رمضان المبارک میں جماعت احمدیہ گیمبیا کی مساعی
رمضان المبارک کے دوران جماعت احمدیہ گیمبیا کی مساجد اور نماز سنٹرز میں سےکل ۴۴؍ مقامات پر روزانہ قرآن کریم کے ایک پارے کی تلاوت کی گئی اور قرآن کریم کا دور مکمل کیا گیا۔ اس کے علاوہ ایک ریجن میں قرآن کریم کا کم از کم ایک دور مکمل کرنے والے احباب کے نام دعا کی درخواست کے ساتھ حضور انور ایدہ اللہ کی خدمت میں بھیجے گئے۔ اسی طرح ملک کی ۶۵؍ مساجد و نماز سنٹرز میں باجماعت نماز تراویح کا اہتمام کیا گیا۔ ملک کے تمام ریجنز میں اجتماعی افطاری کا انتظام کیا گیا جن میں احمدی، غیراحمدی احباب کے ساتھ ساتھ مختلف ریجنز کے گورنر، ڈپٹی گورنر، پولیس کمشنر، فائر سروس، کسٹم،امیگریشن کے کمشنرز، ایریا کونسل کے چیئرمین، آرمی کے نمائندے اور ہسپتال کی انتظامیہ وغیرہ شامل ہوئے۔ مقامی سطح پر علاقہ کی مساجد کے امام، الکالو اور ڈسٹرکٹ چیف بھی شامل ہوئے۔اس کے علاوہ ملک کے ریڈیو سٹیشن کے نمائندے بھی شامل ہوئے اور انہوں نے ان پروگراموں کو کوریج دی۔
مجلس خدام الاحمدیہ بسے اور بانجل کومبو نے الگ سے مجلس کی سطح پر افطار کے پروگرام منعقد کیے۔ مانساکونکو ریجن کے خدام نے مل کر ریجن کے ہسپتال میں سٹاف اور تمام مریضوں میں کھانے کے ستّر پیکٹ تقسیم کیے جس پر ہسپتال کی انتظامیہ بہت مشکور تھی۔ لجنہ اماء اللہ نے ملک بھر میں ایک دن مقرر کرکے اجتماعی افطاری کا انعقاد کیا۔
احمدیہ ہسپتال بصّے اور ناصر احمدیہ سکول نے بھی اجتماعی افطاری کروائی۔ اس کے علاوہ مذکورہ ہسپتال نے اپنے سٹاف میں راشن کی تقسیم کے ساتھ ساتھ علاقہ کے تیس غربا کو راشن دیا۔جماعت احمدیہ مانساکونکو نے افطار کے موقع پر ایک نمائش کا اہتمام بھی کیا جس کے ذریعہ جماعت احمدیہ کا تعارف، تاریخ اور جماعت کی خدمت قرآن کو مختصراً پیش کیا گیا۔غیراحمدی احباب نے بھی اس نمائش کوسراہا اور جماعت کی خدمت اسلام و انسانیت کا برملا اعتراف کیا۔ ایک اندازہ کے مطابق افطار کے ان ۶۶پروگراموں میں کل ۲۳۶۷؍افراد شامل ہوئے۔
جماعتی ہسپتال ٹلنڈنگ نے بھی دوران ماہ اپنے سٹاف میں راشن تقسیم کیا۔ اس کے علاوہ تقریباً بیس غرباء میں بھی راشن کی رسد بہم پہنچائی۔ جماعتی پریس نے بھی حسب معمول اپنے سٹاف کو راشن مہیا کرنے کے علاوہ چاولوں اور پیاز کے ڈیڑھ صد بیگ غریب مستحقین میں تقسیم کیے۔ بعض جماعتی سکولوں نے اپنے سٹاف کے غریب افراد میں مناسب راشن تقسیم کیا۔خدمت انسانیت کی علمبردار تنظیم ہیومینٹی فرسٹ گیمبیا نے دوران ماہ چاولوں کے دو سو بیگ مستحقین تک پہنچائےنیزبانجل کومبو کی جیل میں موجود قیدیوں اور سٹاف کو کھانے کا سامان پہنچایا۔ اس کے علاوہ ملک کے مختلف حصوں میں غربا کی عیدی کے طور پر نقد رقم سے مدد کی گئی تاکہ وہ بھی عید کی خوشیوں میں شامل ہوسکیں۔ یہ تمام امداد بلاتفریق مذہب و رنگ و نسل تھی۔
(رپورٹ: مسعود احمدطاہر۔ نمائندہ روزنامہ الفضل انٹرنیشنل)