حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ کی مصروفیات 25 فروری تا 07؍مارچ 2019
*…مورخہ 25فروری تا 07مارچ 2019ءکے دوران حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکی گوناگوں مصروفیات کے علاوہ دیگر امور کی ایک جھلک ہدیۂ قارئین ہے:
*…25؍فروری بروز سوموار: حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے آج ایک دفتری ملاقات کے بعد اسلام آباد (ٹلفورڈ) میں ہونے والی نئی تعمیرات کے معائنہ کی غرض سے سفر اختیار فرمایا۔ حضورِ انور نے نماز ظہر و عصر اسلام آباد میں ادا کیں اور پھر لندن واپسی ہوئی ۔
*…یکم مارچ بروزجمعۃ المبارک: حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے مسجد بیت الفتوح مورڈن میں خطبہ جمعہ ارشاد فرمایا جو ایم ٹی اے کے مواصلاتی رابطوں نیز یو ٹیوب اور دیگر میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعہ ساری دنیا میں سنا اور دیکھا گیا۔ حضور انور نے اپنے خطبہ جمعہ میں اطاعت اور اخلاص و وفا کے پیکر چند بدری صحابہ رضوان اللہ علیہم اجمعین کی سیرتِ مبارکہ کا دلنشین تذکرہ فرمایا۔
(اس خطبہ جمعہ کا خلاصہ اسی شمارہ میں ملاحظہ کیجیے )
دنیا بھر کے مختلف علاقوں میں مختلف قوموں سے تعلق رکھنے والے احباب کے استفادہ کے لئے امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ کے خطبات جمعہ و خطابات کا باقاعدگی کے ساتھ اردو کے علاوہ سات زبانوں میں رواں ترجمہ ایم ٹی اے پر براہِ راست نشر کیا جاتا ہے۔ ان زبانوں میں عربی، انگریزی، بنگلہ، جرمن، فرنچ، سواحیلی اور انڈونیشین شامل ہیں۔ جبکہ ایم ٹی اے افریقہ پر الگ سے انگریزی کے افریقی لہجہ (accent) میں بھی ترجمہ نشر کیا جاتا ہے۔
٭…آج 5بجے مجلس خدام الاحمدیہ یوکے کی عمومی ٹیم نے اپنے پیارے امام کے ساتھ گروپ فوٹو بنوانے کا اعزاز پایا۔ اسی طرح حضور ِ انور نے ریفریشر کورس مبلغین جماعت احمدیہ یو کے میں شامل ہونے والے احباب کو شرف ملاقات عطا فرمایا۔ حضور انور نے مبلغین سے مختلف امور کی بابت جائزہ لیا ، ان کو نصائح فرمائیں اور ان کے سوالات کے جوابات بھی عطا فرمائے ۔ بعد ازاں ان شاملین نے اپنے پیارے امام کے ساتھ گروپ فوٹو بنوانے کا اعزاز پایا۔ یاد رہے کہ آج مبلغین کرام کے ریفریشر کورس کا آخری دن تھا۔
*…3 مارچ بروز اتوار: حضور انور نے مسجد فضل لندن میں نمازِ عصر پڑھانے کے بعد عزیزہ عائشہ سارہ ہاشم بنت مکرم محمد اکبر راجہ صاحب (لندن) کے نکاح کا اعلان ہمراہ مکرم ربیب احمد مرزا (مربی سلسلہ آئر لینڈ) ابن مکرم ظفر محمود مرزا صاحب فرمایا اور اس نکاح کے بابرکت ہونے کے لئے دعا کروائی۔ نیزفریقین کو شرف مصافحہ بخشا اور مبارکباد دی۔
٭…آج شام فیملی ملاقاتوں کے بعد حضورانور سید احسان احمد صاحب (مربی سلسلہ۔ایڈیشنل وکالت اشاعت (طباعت))اور عزیزہ حانیہ فرزانہ اختر بنت مکرم محمد سعید اختر صاحب کی دعوت ولیمہ میں شرکت کے لئے مسجد ‘بیت الفتوح ’ تشریف لے گئے۔ حضور انور نے نمازِ عشاء مسجد بیت الفتوح میں پڑھائی۔ اور پھر دعوتِ ولیمہ کو رونق بخشی۔
*…07؍مارچ بروزجمعرات: حضور انور نے نمازِ ظہر سے قبل مسجد فضل لندن کے باہر تشریف لا کرمکرم راجہ محمد حسین صاحب بیت الفتوح ایسٹ کی نماز جنازہ حاضر پڑھائی اور پسماندگان سے ملاقات فرمائی۔ نیز 4نماز جنازہ غائب بھی پڑھائے۔
ملاقات حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز
اس ہفتہ کے دوران حضورِ انور نے چار روز دفتری جبکہ چھ روز ذاتی ملاقاتیں فرمائیں۔ متعدد افسرانِ صیغہ جات، جماعت کے بعض مرکزی رسائل و جرائد کے مدیران اور دیگر احباب نے حضورِ انور سے اپنی دفتری ملاقاتوں میں ہدایات اور رہنمائی حاصل کی۔
اس عرصہ کے دوران102؍فیملیز اور58؍ احباب نے انفرادی طور پرحضورِ انور سے شرفِ ملاقات کی سعادت پائی۔اپنے آقا سے ملاقات کے لئے حاضر ہونے والے ان احبابِ جماعت کا تعلق14؍ ممالک سے تھا جن میں امریکہ ، کینیڈا، گوئٹے مالا ، نائیجیریا، جرمنی، سویڈن ، ہالینڈ، فرانس، بلغاریہ، پاکستان، سوئیٹزرلینڈ، بیلجیئم ،آسٹریلیا اوریوکے شامل ہیں۔
اَللّٰھُمَّ أَیِّدْ اِمَامَنَا بِرُوْحِ الْقُدُسِ
وکُنْ مَعَہٗ حَیْثُ مَا کَانَ وَانْصُرہُ نَصْرًا عَزِیْزًا