فری ٹاؤن، سیرالیون کی دو جماعتوں میں تقریب آمین کا انعقاد
مکرم منیر حسین صاحب ریجنل مبلغ ویسٹرن ریجن، سیرالیون تحریر کرتے ہیں کہ مورخہ ۱۶؍ نومبر ۲۰۲۵ء کو فری ٹاؤن کی جماعت ایلن ٹاؤن میں قرآن کریم کا پہلا دور مکمل کرنے والے ۵؍اطفال، ۲؍ناصرات اور ایک ممبر لجنہ اماءاللہ کی پُروقار تقریب آمین منعقدہوئی۔ اسی طرح مورخہ ۲۰؍ دسمبر ۲۰۲۵ء کو پیکاک فارم میں بھی تقریب آمین کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں ۸؍بچوں نے حصہ لیا۔ تین ناصرات اور پانچ اطفال نے قرآن پاک کا دور مکمل کیا۔ یاد رہے کہ ان تقریبات کے ذریعہ تبلیغ وتربیت کا کام لیا جاتا ہے۔ اس ليے آمین کی تقاریب جماعتی ترقی اور تربیت کے ساتھ ساتھ تبلیغ کا باعث بھی بنتی ہیں۔ آمین کی اس تقریب میں کثرت کے ساتھ غیراز جماعت احباب موجود تھے۔

خاکسار (مبلغ سلسلہ سیرالیون)نے بچوں سے قرآن کریم سنا، ان کی حوصلہ افزائی کی اوران کو چند قیمتی نصائح کیں نیز ان کے والدین کو مبارک باد پیش کی۔ قرآن ختم کرنے والے بچوں کے ليے دعا بھی کی۔
اس تقریب میں اطفال و ناصرات نے حضرت مسیح موعودؑ کے عربی قصیدے کے کچھ اشعار زبانی ترنم کے ساتھ، احادیث باترجمہ، سادہ نماز، نماز باترجمہ، اطفال و ناصرات کا عہد پیش کیا۔ اس موقع پر مختلف موضوعات پر تقاریر بھی ہوئیں جن کے ذریعے سے احمدیت کی تعلیم، حضرت مسیح موعودؑ کی صداقت اور آپؑ کے اعلیٰ کردار پر روشنی ڈالی گئی۔ چونکہ ان تقاریب میں غیر ازجماعت مہمان کثرت سے شامل تھے اور پھر لاؤڈ سپیکر کا اہتمام بھی کیا گیا تھا اس ليے یہ تقریب بہت سے افراد کی ہدایت کا باعث بن گئی اور تقریب میں شرکت کرنے والوں کے رویے سے پتا چل رہا تھا کہ وہ بچوں کی آمین اور قرآن سے محبت اور آنحضور ﷺ سے والہانہ عشق سے بہت زیادہ متاثر ہیں۔ غیر از جماعت امام نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

اللہ تعالیٰ قرآن کریم کا دور مکمل کرنے والے احباب کو باقاعدہ تلاوت کرنے والا اور قرآن کے حکموں پر چلنے والا بنائے۔ پروگرام کے اختتام پر کھانا بھی پیش کیا گیا۔ کل حاضری ۳۰۰؍تھی۔ الحمدللہ
(رپورٹ: سید سعید الحسن شاہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ مالی کے ریجن ’ساں‘ میں داعیان الیٰ اللہ کے لیے دو روزہ ریفریشر کورس کا انعقاد



