حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ کی مصروفیات مورخہ 23؍تا 29؍نومبر 2018ء
حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکے ایک ہفتہ کے معمولات میں سو سے زائد ممالک سے موصول ہونے والے ہزاروں دعائیہ خطوط کا مطالعہ اور ان کے جوابات کے لئے ضروری ارشادات اور ہدایات مرحمت فرمانا، سینکڑوں دفتری خطوط اور ان پر ہدایات و فیصلہ جات جاری فرمانا، معزّز مہمانوں اور احبابِ جماعت سے انفرادی اور فیملی ملاقاتیں اور دیگر امور شامل ہیں۔ اس ہفتہ مورخہ 23؍تا 29؍نومبر 2018ءکے دوران معمولات کے علاوہ حضرت امیر المومنین ایّدہ اللہ تعالیٰ کی دیگر مصروفیات کی ایک جھلک ہدیۂ قارئین ہے:
٭…23؍ نومبربروز جمعۃ المبارک :(مسجد بیت الفتوح) حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے خطبہ جمعہ ارشاد فرمایا جو ایم ٹی اے کے مواصلاتی رابطوں کے ذریعہ ساری دنیا میں سنا اور دیکھا گیا۔
حضور انور نے اپنے خطبہ جمعہ میں اطاعت اور اخلاص و وفا کے پیکر چند بدری اصحاب نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کی سِیرتِ مبارکہ کا تذکرہ فرمایا۔
٭…24؍ نومبربروز ہفتہ:حضورِ انور نے مسجد فضل لندن میں نمازِ عصر کے بعد 7 نکاحوں کا اعلان فرمایا۔ بعد ازاں تمام فریقین کو شرفِ مصافحہ بخشا اور مبارکباد دی۔ شام کو فیملی ملاقاتوں کے بعد مکرم محمد نعیم اظہر صاحب (مبلغ سلسلہ سیرا لیون) کی دو صاحبزادیوں کی تقریبِ رخصتانہ میں شرکت کے لئے مسجد ’بیت الفتوح‘ تشریف لے گئے۔ عزیزہ تنزیہہ مناہل صاحبہ کی شادی عزیز احتشام احمد صاحب ابن مکرم ریاض احمد صاحب کے ساتھ جبکہ عزیزہ باذلہ نعیم صاحبہ کی شادی عزیزلقمان احمد صاحب (کارکن ایم ٹی اے) ابن مکرم محمود احمد صاحب کے ساتھ ہوئی۔ حضورِ انور نے نمازِ عشاء مسجد بیت الفتوح میں پڑھائی۔ بعد ازاں شادی کی تقریب میں شرکت فرمائی۔
٭…25؍ نومبربروز اتوار:آج ہالینڈ سے آنے والے ایک جرنسلٹ Mr. Ewout Klei نے حضور انور سے ملاقات کرنے اور انٹرویو لینے کی سعادت پائی۔ موصوف ہالینڈ سے نکلنے والے میگزین Jalta https://jalta.nl) کے لئے کام کرتے ہیں۔
نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد حضور انور نے مکرم اعجاز احمد خان صاحب کی درخواست پر ازراہِ شفقت ان کی موٹر کو اپنی دعاؤں کے ساتھ متبرک فرمایا۔
ملاقات حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز
اس ہفتہ کے دوران حضورِ انور نے پانچ روز دفتری جبکہ چھ روز ذاتی ملاقاتیں فرمائیں۔ متعدد افسرانِ صیغہ جات ، امراء ممالک، بعض ممالک کی ذیلی تنظیموں کے صدوراور دیگر احباب نے حضورِ انور سے اپنی دفتری ملاقاتوں میں ہدایات اور رہنمائی حاصل کی۔
اس ہفتہ کے دوران 105؍فیملیز اور 79؍ احباب نے انفرادی طور پرحضورِ انور سے شرفِ ملاقات کی سعادت پائی۔اپنے آقا سے ملاقات کے لئے حاضر ہونے والے ان احبابِ جماعت کا تعلق 15؍ ممالک سے تھا جن میں جرمنی، کینیڈا، آسٹریلیا، نائیجیریا، فرانس، ہالینڈ، ناروے، یونان، سنگاپور، سوئٹرزلینڈ، پاکستان اور یوکے کے علاوہ بعض عرب ممالک سے آنے والے احباب شامل ہیں۔
اَللّٰھُمَّ أَیِّدْ اِمَامَنَا بِرُوْحِ الْقُدُسِ
وکُنْ مَعَہٗ حَیْثُ مَا کَانَ وَانْصُرہُ نَصْرًا عَزِیْزًا