تیاری جلسہ سالانہ اسلام آباد

قدسیوں میں تذکرہ ہے حضرتِ مسرور کا
ہے یہی نغمہ لبوں پہ ہر کہیں لیل و نہار
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہر گزرتے لمحے کے ساتھ جلسہ سالانہ یوکے کے بابرکت ایام قریب سے قریب تر آرہے ہیں۔ خلافت حقہ کے بابرکت سائے تلے، اسلام آباد کے مقدس احاطے میں، لجنہ اور ناصرات کی کارکناتِ جوش خدمت سے سرشار، مہمانانِ مسیح موعود علیہ السلام کے پُر تپاک استقبال کے لیے خدمت پر مامور ہیں۔

یوں تو سارا سال ہی اسلام آباد کی زمین آنے والے احباب کی آماجگاہ ہونے کا شرف رکھتی ہے۔ جہاں ہر موسم میں چار سو مختلف زبانیں اور لہجے سنائی دیتےہیں۔ مگر جلسہ سالانہ کے دنوں میں تو ہجومِ عشاق اسلام آباد کے وسیع و عریض سبزہ زار کا رخ کرتا ہے، تو ڈیوٹی پرمتعین کارکنات نظم و ضبط کے ساتھ اسے مسجد مبارک کے بابرکت دروازوں تک لے جاتی ہیں۔
اسلام آباد میں بے شمار شعبہ جات کی کارکنات بیک وقت موجود ہیں جو دن رات،محبت اور محنت کے ساتھ مہمان مستورات کی خدمت کررہی ہیں۔ ضیافت ٹیم کی کارکنات حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے لنگرخانے کا بابرکت کھانا مہمان مستورات کو پیش کرتی ہیں۔ مہمان نوازی کی ٹیم بین الاقوامی اور مرکزی مہمانوں کی دیکھ بھال میں مصروف ہے۔سیکورٹی، نظم و ضبط، ٹرانسپورٹ اور صفائی کے شعبے بھی دن رات انتھک محنت کرتے نظر آتے ہیں۔
اسلام آباد کا ماحول ایک انوکھا روحانی سرور رکھتا ہے۔ ایک ہی حبل اللہ سے چمٹا ہزاروں کا مجمع ایک انمول نظارہ پیش کرتاہے۔ کہیں زمین کے طول و عرض سے آئے، ملاقات کے لیے بےتاب، شوق دیدار میں تیز قدم مہمان نظر آتے ہیں۔ تو کہیں اپنےآقا سے ملاقات کے بعد خوشی سے تمتاتے، پُر نم چہرے، مےمحبت سے سرشار نظر آتے ہیں۔ کہیں موسم کی شدت سے بے نیاز اسلام آباد کے بابرکت راستوں پر گھومتے، روحانی نعمتوں کو سمیٹتے، امامِ وقت کی اقتدا میں صف با صف،خوش قسمت، آنے والے ہیں۔ تو کہیں اپنے پیارے حضور کے درِ مبارک پر آنے والوں کی گرمجوشی سے خدمت کرنے کو زہے مقدر زہے نصیب گرداننے والی کارکنات ہیں۔ قدرِ مشترک ہے توبس ایک۔
اللہ تعالیٰ اس سرزمین کو ہمیشہ کی سلامتی اور آبادی عطا کرے۔ مسجد مبارک کی مبارک چھاؤں میں، دلوں کے نظرانے لیے یہ پروانے صدا آتے رہیں اور یونہی برکتوں سے اپنا دامن بھرتے رہیں۔ آمین
(رپورٹ: شعبہ رپورٹنگ مستورات جلسہ گاہ)
