آدابِ ملاقات:سلام میں پہل
محمود: دادی جان! کہانی سنائیں ناں۔ میں نے تو کہانی سننی ہے۔
دادی جان: السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ! پہلے باہر جاؤ اور سلام کہہ کر اندر آؤ۔
محمود: (شرمندگی محسوس کرتے ہوئے باہر جاتا ہے، پھر دروازے پر آ کر کہتا ہے) السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ!
دادی جان، احمد اور گڑیا: وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ!
احمد: دادی جان! آپ نے محمود کو باہر کیوں بھیجا؟ اُسے یہیں سے سلام کرنے کا کہہ دیتیں۔
دادی جان: بیٹا! ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفیٰﷺ نے ہمیں سکھایا ہے کہ جب کسی کے گھر یا مجلس میں داخل ہوں تو پہلے سلام کریں اور اجازت لے کر اندر آئیں۔ ایک مرتبہ ایک صحابی رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئے اور سلام کہے بغیر اندر آگئے۔ رسول اللہ ﷺ نے انہیں واپس جانے اور پہلے السلام علیکم کہنے کی ہدایت فرمائی۔ یوں آپ ﷺ نے اجازت سے قبل السلام علیکم کہنے کی تلقین فرمائی۔
گڑیا:احمد بھائی! اسلام میں سلام کرنا بھی ایک باقاعدہ ادب ہے۔
دادی جان: بالکل بیٹا! اور آج میں تمہیں بتاؤں گی کہ ہمارے پیارے امام حضرت مسیح موعود علیہ السلام بھی سلام کرنے اور اس کے آداب کا کس قدر خیال رکھتے تھے۔
محمود: دادی جان! کیا آپ کے پاس اس بارے میں کوئی واقعہ ہے؟
دادی جان: جی ہاں! ایک مرتبہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے میاں معراج دین صاحب لاہوری اور بعض دوسرے احباب کو ایک علمی کام سپرد فرمایا۔ اس سلسلے میں میاں معراج دین صاحب چھوٹی چھوٹی پرچیوں پر سوال لکھ کر حضورؑ کی خدمت میں بھیجتے اور حضورؑ ان کے جواب میں مطلوبہ کتاب یا حوالہ تلاش کرنے کی ہدایت فرماتے۔ ایک مرتبہ میاں معراج دین صاحب نے جلدی میں ایک پرچی بھیجی اور اس پر السلام علیکم نہیں لکھا۔ جب حضورؑ نے جواب تحریر فرمایا تو اس کے آغاز میں انہیں توجہ دلائی کہ آپ کو السلام علیکم لکھنا چاہیے تھا۔
احمد: دادی جان! لیکن یہ تو بہت چھوٹی سی بات تھی۔ کیا اس پر بھی توجہ دلانا ضروری تھا؟
دادی جان: بیٹا! یہی تو ہمارے پیارے امامؑ کی تربیت کا خوبصورت انداز تھا۔ آپؑ چاہتے تھے کہ جماعت کا ہر فرد چھوٹی سے چھوٹی بات میں بھی آداب کا خیال رکھے۔ کیونکہ جب انسان چھوٹی چھوٹی باتوں میں ادب کا خیال رکھتا ہے تو اس کی زندگی میں بھی پاکیزگی اور احترام پیدا ہوتا ہے۔
گڑیا: کیا حضرت مسیح موعودؑ خود بھی اپنے خطوط میں سلام لکھتے تھے؟
دادی جان: جی ہاں! آپؑ کے خطوط میں بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم اور السلام علیکم تحریر ہوتا تھااور آخر میں دستخط کے ساتھ تاریخ بھی درج فرماتے تھے۔ آپؑ کو خط لکھتے ہوئے سلام لکھنے کی اتنی عادت تھی کہ ایک مرتبہ ایک ہندو مخالف کو خط لکھتے ہوئے بھی آپؑ کے ہاتھ سے بے اختیار السلام علیکم لکھا گیا۔ آپؑ نے اسے کاٹ دیا مگر دوبارہ لکھنے لگے تو پھر سلام لکھ دیا۔ آخر آپؑ نے نیا کاغذ لیا اور احتیاط سے خط تحریر فرمایا۔
گڑیا: (مسکراتے ہوئے) دادی جان! یعنی سلام لکھنے کی عادت اتنی پختہ تھی کہ بے اختیار قلم سے نکل جاتا تھا!
