تقریب تقسیم اسناد اور دومنزلہ کچن کا افتتاح۔ جامعۃ المبشرین گھانا
جامعتہ المبشرین گھانا کا آغاز 1966ء میں ہوا تھا۔ اس کا مقصد لوکل مبلغین تیار کرنا تھا۔ خد تعالیٰ کے فضل سے آج تک 687 طلباء یہاں سے فارغ ہو کر میدان عمل میں خدمت کی توفیق پا رہے ہیں۔ الحمد للہ
محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جامعۃ المبشرین گھانا کو مورخہ 25؍ستمبر 2022ء بروز اتوار اپنے تیسویں سالانہ تقریب تقسیم اسناد کے انعقاد کی توفیق ملی۔ الحمد للہ علیٰ ذالک
امسال یہ تقریب محدود پیمانے پر منعقد کی گئی۔ جامعہ کے اساتذہ، طلباء اور کارکنان، پاس ہونے والے طلباء کےوالدین کے علاوہ کچھ چنیدہ مہمان اس پروگرام میں شامل ہوئے۔ اس پروگرام کے لیے سترہ ممالک کے جھنڈے مع لوائے احمدیت لہرائے گئے تھے۔ یہ پروگرام جامعہ کے ہال میں منعقد کیا گیاجس کے لیے ہا ل کو بینرز سے خاص طور پر سجایا گیا تھا۔
اس تقریب کے مہمان خصوصی مکرم نور محمد بن صالح صاحب امیر و مشنری انچارج گھانا تھے۔
تقریب کے آغاز سے قبل مکرم امیر صاحب نے لوائے احمدیت جبکہ مکرم الحاج محمد یوسف یاؤسن صاحب نائب امیر اول نے گھانا کا جھنڈا لہرایا۔ پرچم کشائی کے بعد امیر صاحب نے جامعۃ المبشرین کے نئے دو منزلہ کچن کا افتتاح کیا۔
نو تعمیر شدہ دو منزلہ کچن کا افتتاح
اس دو منزلہ کچن کی تعمیر کا آغاز لجنہ اماءاللہ گریڑ اکرا ریجن نے اپنے خرچ پر 2010ء میں کیا تھا۔ جیسے جیسے لجنہ اماء اللہ کے پا س رقم جمع ہوتی جاتی تعمیر کا کام بھی جاری ہو جاتا۔ جب تعمیر چھتوں تک پہنچی تو لجنہ اماءاللہ نے اپنا یہ پروجیکٹ وسیع کرتے ہوئے پہلی منزل پر طلباء کے لیے ڈائننگ ہال کو سرونگ روم اور واش رومز کی سہولت کے ساتھ تعمیر کرنے کا عہد کیا۔ جب پہلی منزل چھت تک پہنچی تو کام کافی لمبا عرصہ کے لیے رک گیا۔ بعد ازاں ضرورت کے پیش نظر حضور اقدس ایدہ اللہ کی خاص شفقت سے 2020ء میں اس کی تعمیر کا کام مرکزی فنڈز سے شروع ہو ا اور جون 2022ء میں مکمل ہوا۔ اس طرح کچن کے گرد بارش کے پانی کے لیے گٹرز کی تعمیر کا آغاز کر کے ماہ ستمبر 2022ء میں مکمل کرکے باقاعدہ 25؍ستمبر2022ء کو مکرم امیر و مشنری انچارج جماعت احمدیہ گھانا کے ہاتھ سےاس کا باقاعدہ افتتاح کروایا گیا۔ اس موقع پر الحاج محمد یوسف یاؤسن صاحب نائب امیر اول جو کہ چئیر مین بورڈ آف گورنرز بھی ہیں، مکرم الحاج احمدسلیمان اینڈرسن صاحب نائب امیر سوم، جنرل مینیجر احمدیہ سکولز جو کہ بورڈ آف گورنرز کے سیکریٹری بھی ہیں، گھانا جماعت کے جنرل سیکریڑی، سینٹرل ریجنل مشنری، ذونل مشنری، صدر لجنہ اماء اللہ گریڑ اکرا و دیگر مہمانان نے بھی موجود تھے۔ فجزاہم اللہ خیرا
اس کچن کی تعمیر کی نگرانی Mr. Koffi Abbas آرٹیٹیکٹ گھانا نے کی۔ جامعہ کی طرف سے مکرم طاہر احمد ظفر صاحب استاذ جامعہ نے ان سارے مراحل میں ان کی بےحد مدد کی۔ افتتاح کے موقع پر مکرم کوفی عباس صاحب موجود نہ تھے۔ مکرم طاہر احمد ظفر صاحب نے مکرم امیر صاحب اور دیگر مہمانان کرام کو کچن کا تعارف کروایا۔ کچن کے نچلے حصہ میں کھانا پکانے اور برتن دھونے کے لیے الگ الگ جگہیں ہیں۔ یہاں چند کمرے ہیں جن کو سٹورز کے طور پر استعما ل کیا جا رہا ہے۔ ہفتہ وار شاپنگ اور ماہانہ شاپنگ کی تمام اشیاء ان سٹورز میں رکھی جاتی ہیں۔ ایک سٹور میں دو ماہ کےلئے لیے خورد ونوش کا سٹاک رکھا جاتا ہے۔ کچن کی اوپر والی منزل پر Serving room اور وسیع و عریض ڈائننگ ہا ل موجود ہے۔ مکرم امیر صاحب اور جملہ مہمانوں کو کچن کی ان سب جگہوں پر لے جاکر تعارف کروایا گیا۔
