حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ کی مصروفیات مورخہ 04 تا 10 فروری 2019ء
مورخہ 04تا10 فروری 2019ءکے دوران حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکی گوناگوں مصروفیات کے علاوہ دیگر امورکی ایک جھلک ہدیۂ قارئین ہے:
٭…04؍فروری بروز سوموار: حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے آج ایک دفتری ملاقات کے بعد اسلام آباد (ٹلفورڈ) میں ہونے والی نئی تعمیرات کے معائنہ کی غرض سے سفر اختیار فرمایا۔ آج حضورِ انور نے اسلام آباد میں رہائشی اپارٹمنٹس کا تفصیلی جائزہ لیااور ہدایات عطا فرمائیں۔ حضورِ انور نے اسلام آباد میں نمازِ ظہر و عصر پڑھائیں جس کے بعد لندن واپسی ہوئی۔
٭…07؍فروری بروزجمعرات: حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نمازِ مغرب کے لئے مسجد فضل تشریف لے جاتے ہوئے جمادی الثانی 1440 ہجری شمسی کے چاند کو دیکھ کر کھڑے ہو گئے اور سنّتِ نبوی کی پیروی میں ہاتھ اٹھا کر دعا کی۔
٭ … 08؍ فروری بروز جمعۃ المبارک :حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے مسجد بیت الفتوح مورڈن میں خطبہ جمعہ ارشاد فرمایا جو ایم ٹی اے کے مواصلاتی رابطوں نیز یو ٹیوب اور دیگر میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعہ ساری دنیا میں سنا اور دیکھا گیا۔ حضور انور نے اپنے خطبہ جمعہ میں اطاعت اور اخلاص و وفا کے پیکر چند بدری صحابہ رضوان اللہ علیہم اجمعین کی سیرتِ مبارکہ کا دلنشین تذکرہ فرمایا۔
دنیا بھر کے مختلف علاقوں میں مختلف قوموں سے تعلق رکھنے والے احباب کے استفادہ کے لئے امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ کے خطبات جمعہ و خطابات کا باقاعدگی کے ساتھ اردو کے علاوہ سات زبانوں میں رواں ترجمہ ایم ٹی اے پر براہِ راست نشر کیا جاتا ہے۔ ان زبانوں میں عربی، انگریزی، بنگلہ، جرمن، فرنچ، سواحیلی اور انڈونیشین شامل ہیں۔ جبکہ ایم ٹی اے افریقہ پر الگ سے انگریزی کے افریقی لہجہ (accent) میں بھی ترجمہ نشر کیا جاتا ہے۔
٭ …09؍فروری بروز ہفتہ: آج نمازِ ظہر سے قبل دیگر دفتری ملاقاتوں کے علاوہ Niedersachsen ریجن مجلس خدام الاحمدیہ جرمنی کے ایک وفد نے حضور انور سے ملاقات کی سعادت حاصل کی۔ تقریبًا پچاس منٹ تک جاری رہنے والی اس ملاقات کے دوران حضورِ انور نے ان کے ملکی اور جماعتی حالات کے مطابق زرّیں نصائح سے ان کی رہنمائی فرمائی نیز وفد کے شاملین کے متعدد سوالات کے بصیرت افروز جوابات عطا فرمائے۔ملاقات کے آخر میں شاملینِ وفد نے اپنے آقا کے ہمراہ گروپ فوٹو بنوانے کی سعادت حاصل کی۔
٭حضرت امیرالمومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالی بنصرہ العزیز نے مسجد فضل لندن میں نمازِ عصر پڑھانے کے بعد درج ذیل2 نکاحوں کا اعلان فرمایا اور ان نکاحوں کے بابرکت ہونے کے لئے دعا کروائی۔ نیز تمام فریقین کو شرف مصافحہ بخشا اور مبارکباد دی۔
1۔ عزیزہ مدیحہ خلعت بنت مکرم طاہر احمد صاحب (کراچی)ہمراہ مکرم وحید کامران صاحب (مربی سلسلہ ۔رحیم یار خان) ابن مکرم سعید احمد صاحب (کنری، ضلع عمر کوٹ پاکستان)
2۔ عزیزہ ثنیہ احمد اٹھوال بنت مکرم غلام احمد اٹھوال صاحب (سٹن) ہمراہ ڈاکٹر عمر ناصر مجوکہ صاحب ابن مکرم ناصر احمد مجوکہ صاحب (سکنتھورپ)
٭…10؍فروری بروز اتوار: آج نمازِ ظہر سے قبل دیگر دفتری ملاقاتوں کے علاوہ مجلس خدام الاحمدیہ کینیڈا کی نیشنل عاملہ، قائدین مجالس و ریجنل قائدین پر مشتمل ایک وفد نے حضور انور سے ملاقات کی سعادت حاصل کی۔تقریبا ایک گھنٹہ تک جاری رہنے والی اس ملاقات میں حضورِ انور نے ان کے ملکی اور جماعتی حالات کے مطابق زرّیں نصائح سے ان کی رہنمائی فرمائی نیز ان کے سوالات کے بصیرت افروز جوابات عطا فرمائے۔ ملاقات کے آخر میں شاملینِ وفد نے اپنے آقا کے ہمراہ گروپ فوٹو بنوانے کی سعادت حاصل کی۔
٭ آج نمازِ ظہر سے قبل حضورِ انور نے مکرم محمد اعجاز صاحب (سٹن۔ یوکے) کی نمازِ جنازہ حاضر پڑھائی اور پسماندگان سے ملاقات فرمائی۔ حضورِ انور نے اس حاضر جنازہ کے ساتھ 6مرحومین کی نمازِ جنازہ غائب بھی پڑھائی۔
ملاقات حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز
مورخہ 2؍ فروری تا 10فروری کے دوران حضورِ انور نے چھ روز دفتری جبکہ آٹھ روز ذاتی ملاقاتیں فرمائیں۔ متعدد افسرانِ صیغہ جات، بعض ممالک کی ذیلی تنظیموں کے صدور اور نیشنل عاملہ کے ممبران اور دیگر احباب نے حضورِ انور سے اپنی دفتری ملاقاتوں میں ہدایات اور رہنمائی حاصل کی۔
اس عرصہ کے دوران157 ؍فیملیز اور74؍ احباب نے انفرادی طور پرحضورِ انور سے شرفِ ملاقات کی سعادت پائی۔اپنے آقا سے ملاقات کے لئے حاضر ہونے والے ان احبابِ جماعت کا تعلق 15؍ ممالک سے تھا جن میں گوادے لوپ، امریکہ، کینیڈا، جرمنی، گھانا، ملائشیا، گیمبیا، فِن لینڈ، سوئٹزرلینڈ، ہالینڈ، فرانس، ناروے، پاکستان، یوکے اور ایک عرب ملک شامل ہیں۔
اَللّٰھُمَّ أَیِّدْ اِمَامَنَا بِرُوْحِ الْقُدُسِ
وکُنْ مَعَہٗ حَیْثُ مَا کَانَ وَانْصُرہُ نَصْرًا عَزِیْزًا