جلسہ سالانہ

 تازہ ترین: ۳۲ویں جلسہ سالانہ جماعت احمدیہ بیلجیم کا پہلا دن

(چودھری طاہر احمد گِل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

(۳؍جولائی ۲۰۲۶ء لیون، بیلجیم، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) محض خدا تعالیٰ کے فضل وکرم سے جماعت احمدیہ بیلجیم کو اپنا ۲۳واں جلسہ سالانہ مورخہ ۳ تا ۵؍جولائی ۲۰۲۶ء کو لیون شہر میں ’’ہمارا خدا‘‘ کے مرکزی عنوان پر منعقد کرنے کی توفیق مل رہی ہے۔ الحمد للہ علیٰ ذلک۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے امسال مولانا فیروز عالم صاحب مربی سلسلہ و انچارج مرکزی بنگلہ ڈیسک کو مرکزی نمائندہ مقرر فرمایا۔

جلسہ سالانہ کے انعقادسے قبل مختلف امور کی بابت راہنمائی اور بغرضِ دعا حضور انور کی خدمت اقدس میں خطوط لکھے گئے جن کے جواب میں حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ نے ٖڈھیروں دعاؤں سے نوازا اور جلسہ کے انتظامی امورکے متعلق راہنمائی فرمائی۔ نیز حضور انور نے درج ذیل احباب کی بطور افسران جلسہ سالانہ منظوری عطا فرمائی:

افسر جلسہ سالانہ: مکرم راجہ عبدالطیف صاحب
افسر جلسہ گاہ: مکرم ظفراللہ سلام صاحب مبلغ انچارج بیلجیم
افسر خدمتِ خلق: مکرم آصف بن اویس صاحب مربی سلسلہ و صدرمجلس خدام الاحمدیہ

 وقارعمل: جلسہ سالانہ کی کمیٹی نے اپنے ذیلی ناظمین اور کارکنان کے ساتھ مل کر جلسہ سالانہ کے انتظامات مکمل کیے۔ ہال کی دستیابی کے تحت جلسہ سے ایک روز قبل ۲؍جولائی بروز جمعرات جلسہ سالانہ کی تیاری کے سلسلہ میں وقارعمل کیا گیا۔ جس کے تحت مارکیز اور خیمہ جات کی تنصیب، ہال کی سجاوٹ وآرائش، سیکیورٹی، لنگر خانہ و دیگر اہم ترین انتظامات کیے گئے۔

اس وقارِ عمل میں جلسہ کی روحانی برکات و فضائل کے حصول کے لیے اور وقت کی قربانی کرتے ہوئے جماعت احمدیہ کی تمام ذیلی تنظیموں کے اراکین وقارِ عمل میں شامل ہوئے۔ ناظم صاحب تیاری جلسہ سالانہ نے بعض ٹیکنیکل امور کے متعلق ہدایات دیں اور کارکنان میں کام تقسیم کیا۔

جائزہ انتظامات جلسہ سالانہ: مکرم مرکزی نمائندہ صاحب اور مکرم ڈاکٹر ادریس احمد صاحب امیر جماعت بیلجیم نے افسر صاحب جلسہ سالانہ، افسر صاحب جلسہ گاہ ، افسر صاحب خدمت خلق اور دیگر عہدیداران کی معیت میں جلسہ کے انتظامات کا جائزہ لیا۔

جلسہ سالانہ کا پہلا دن، ۳؍جولائی ۲۰۲۶ء بروز جمعۃ المبارک

جماعت احمدیہ بیلجیم کے ۳۲ویں جلسہ سالانہ کے پہلے روز کی صبح سے روایتی دینی جوش و جذبے کے ساتھ معزز مہمانان کرام کی آمد کاسلسلہ شروع ہوگیا۔ شعبہ استقبال کے کارکنان نے جلسے پر آنے والے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ جلسہ سالانہ کی افتتاحی تقریب سے قبل مہمانوں نےدوپہر کا کھانا تناول کرنے کے بعد نماز جمعہ میں شرکت کی۔