دادی جان: جی بیٹا! جب کوئی اچھی عادت پختہ ہو جائے تو وہ انسان کے ہر کام میں نظر آتی ہے۔
احمد: دادی جان! کیا حضورؑ صرف خطوط میں ہی سلام کا خیال رکھتے تھے یا ملاقات کے وقت بھی؟
دادی جان: ارے بیٹا! ملاقات کے وقت بھی آپؑ اس کا بہت خیال رکھتے تھے۔ قاضی محمد یوسف صاحبؓ بیان کرتے ہیں کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام اگر چند لمحوں کے لیے بھی جماعت سے اٹھ کر گھر تشریف لے جاتے اور پھر واپس آتے تو جاتے وقت بھی السلام علیکم کہتے اور واپس آتے ہوئے بھی سلام کرتے۔
گڑیا: یعنی ہمیں چند لمحوں کے لیے بھی دور ہونے پر سلام کرنا چاہیے؟
دادی جان: جی ہاں! اسی طرح محترم خواجہ عبدالرحمٰن صاحب بیان کرتے ہیں کہ جب کوئی شخص حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو السلام علیکم کہتا تو آپؑ عموماً اس کی طرف نگاہ اٹھا کر دیکھتے اور محبت سے سلام کا جواب دیتے۔
محمود: دادی جان! کیا حضورؑ بچوں اور چھوٹوں سے بھی اتنی ہی محبت سے ملتے تھے؟
دادی جان: بالکل! ایک اور صحابی حضرت میر شفیع احمد صاحب محقق دہلوی ایک واقعہ بیان کرتے ہیں کہ وہ جب بھی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو باہر تشریف لاتے دیکھتے تو دوڑ کر سلام کرتے اور مصافحہ کے لیے ہاتھ بڑھاتے۔ حضورؑ فوراً اپنا ہاتھ ان کے ہاتھ میں دے دیتے۔ وہ حضورؑ کے ہاتھ کو چومتے، آنکھوں سے لگاتے اور سر پر پھیرتے۔ یہ عمل وہ دن میں کئی کئی مرتبہ کرتے مگر حضورؑ نے کبھی انہیں منع نہیں فرمایا اور نہ ہی ان کی محبت کو ناپسند کیا۔
احمد: کتنی شفقت فرماتے تھے حضورؑ!
دادی جان: جی بیٹا! آپؑ لوگوں کی محبت اور جذبات کا بہت خیال رکھتے تھے۔
گڑیا: دادی جان! کرونا کے دنوں میں تو ہم مصافحہ نہیں کرتے تھے ناں؟
دادی جان: جی ہاں! طاعون کے زمانہ میں بھی یہی طریق تھا۔ لیکن حضرت مسیح موعودؑ بعض اوقات اپنے احباب کی دلداری فرماتے تھے۔ حضرت میاں فضل محمد صاحبؓ ایک واقعہ بیان کرتے ہیں کہ ایک مرتبہ وہ اپنی بیوی کو ساتھ لے کر قادیان آئے۔ جب ان کی بیوی اندر گھر میں داخل ہونے لگیں تو دربان شادی خان صاحب نے انہیں روک دیا۔ اس زمانے میں اردگرد کے بعض دیہات میں طاعون پھیلی ہوئی تھی اور اسی وجہ سے اندر جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی تھی۔ کچھ دیر بعد حضرت مسیح موعود علیہ السلام باہر تشریف لائے۔ میاں فضل محمد صاحبؓ نے حضورؑ کو سلام کیا اور مصافحہ کیا۔ حضورؑ نے پوچھا کہ آپ یہاں کیوں کھڑے ہیں؟انہوں نے عرض کیا کہ حضور! شادی خان اندر جانے کی اجازت نہیں دیتا۔
یہ سن کر حضورؑ نے فرمایا:آؤ میرے ساتھ چلو۔ اور آپؑ انہیں اپنے ساتھ اندر لے گئے۔
احمد: دادی جان! آج تو ہمیں بہت سی باتیں معلوم ہوئیں۔ سلام کرنا صرف ایک رسم نہیں بلکہ اسلامی تعلیم اور محبت کا اظہار ہے۔
دادی جان: بالکل درست! سلام کرنے سے محبت بڑھتی ہے، دلوں میں قربت پیدا ہوتی ہے اور انسان دوسروں کے لیے امن اور خیرخواہی کا پیغام دیتا ہے۔
گڑیا: تو پھر ہمیں بھی چاہیے کہ گھر میں داخل ہوتے وقت، کسی سے ملتے وقت اور رخصت ہوتے وقت لازمی سلام کریں۔
دادی جان: شاباش! اور ایک بات ہمیشہ یاد رکھنا، سلام کرنے میں پہل کرنے والا بھی بہت خوبصورت اخلاق کا مظاہرہ کرتا ہے۔ اس لیے کبھی یہ نہ سوچنا کہ دوسرا پہلے سلام کرے گا تو میں جواب دوں گا۔
محمود: ان شاء اللہ! اب سے میں بھی گھر میں داخل ہوتے وقت سب سے پہلے سلام کیا کروں گا۔
دادی جان: اللہ تعالیٰ تم سب کو اسلامی آداب اپنانے اور اپنے پیارے نبی ﷺ اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے پاک نمونے پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔
چلیں اب سونے کے لیے جائیں۔
بچے سلام کہہ کر باہر چلے گئے۔ چند لمحے بعد محمود نے دروازے سے سر نکال کر پھر کہا: السلام علیکم دادی جان۔
دادی جان نے مسکرا کر جواب دیا: وعلیکم السلام محمودمیاں!
(ابو الفارس محمود)
٭…٭…٭
(نوٹ: یہ تمام روایات سیرت المہدی سے لی گئی ہیں۔)
