از مرکزجلسہ سالانہیورپ (رپورٹس)

تیاری جلسہ سالانہ از مسجد بیت الفتوح۔خدمت کی سعادت (رپورٹ مستورات)

جی آیاں نوں

حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ و السَّلام کے مہمانوں کی خدمت کی سعادت کے حصول میں مسجد بیت الفتوح کو ایک امتیازی مقام حاصل ہے۔ قریباً گذشتہ دو دہایوں سے مسجد اور اس کے ملحقہ علاقے مہمانوں کی خدمت اور مہمان نوازی کی سعادت حاصل کرتے ہیں۔ ہر سال یہ لوٹ کر آنے والی خدمت کا موقع کارکنات کےلیے باعث فخر ہے۔مسجد بیت الفتوح کو مہمان نوازی میں ایک انفرادیت اس لیے بھی حاصل ہے کہ یہاں مہمانوں کی خدمت گزاری جلسہ سے چند دن قبل ہی شروع ہو جاتی ہے اور جلسہ کے بعد تک جاری رہتی ہے۔خدا کے فضل و کرم سے اس سال بھی مسجد بیت الفتوح میں مہمان مستورات کی رہائش کا بہت ہی احسن طریق پر انتظام کیا گیا ہے۔ برقی قمقموں اور دنیا بھر کے ممالک کے پرچموں کی رنگا رنگ جھنڈیوں سے مسجد سجائی گئی ہے۔ یہاں ڈیوٹی دینے والی کارکنات نہایت تُندہی،جذبہ خدمت سے سرشار،شوق اور لگن کے ساتھ مسلسل مہمان نوازی کی سعادت سر انجام دے رہی ہیں۔ مسجد میں موجود مہمانوں اور کارکنات سبھی کے دل خدا کی حمد سے لبریز ہیں، ہر ایک دل سے یہی صدا بلند ہوتی ہے:

مرکز فتح وظفر ہو جائے یہ بیت الفتوح

اس کے میناروں سے گونج اٹھے صدائے قادیاں

امسال بھی مہمانوں کی آمد سے پہلے ہی مسجد میں سیٹ اَپ شروع کر دیا گیا تھا اور طاہر ہال میں مہمان مستورات کی رہائش کے لیے بستر بچھائے گئے۔ ہر شعبہ کی کارکنات نے مہمانوں کی سہولت کے لیے بنائے گئے معلوماتی ڈیسک اور رہائش گاہ کو سجانے میں بڑھ چڑھ کرحصہ لیا۔ مسجد میں عموماً مہمانوں کو زمین پر گدے بچھا کر دیے جاتے ہیں مگر بزرگ خواتین یا ایسی لجنہ ممبرات جو زمین پر لیٹ نہیں سکتیں ان کے لیے بیڈز کا انتظام بھی موجود ہے۔ طاہر ہال میں Accomodation ڈیسک کے علاوہ ریسپشن ڈیسک اور نظافت بیت الفتوح ڈیسک بھی لگائے گئے ہیں جن کا مقصد مہمانوں کو فوری معلومات اور مدد مہیا کرناہے۔ ریسپشن ڈیسک پر مہمانوں کا اندراج کیا جاتا ہے جس میں مہمانوں کا نام، ملک اور ان کے ساتھ آئے بچوں کے نام اور تعداد کا اندراج کیا جاتا ہے پھر ان کو Accomodation کارڈ جاری کیا جاتا ہے۔

سہولیات: شعبہ مہمان نوازی کے تحت طاہر ہال میں مہمانوں کی سہولت کے لیے فریج، مائیکرو ویو، ٹوسٹر اور ۲۴؍گھنٹے چائے اور کافی کا انتظام موجود ہے۔شعبہ نظافت کے تحت مستورات کے زیر استعمال تمام ٹوائلٹس کی صفائی اور ستھرائی کاخاص خیال رکھا جارہاہے۔ مہمانوں کی سہولت کے مدِّ نظر کپڑے دھونے اور سکھانے کا انتظام کیاگیاہے جس کے تحت واشنگ مشین، ہاتھ سے کپڑے دھونے کے لیے ٹب، ڈرائر اور کپڑے سکھانے والے سٹینڈز بھی مہیا کیے گئے ہیں۔

امسال ضیافت مارکی کے اندر ٹک شاپ کا بھی انتظام کیا گیا ہے جہاں پر مختلف اشیاء مثلاً کولڈ ڈرنکس، کرسپ، قلفی اور بچوں کے لیے انواع و اقسام کی سویٹس وغیرہ مناسب داموں پر فروخت کے لیے موجود ہیں۔

شعبہ ضیافت مسجدبیت الفتوح: طاہر ہال سے نکلتے ہی مسجد کے پارکنگ ایریا میں ایک وسیع کھانے کی مارکی لگائی گئی ہے۔ اس مارکی کو بہت خوبصورت طریق پر سجایا گیاہے۔ جا بجا کھانا کھانے کے آداب سے متعلق مختلف قرآنی احکامات، احادیث، حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ و السَّلام اور حضور انور ایَّدہ اللہ بنصرہ العزیز کے فرمودات مختلف زبانوں میں آویزاں کیے گئے ہیں۔ ڈیوٹی پر موجود کارکنات نہایت جوش و خروش سے مہمانانِ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ و السَّلام کا استقبال کرتی اور ان کی خدمت سرانجام دیتی نظر آتی ہیں۔

حضرت مسیح موعود علیہ السَّلام کےمہمان چونکہ دنیا کے مختلف مقامات سے تشریف لاتے ہیں لہٰذا اس بات کا بھی خاص خیال رکھا گیا ہے کہ روایتی کھانوں کے علاوہ دیگر ممالک کے پکوان مثلاً انڈونیشیا اور یورپ کے کھانے بھی پیش خدمت ہوں۔

شعبہ سیکیورٹی: چونکہ اس مسجد میں مہمان کثیر تعداد میں رہائش پزیر ہوتے ہیں اور ساتھ ہی کارکنات کی بھی ایک کثیر تعداد اپنا کام کر تی ہے اس لیے سکیورٹی کا غیر معمولی انتظام کیا گیا ہے۔ مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین کا شعبہ سکیورٹی بھی نہایت باریک بینی سے اپنا کام سر انجام دےرہا ہے۔ مسجد میں Aims نمبر کے بغیر داخلہ منع ہے۔

شعبہ تجنید: شعبہ تجنید کے تحت ایمز کارڈ کے علاوہ مہمانوں کے جلسہ کارڈ،SENDکارڈ، گرین ایریا اور کرسیوں کے پاس بنانے کا بھی انتظام موجود ہے۔امسال مہمانوں کی ہیلتھ اور سیفٹی کا بہت زیادہ دھیان رکھا جا رہاہے اور اس سلسلہ میں اس مرتبہ یہ خصوصی انتظام کیا گیا ہے کہ ہر شعبہ کی ناظمہ safe guarding team میں بھی شامل ہے۔

(رپورٹ: شعبہ رپورٹنگ مستورات جلسہ گاہ)

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button