نمازجمعہ: نماز جمعہ مکر ظفر اللہ سلام صاحب مبلغ انچارج بیلجیم نے پڑھائی۔ آپ نے خطبہ جمعہ میں حضرت مسیح موعودعلیہ السلام کے الفاظ میں جلسہ سالانہ کے مقاصد بیان کیے اور حضرت خلیفتہ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالی کے ایک خطبہ جمعہ کا کچھ حصہ پڑھ کر سنایا جس میں حضور انور نے کارکنان جلسہ کو نصائح فرمائی تھیں۔

تقریب پرچم کشائی: جماعتی روایات کے مطابق پرچم کشائی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ مولانا فیروز عالم صاحب مرکزی نمائندہ اور مکرم امیر صاحب بیلجیم نے بالترتیب لوائے احمدیت اور بیلجیم کا قومی پرچم لہرا کر دعا کے ساتھ اس بابر کت جلسہ کا افتتاح کیا۔ بعدازاں مجلس خدام الاحمدیہ کے مستعد خدام نے پرچم کی حفاظت کےلیے اپنی ڈیوٹی سنبھال لی۔

تقریب پرچم کشائی کے بعد جلسہ سالانہ کے افتتاحی اجلاس کی کارروائی کا باقاعدہ آغاز ہواجس کی صدارت مکرم مرکزی نمائندہ صاحب نے کی۔تلاوتِ قرآن کریم کی سعادت حافظ جہازیب احمد قریشی صاحب نے حاصل کی جبکہ مکرم عبدالباسط بھٹی صاحب نے نظم پڑھنے کی توفیق پائی۔اس کے بعد سیکرٹری امورِ خارجہ بیلجیم مکرم شریف احمد صاحب نے جلسہ میں شریک دو معزز مہمانوں کا تعارف پیش کیا۔ معزز مہمانوں نے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے جماعت کی انسانیت کی خدمات اور جلسہ سالانہ کے پیار و محبت کے ماحول کی تعریف کرتے ہوئے بڑی خوشی کا اظہار کیا۔ بعدازاں مرکزی نمائندہ صاحب نے جلسے کی افتتاحی تقریر میں جلسہ سالانہ کے مقاصد، برکات اور فضیلت بیان کیے کہ جلسہ سالانہ کے انعقاد کےاغراض و مقاصد میں افراد جماعت کی تعلم و تربیت، پاک تبدیلی اور تزکیہ نفس اور تبلیغ اسلام کی تدابیر سوچنا ہے۔ وہ جلسہ جس کی بنیاد سیدناحضرت اقدس مسیح موعودعلیہ السلام نے خدا تعالیٰ سے خبر پاکر خالص تائید حق اور اعلائے کلمتہ اللہ پر رکھی اس جلسہ میں شاملین کے لیے بارگاہ الہٰی میں بہت دعائیں کیں۔ پھرمکرم امیرصاحب نے قل ان کنتم تحبون اللہ فاتبعونی کے موضوع پر انتہائی پُر مغز تقریر کی جس میں انہوں نے خدا تعالی کی ہستی کے متعلق تفصیل سے روشنی ڈالی۔

 اجلاس کی دوسری تقریر فرنچ زبان میں مکرم توفیق جمعاوی صاحب نے حضرت محمدﷺ تمام برکات کا سرچشمہ پر کی جس میں انہوں نے آپﷺ کی سیرت کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ اس کے بعد مکرم فرحان نوید صاحب نے نظم پڑھنے کی سعادت حاصل کی۔ جلسہ سالانہ کے پہلے روز کی تیسری تقریر مکرم حسیب احمد صاحب مربی سلسہ نے خلافت۔ شرک کے خلاف ڈھال کے متعلق کی جس میں انہوں نے حضرت مسیح موعودؑ اور خلفائے احمدیت کے حوالہ جات دے کر اپنے موضوع کو بیان کیا۔

اللہ تعالیٰ ہمیں جلسہ سالانہ کی برکات اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی دعاؤں کا وارث بنائے۔ آمین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button