ پائوں بندھے ہوئے قید خانہ کے اندر پڑا ہے یہ نظارہ دیکھ کر ہارون الرشید بیتاب ہو کر اُٹھ بیٹھا۔اور ایک کمانڈر کو ساتھ لے کر اُسی جیل خانہ میں گیا اور اپنے ہاتھ سے اُن کے ہاتھوں اور پاؤں کی رسیا ں کھولیں۔انہوں نے ہارون الرشید سے کہا۔آپ تو اتنے مخالف تھے اب کیا بات ہوئی کہ خود چل کر یہاں آگئے۔ہارون الرشید نے اپنا خواب سنایا اور کہا میں آپ سے معافی چاہتا ہوں۔میں اصل حقیقت کو نہ جانتا تھا۔اب دیکھو اس زمانہ میں اور رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم اور حضرت علیؓ کے زمانہ میں کتنا بڑا فاصلہ تھا۔ہم نے کئی بادشاہوں کی اولادوں کو دیکھا ہے کہ وہ دربدر دھکے کھاتی پھرتی ہیں میں نےخود دلّی میں ایک سقّہ دیکھا جو شاہانِ مغلیہ کی اولاد میں سے تھا۔وہ لوگوں کو پانی پلاتا پھرتا تھا مگر اُس میں اتنی حیا ضرور تھی کہ مانگتا کچھ نہ تھا۔دوسری طرف حضرت علی ؓ کی اولاد کو دیکھو کہ اتنی پشتیں گزرنے کے بعد بھی خدا تعالیٰ ایک بادشاہ کو رئویا میں ڈراتا ہے۔اور اُن سے حُسن سلوک کرنے کی تاکید کرتا ہے۔اگر حضرت علیؓ کو اس اعزاز کا پتہ ہوتا اور اُن کو غیب کا علم حاصل ہوتا اور وہ محض اس عزت افزائی کے لئے اسلام قبول کرتے تو ان کا ایمان صرف سودا اور دوکانداری رہ جاتا۔کسی انعام کا موجب نہ بنتا۔‘‘

(ملفوظات حضرت مسیح موعود علیہ السلام جلد 5صفحہ 493)

(بحوالہ تفسیر کبیر جلد 9 صفحہ 270،271)

٭…٭…٭

سوال جواب از ملاقات

دعوت کا درست طریق

٭.. ایک بچے نے سوال کیا آج کل سکول میں سب پارٹی کرتے ہیں۔ مجھ سے جب کوئی پوچھے کہ تم کیوں نہیں کرتے، تومیرا جواب کیا ہونا چاہئے؟

اس پرحضور انور نے فرمایا:کس نے کہا ہے کہ نہ کرو۔ برتھ ڈے(Birthday) پارٹیز منع کی ہوئی ہیں، ان کے علاوہ اپنے دوستوں کو بلاؤ، دعوت ان کی کرو۔ برتھ ڈے ہم نہیں مناتے۔ ہمارا طریقہ منانے کا الگ ہے جو میں کئی مرتبہ بتا چکا ہوں۔ تم اپنے دوستوں کو بلانے کی بجائے، کیک کاٹنے اور وقت ضائع کرنے اور پیسے لگانے اور مغرب عشاء کی نماز بھی چھوڑ دینے سے بہتر ہے کہ کسی صدقہ میں پیسے دو۔Save the Children Charityہے، اور دوسری Charityبھی ہے جو یتامیٰ کو پالتے ہیں، دوسرے بچوں کو تعلیم دلاتے ہیں۔ دو نفل پڑھو کہ اللہ تعالیٰ نے تمہیں توفیق دی۔ وقفِ نو کو تو خاص طور پر یہ کرنا چاہئے کہ اللہ تعالیٰ نے مجھے یہ توفیق دی کہ میرا ایک سال اچھا گزر گیا۔ آئندہ بھی اللہ گزارے اور مجھے نیکیوں پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اس طرح سے اپنی برتھ ڈے مناؤ۔ تم کہو کہ ہم اس طرح مناتے ہیں۔ ہاں ایک دوسرے کی دعوت کرنی چاہئے، اس میں کوئی حرج نہیں۔ بلکہ آنحضور صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا کہ دعوتیں کرو اور دعوتیں قبول کرو، اس سے محبت بڑھتی ہے۔ یہ نہیں کہ اپنے آپ کو دنیا سے الگ تھلگ کرلو۔ ہم نے اپنے آپ کو الگ نہیں کرنا۔ دنیا میں رہنا ہے لیکن اپنی دین کی خوبیاں بتا کر رہنا ہے۔ دوستی بڑھاؤگے تو تبھی تمہاری کوئی بات سنے گا۔ تبھی تم تبلیغ کرسکوگے۔

