مجلس خدام الاحمدیہ نائیجیریا کے سالانہ نیشنل اجتماع کا انعقاد
محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس خدام الاحمدیہ نائیجیریا کو اپنا گولڈن جوبلی اجتماع مورخہ ۱۹ تا ۲۱؍اپریل ۲۰۲۴ء گورنمنٹ گرلز سیکنڈری سکول ابوجا میں منعقد کرنے کی توفیق حاصل ہوئی۔
اس اجتماع کا مرکزی موضوع ’’خدمت انسانیت‘‘ تھا۔ دوران اجتماع مختلف لیکچرز سمیت عطیات خون، نمائش اور دیگر پروگرامز منعقد کیے گئے۔ اس کے علاوہ مختلف تعلیمی مقابلہ جات کا انعقاد بھی کیا گیا جن میں تلاوت قرآن، مقابلہ تقاریر، حفظ قصیدہ اور پیغام رسانی شامل تھے۔ اسی طرح ورزشی مقابلہ جات کا انعقاد بھی کیا گیا جن میں کراٹے، پنجہ آزمائی، فٹ بال اور دیگر مقابلہ جات شامل تھے۔
اس اجتماع کا خاص پروگرام ابوجا کے آڈیٹوریم میں منعقد کیا جانے والا سمپوزیم تھا جس میں شامل ہونے کےلیے تقریباً ڈیڑھ کلومیٹر کے فاصلے سے مجلس خدام الاحمدیہ کے اراکین منظم طور پر مارچ کرتے ہوئے شامل ہوئے۔ اس سمپوزیم کی صدارت مکرم الحاجی عبدالعزیز Alatoye صاحب امیر جماعت احمدیہ نائیجیریا نے کی۔ دوران سمپوزیم صدر مجلس خدام الاحمدیہ مکرم عبد الرقیب صاحب نے گذشتہ پچاس سال میں حاصل ہونے والی کامیابیوں اور سرگرمیوں کا ذکر کیا۔ اس پروگرام میں مختلف معروف شخصیات نے شرکت کی جن میں پاکستانی ہائی کمشنر اور فیڈرل منسٹر آف انوائرنمنٹ شامل تھے۔انہوں نے مجلس خدام الاحمدیہ کے ڈسپلن کو بہت سراہا۔
مکرم امیر صاحب نے مجلس خدام الاحمدیہ کی کاوشوں کی تعریف کی۔ اجتماع میں صدر مجلس خدام الاحمدیہ یوکے کی نمائندگی ممبران مجلس عاملہ مکرم فرہاد احمد صاحب مہتمم اطفال یوکے اور مکرم عثمان شہزاد بٹ صاحب مہتمم تربیت یوکے نے کی۔ اسی طرح صدر مجلس خدام الاحمدیہ گھانا بھی اجتماع میں شریک ہوئے اور مجلس خدام الاحمدیہ ٹوگو اور کیمرون کے ممبران نے بھی شرکت کی۔
(رپورٹ: راجہ اطہر قدوس۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)