شعبہ وقف نو فرانس کے زیر اہتمام (آن لائن)علمی مقابلہ جات کا انعقاد
(نمائندہ الفضل انٹرنیشنل، فرانس) اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ فرانس کے شعبہ وقف نو کو فرانس میں covid-19کی دوسری لہر کی وجہ سے lockdownکے دوران SKYPE کے ذریعہ اپنے علمی وتربیتی پروگرامز جاری رکھنے کی توفیق مل رہی ہے۔ اسی سلسلہ میں 31؍اکتوبر اور یکم نومبر 2020ء کوواقفین نو اور واقفات نو فرانس کے چند علمی مقابلہ جات ہوئے۔ مشنری انچارج فرانس مکرم نصیر احمد شاہد صاحب کی رہنمائی میں شعبہ وقف نو فرانس نے کچھ علمی مقابلہ جات کا پروگرام بنایا۔ سکائپ پر لوکل سیکرٹریان وقف نو فرانس کی ایک میٹنگ بلائی گئی اور فقط یہ طے پایا کہ مقابلہ جات مکمل طور پر آن لائن ہوں گے۔ بچے سکائپ کے ذریعہ وقت مقررہ پر اپنی عمر کے مطابق گروپس join کریں گے اور جج صاحبان بچوں کی قابلیت کا جائزہ لیں گے۔ واقفین اور واقفات کے لیے تمام انتظامات علیحدہ علیحدہ کیے جائیں گے۔ (یاد رہے کہ اس سے قبل بچوں بچیوں کی ہفتہ وار کلاسزبھی اسی طرح چھوٹے چھوٹے گروپس کی شکل میں باقاعدگی سے سکائپ پر ہو رہی ہیں۔ فالحمدللہ علی ذالک)
نیز طے پایا کہ 7سے 14سال کے بچوں کے تلاوت،نظم اور حفظ قرآن کے مقابلے ہوں گے بچے بچیاں اپنی عمر کے مطابق نصاب میں دیا ہواحفظ قرآن مکمل کریں گےاور نظمیں یاد کریں گے۔ جبکہ 15سال سے زائد عمر کے بچوں بچیوں کا فقظ اردو فرنچ تقریر کا مقابلہ ہو گا۔ ملکی حالات کے پیش نظر ’’وطن سے محبت ایمان کاحصہ ہے‘‘ کا موضوع خاص طور پرعناوین میں شامل کیا گیا تھا۔
مقابلہ جات میں شمولیت کا دعوت نامہ اور ٹائم ٹیبل بچوں تک پہنچا دیا گیا۔ اس کے علاوہ لوکل سیکرٹریان اور صدران کے ذریعہ بھی باقاعدگی سے رابطہ رکھا گیا۔ الحمد للہ۔ نتائج مرتب کرنے کے لیے آن لائن فارم مکرم اسامہ صاحب مربئ سلسلہ نے تیار کیا نیز جج کے فرائض بھی سرانجام دیے۔ اسی طرح مکرم منصور احمد مبشر صاحب (مربی سلسلہ)، مکرم بلال اکبر صاحب (مربی سلسلہ)، مکرم عطاء العلیم صاحب صدر جماعت Lyon اور مکرم مشنری انچارج صاحب نے واقفین کی علمی قابلیتوں کی جانچ کا فرض نبھایا۔ لجنہ اماء اللہ کی معاونات برائے وقف نو نے بہت محنت، لگن، اخلاص اور ذمہ داری سے تمام پروگرام کو پایہ تکمیل تک پہنچایا۔ سبھی والدین نے خصوصی جوش و خروش، تعاون اور خوشنودی کا اظہار کیا۔ فجزاھم اللہ احسن الجزاء۔
شامل ہونے والے واقفین کی کل تعداد 32واقفات کی کل تعداد 29 اور منتظمین و منتظمات کی کل تعداد24 رہی۔
خاکسار معاونت فراہم کرنے والے تمام احباب و خواتین نیز مربیان کرام کا تہ دل سے مشکور ہے اور دعا گو ہےکہ اللہ تعالیٰ سب کو بہترین اجر سے نوازے۔ اللہ کرے کہ یہ بچے جماعت کاقیمتی سرمایہ اور خلافت احمدیہ کے بہترین خادم ثابت ہوں۔ آمین اللّٰھم آمین۔
(رپورٹ: چودھری مقصود الرحمٰن۔ نیشنل سیکرٹری وقف نو فرانس)
٭…٭…٭