(الفضل انٹرنیشنل 09؍دسمبر2016ء)

٭…٭…٭

عربی سیکھنے کا بہترین طریقہ

٭… ایک طالب علم نے سوال کیا۔ عربی سیکھنے کا بہترین طریقہ کیا ہے؟

اس پر حضور انور نے فرمایا کہ سب سے بہترین طریقہ یہ ہے کہ بول چال کرو۔ تمہارے ایک عرب استاد بھی یہاں آ گئے ہیں۔ حضور نے استاد کو دیکھ کر فرمایا کہ آپ عرب ہیں؟ آج آپ پاکستانی لگ رہے ہیں۔ پھر فرمایا کہ اپنے اُستاد سے عربی بولا کرو۔ عربی کا پرانا سلیبس بڑا مشکل تھا۔ میں نے اسے دیکھا تھا۔ اس سے زبان بھی نہیں آسکتی تھی۔ اس لئے میں نے ممہدہ اور اولیٰ میں نیا سلیبس بھیجا تھا۔ میں نے دیکھا ہے کہ یوکے کے جامعہ میں شروع کروا کر فائدہ ہوا ہے۔ اس کے علاوہ بھی بعض بچے جو جامعہ میں نہیں تھے لیکن شوق رکھتے تھے۔ انہوں نے بھی اس سے فائدہ اٹھایا۔ بعض بچے جی سی ایس سی کرکے انہوں نے صرف ایک ڈیڑھ مہینہ عربی سلیبس پڑھا اور اچھے بھلے عربی کے فقرے بنا لیتے ہیں بلکہ عربوں سے بولتے بھی ہیں۔ میں نے ان کی ڈیوٹی عربوں کے ساتھ لگائی تھی جلسے کے دنوں میں، ایک دو بچوں کی ، تو وہ عرب کہہ رہے تھے کہ یہ بڑے اعتماد سے اور صحیح طرح سے عربی بول رہے تھے۔ ایک اعتماد ہونا چاہئے اور دوسرا جرأت ہونی چاہئے۔ پھر ایک شوق بھی ہونا چاہئے، یہ ساری چیزیں ہوں گی تو عربی آ جائے گی۔ بلکہ کوئی بھی زبان آ جائے گی۔

(الفضل انٹرنیشنل 09؍دسمبر2016ء)

٭…٭…٭

بیت بازی

درج ذیل اشعار یاد کریں۔

عقل کو دین پہ حاکم نہ بناؤ ہر گز
یہ تو خود اندھی ہے گر نیّرِِ الہام نہ ہو


جو صداقت بھی ہو تم شوق سے مانو اس کو

علم کے نام سے پر تابعِ اَوہام نہ ہو


وہ علم دے جو کتابوں سے بے نیاز کرے

وہ عقل دے کہ دو عالم میں سرفراز کرے


وہ علم و معرفت وہ فراست نہیں رہی

وہ فکر وہ قیاس وہ حکمت نہیں رہی


مال سے ہے جیب خالی علم سے خالی ہے سر

یادِ خالق سے ہے غفلت رہتی ہے فکرِ دِگر


اُدھر مال و دولت اِدھر علم و حکمت

اُدھر بے لگامی اِدھر حق سے بیعت


جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

یہ بھی پڑھیں
Close
Back to top button