اس موقع پر کچن کی میٹرن نے ایک کیک تیار کیا جو مکرم امیرصاحب اور شاملین افتتاح میں تقسیم کیا گیا۔
نو تعمیر شدہ کچن کے افتتاح کے بعد تقریب تقسیم اسناد کی تقریب کا آغاز ہوا۔
تقریب تقسیم اسناد کی تقریب
تقریب تقسیم اسناد کی تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جو کہ عزیزم حمید تقی نے کی ان کا تعلق مڈگاسکر سے ہے۔ اور پھر گھاناسے تعلق رکھنے والے طالب علم عزیزم یوسف اوسئی نورالدین نے ترنم کے ساتھ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا اردو کلام
ہے شکر رب عز و جل خارج از بیاں
جس کے کلام سے ہمیں اس کا ملا نشاں
پیش کیا۔ بعد ازاں نقیب اعلیٰ صاحب نے رپورٹ پیش کی۔ اور پھر مکرم فہیم حمد خادم صاحب پرنسپل جامعۃ المبشرین گھانا نے جامعہ کی مساعی پر مشتمل سالانہ رپورٹ پیش کی۔ اس کے بعدساوتومے سے تعلق رکھنے والے طلباء نے Songs of praise پیش کیے اور ان کا انگریزی ترجمہ بھی کیا۔
دوران سال مختلف علمی مقابلہ جات میں پوزیشنز حاصل کرنے والے طلباءکو مختلف مہمانان نے انعامات تقسیم کیے پھر مکرم امیر صاحب نےگروپس کے مابین ٹرافیز تقسیم کیں۔ آپ نےامسال جامعہ سے فارغ التحصیل گھانا کے 4 طلباء اور مدرسۃ الحفظ سے قرآن مجید حفظ کر کے فارغ ہونے والے 6 طلباءمیں اسناد تقسیم کیں۔ اس کے بعد گھانا کے طلباء نے Songs of praise پیش کیے اوران کا انگریزی ترجمہ بھی کیا۔
امیر صاحب نے تمام طلباء کو عموماََ اور پاس ہونے والے طلباء کو بالخصوص حالیہ وقت میں وقف کے تقاضوں کو نبھانے، اس میں آنے والی مشکلات اور ہمیشہ ذاتی نمونہ بہترین بنانے کے حوالہ سے نصائح کیں۔ اور طلباء کو اپنے اساتذہ کا مکمل احترام اور اطاعت کرنے کی تلقین کی۔ اس کے بعد مدرسۃ الحفظ کے طلباء نے مل کر اردو نظم، خلیفہ کے ہم ہیں خلیفہ ہمارا، پیش کی اور اس کا انگریزی میں ترجمہ کیا۔ پھر مکرم معلم عبدالمجید علی صاحب استاد جامعہ نے تمام شاملین کا شکریہ ادا کیا۔ کچھ ضروری اعلانات کے بعد مکرم امیر صاحب نے دعا کرواکر اس پروگرام کا اختتام کیا۔
ان تاریخی لمحات کو محفوظ رکھنے کے لیے جامعہ کے اساتذہ، طلباء اور کارکنان نے مکرم امیر صاحب اور ان کے نائبین کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔ پھر نماز ظہر و عصر ادا کی گئیں اور تمام شاملین کو ظہرانہ پیش کیا گیا۔ اس طرح الحمد للہ جامعۃ المبشرین گھانا کی یہ سالانہ تقریب تقسیم اسناد انتہائی کامیابی کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچی۔ اس پروگرام کی تیاری کے لیے جامعہ کے طلباء اور اساتذہ نے بڑی محنت سے کام کیا۔ اللہ تعالیٰ سب کو جزائے خیر دے۔ آمین
دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ فارغ التحصیل طلباء کو اسلام احمدیت کے لیے انتہائی مفید وجود بنائےاور ان کواسلام کا پیغام دنیا کے کونے کونے تک پھیلانے کی توفیق عطا فرمائے اور جامعہ کے تمام اساتذہ اور دیگر کارکنان کو بھی بہترین خدمات کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین