یورپ (رپورٹس)

اسلام آباد، یوکے میں ’’The Big Iftar‘‘ کا کامیاب انعقادزیر اہتمام نیشنل شعبہ تبلیغ ، جماعت احمدیہ یوکے

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۲۸؍فروری ۲۰۲۶ء بروز ہفتہ نیشنل شعبہ تبلیغ جماعت احمدیہ یوکے کے زیر اہتمام اسلام آباد میں “The Big Iftar” کے عنوان سے ایک پُروقار افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا جس میں ساڑھے تین سو سے زائد مہمانوں نے شرکت کی۔ مہمانوں کی آمد کا سلسلہ سہ پہر چار بجے سے قبل ہی شروع ہو گیا تھا اور ایک منظم استقبالیہ ٹیم اُن کے استقبال کے لیے موجود تھی۔ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے اس بابرکت تقریب میں شرکت کی جن میں مذہبی راہنما، عمائدین ممبران پارلیمنٹ، پولیس، سول سوسائٹی، لیکچرارز اور دیگر معززین شامل تھے۔ مہمانوں کی سہولت کے لیے پارکنگ کا بھی خصوصی انتظام کیا گیا تھا۔

مہمانوں کی دلچسپی کے لیے ایک خوبصورت اور معلوماتی نمائش ’اسلام اور ہمارا مستقبل‘ کے موضوع پر لگائی گئی تھی۔ اسی طرح قرآن کریم کی نمائش بھی سجائی گئی تھی۔ مختلف زبانوں میں قرآنِ کریم کے تراجم نمایاں انداز میں رکھے گئے تھے۔

ایک مقررہ ٹیم نے مہمانوں کو چھوٹے گروپس کی صورت میں مسجد مبارک، احاطہ اسلام آباد اور نمائش کا دورہ کروایا اور اس دوران نماز، اسلام، مسجد، رمضان اور افطار کے حوالے سے تعارف پیش کیا۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز ایوان مسرور میں تقریباً چار بج کر پچاس منٹ پر تلاوتِ قرآنِ کریم سے ہوا۔ مکرم عثمان احمد صاحب نائب سیکرٹری تبلیغ یوکے نے استقبالیہ تقریر میں مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور رمضان المبارک کے حوالے سے بنیادی معلومات پیش کیں۔ اس کے بعد جماعت احمدیہ کا تعارف پر مشتمل ایک ویڈیو دکھائی گئی۔ بعد ازاں رکن پارلیمنٹ برائے آلڈر شاٹ محترمہ ایلکس بیکر صاحبہ نے خطاب کرتے ہوئے دعوت پر شکریہ ادا کیا اور مقامی سطح پر جماعت احمدیہ کی خدمتِ انسانیت کو سراہا۔

آخر پر نیشنل سیکرٹری تبلیغ یوکے مکرم ابراہیم اخلف صاحب نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور خلفائے سلسلہ کے ارشادات کی روشنی میں رمضان کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور بتایا گیا کہ روزہ انسان کی روحانی ترقی اور تعلق باللہ کا ذریعہ بنتا ہے اور خدمتِ انسانیت کی طرف توجہ مبذول کرواتا ہے۔ بعد ازاں سوال و جواب کا مختصر سیشن ہوا جس میں مکرم فرہاد احمد صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ یوکے، مکرم عبدالقدوس عارف صاحب مربی سلسلہ اور مکرم فرید احمد صاحب سیکرٹری امور خارجہ یوکے نے مہمانوں کے سوالات کے جواب دیے۔

دعا کے ساتھ اس نشست کا اختتام ہوا جس کے بعد افطار کا اہتمام کیا گیا۔ افطار کے بعد حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اقتدا میں نماز مغرب ادا کی گئی۔ بعد ازاں تمام مہمانوں کی خدمت میں پُرتکلف کھانا پیش کیا گیا۔ ماحول نہایت خوشگوار اور روحانی بن گیا تھا۔ مہمانوں نے پروگرام کی افادیت و اہمیت کو سراہا اور متعدد افراد نے جماعت احمدیہ میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ پولیس ڈیپارٹمنٹ سے تعلق رکھنے والے کئی مہمان باقاعدہ روزہ رکھ کر شریک ہوئے تھے۔

مجموعی طور پر اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہ افطار پروگرام نہایت کامیاب رہا اور اس کے ذریعے جماعت احمدیہ کا پُرامن اور انسانیت دوست پیغام مؤثر انداز میں مہمانوں تک پہنچانے کی توفیق ملی۔الحمدللہ علیٰ ذٰلک۔(رپورٹ: لطیف احمد شیخ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button