دادی جان کا آنگن

علم کی اہمیت

ایک دن احمد اور محمود اسکول سے گھر واپس آئے تو دونوں بہت خوش تھے۔ احمد کے ہاتھ میں ایک کتاب تھی جسے وہ بڑے شوق سے پڑھ رہا تھا جبکہ محمود اپنا بستہ رکھ کر کھیلنے کی تیاری کرنے لگا۔

دادی جان نے پوچھا: احمد بیٹا! آج کیا خاص بات ہے؟

احمد بولا: دادی جان! آج ہمارے استاد صاحب نے بتایا کہ علم حاصل کرنا ہر مسلمان کے لیے بہت ضروری ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ علم انسان کو اچھے اور برے کی پہچان سکھاتا ہے۔ اور یہ بھی بتایا کہ علم حاصل کرو خواہ چین جانا پڑے۔

محمود: دادی جان کیا علم چین جانے سے ملتا ہے۔

دادی جان مسکرائیں اور بولیں: نہیں بیٹا! اس کا یہ مطلب نہیں کہ صرف چین ہی میں علم ملتا ہے۔ یہ ایک مشہور قول ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ علم حاصل کرنے کے لیے خواہ کتنی ہی دور کیوں نہ جانا پڑے، ہمیں کوشش کرنی چاہیے۔ علم حاصل کرنے کے لیے سفر کرنا، محنت کرنا اور مشکلات برداشت کرنا بھی اچھی بات ہے۔

احمد: دادی جان! کیا اسلام میں بھی علم حاصل کرنے کی بہت تاکید کی گئی ہے؟

دادی جان: جی ہاں! ہمارے دین میں علم کی بہت اہمیت ہے۔ قرآن کریم میں اللہ تعالیٰ نے ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کو یہ دعا سکھائی ہے: رَبِّ زِدْنِيْ عِلْمًا ۔ اے میرے رب! میرے علم میں اضافہ فرما۔ (طٰہٰ: 115)

گڑیا: دادی جان! کیا اس کا مطلب ہے کہ ہمیں ہمیشہ علم حاصل کرتے رہنا چاہیے؟

دادی جان: بالکل بیٹا! علم حاصل کرنے کی کوئی عمر نہیں ہوتی۔ انسان کو زندگی بھر سیکھتے رہنا چاہیے۔ ہمیں صرف اسکول کی کتابوں کا علم ہی نہیں بلکہ دینی علم بھی حاصل کرنا چاہیے تاکہ ہم اللہ تعالیٰ کی رضا کے مطابق زندگی گزار سکیں۔

محمود: دادی جان! اگر ہم بہت زیادہ علم حاصل کرلیں تو کیا ہمیں سب کچھ آ جائے گا؟

دادی جان: نہیں بیٹا! علم ایک سمندر کی طرح ہے جس کی کوئی حد نہیں۔ انسان جتنا زیادہ سیکھتا ہے اسے اتنا ہی احساس ہوتا ہے کہ ابھی بہت کچھ سیکھنا باقی ہے۔ اسی لیے ہمیں ہمیشہ اللہ تعالیٰ سے علم میں اضافے کی دعاکرتے رہنا چاہیے۔

احمد: دادی جان! ہمارے استاد صاحب کہتے ہیں کہ اچھا طالب علم وہ ہوتا ہے جو توجہ سے سبق سنے اور جو بات سمجھ نہ آئے اس کے بارے میں سوال کرے۔

دادی جان: بالکل درست! رسول کریم ﷺ نے بھی علم حاصل کرنے اور سکھانے کی بہت فضیلت بیان فرمائی ہے۔ ایک روایت میں حضرت عبداللہ بن عمروؓ بیان کرتے ہیں کہ ایک دن آنحضرت ﷺ اپنے گھر سے نکل کر مسجد میں تشریف لائے۔ آپؐ نے دیکھا کہ مسجد میں دو حلقے لگے ہوئے ہیں۔ ایک گروہ قرآن کریم کی تلاوت اور دعاؤں میں مشغول تھا جبکہ دوسرا گروہ پڑھنے پڑھانے میں مصروف تھا۔

دادی جان نے مزید بتایا:

اس پر رسول کریم ﷺ نے فرمایا کہ دونوں گروہ نیک کام کر رہے ہیں۔ ایک گروہ قرآن کریم پڑھ رہا ہے اور دعائیں مانگ رہا ہے۔ اللہ تعالیٰ چاہے تو ان کی دعائیں قبول فرمائے اور چاہے تو نہ فرمائے۔ جبکہ دوسراگروہ علم حاصل کرنے اور سکھانے میں مصروف ہے۔ پھر آپؐ نے فرمایا کہ مجھے معلم اور استاد بنا کر بھیجا گیا ہے۔ یہ فرما کر آپؐ خود پڑھنے پڑھانے والوں کے حلقے میں جا کر بیٹھ گئے۔

محمود: واہ دادی جان! اس کا مطلب ہے کہ علم سیکھنا اور دوسروں کو سکھانا بھی بہت بڑی نیکی ہے!

دادی جان: جی بالکل! ہمیں بھی چاہیے کہ ہم علم حاصل کرنے کے ساتھ دوسروں کو بھی سکھائیں۔

گڑیا: تو کیا ہمیں دوسروں کو بھی علم سکھانا چاہیے؟

دادی جان: جی ہاں! جو اچھی بات ہم سیکھیں اسے دوسروں تک بھی پہنچانا چاہیے۔ علم بانٹنے سے کم نہیں ہوتا بلکہ دوسروں کو بھی فائدہ پہنچتا ہے۔

محمود نے خوش ہو کر کہا: دادی جان! آج سے میں بھی روزانہ ایک نئی بات سیکھوں گا اور اپنے دوستوں کو بھی بتاؤں گا۔

دادی جان مسکرائیں اور بولیں: شاباش! اور یادرکھو کہ ہمیں علم حاصل کرنے میں کبھی سستی نہیں کرنی چاہیے۔ ہمیشہ یہ دعا پڑھتے رہو: رَبِّ زِدْنِيْ عِلْمًا۔

سب بچوں نے مل کر دعا دہرائی اور وعدہ کیا کہ وہ علم حاصل کرنے کی کوشش جاری رکھیں گے۔

(ابو الفارس محمود)

٭…٭…٭

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button