جلسہ سالانہ برطانیہ کے بعض انتظامی شعبہ جات کا تعارف(قسط دوم)
57واں جلسہ سالانہ برطانیہ 2023ء
شعبہ معلومات
جماعت احمدیہ برطانیہ کا جلسہ سالانہ چونکہ ایک انٹرنیشنل جلسے کی حیثیت رکھتا ہے اس لیے دنیا بھر کے مختلف ممالک سے کثیر تعداد میں احباب جماعت اس میں شمولیت کے لیے تشریف لاتے ہیں ۔ کووڈ کی پابندیوں کے بعدامسال غیرمتوقع حاضری کی بناپر جلسہ سالانہ کےشعبہ معلومات نے بھی شاملین جلسہ کو زیادہ سے زیادہ معلومات فراہم کرنے کے لیے جدید دور کی تیز رفتاری کے تناظر میں مزید بہتر انداز میں کام کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر بھی مضبوط گرفت رکھتے ہوئے اپنے شعبہ کو متحرک رکھا ہے۔ یوٹیوب، انسٹا گرام ، ٹک ٹاک ، ٹیلی گرام اور فیس بک پر جلسہ سےمتعلق اہم معلومات ، تصاویر اور مختصر ویڈیوز اپ لوڈ کی جارہی ہیں۔ اس سال کی خاص بات شعبہ معلومات کے دو واٹس ایپ گروپ کا قیام ہے جس میں صرف ایک ہفتہ میں ہی ممبران کی تعداد تین ہزار سےبھی تجاوز کرچکی ہے۔
کارکنان شعبہ معلومات
اس شعبہ کے ناظم مکرم ندیم الرحمٰن صاحب سال ۲۰۱۵ء سے اس شعبہ میں خدمات سر انجام دے رہے ہیں جبکہ کُل پانچ نائب ناظمین سمیت دس معاونین مختلف طریق پرمہمانان مسیح کو جلسہ کے حوالہ سے ہر قسم کی معلومات فراہم کرنے کے لیے اپنے اپنے ذمہ کیے گئے کاموں کو تندہی سے انجام دے رہے ہیں۔
اس شعبہ کے دو حصے ہیں جس کے ذریعے حدیقۃ المہدی آنے جانے کے لیے ٹرانسپورٹ کی معلومات ،اندرون و بیرون ممالک فلائٹس کے شیڈولز، جلسہ سالانہ کے پروگرامز ، حدیقۃ المہدی میں قائم دفاتر کی لوکیشنز ، شاملین جلسہ کو مختلف سروسز فراہم کرنے والے اداروں کی تفصیل اور دیگر کسی بھی قسم کی ضروری معلومات فراہم کی جارہی ہیں۔ایک حصہ دفتر کی صورت میں جلسہ گاہ میں قائم ہے جہاں باقاعدہ کارکنان موجود رہتے ہیں اور وہاں آنے والے احباب جماعت کی مدد اور معاونت کرتے ہیں جبکہ دوسرا حصہ سوشل میڈیاکی ٹیم پر مشتمل ہے جواوپر ذکر کیے گئے تمام پلیٹ فارمز پرچوبیس گھنٹے ہحہ لمحہ لمحہ کی تازہ بتازہ صورت حال اپ ڈیٹس کررہے ہیں۔
نائب ناظم مکرم ذیشان اقبال صاحب بتاتے ہیں کہ چونکہ موجودہ دور میں عوام الناس کا رجحان واٹس ایپ کے استعمال کی طرف بہت زیادہ ہوگیا ہے اس لیے امسال شعبہ معلومات نے واٹس ایپ پر دو گروپس بنائے ہیں ۔ ایک گروپ کا نام Jalsa Salana Info 2023 ہےجس میں صرف مختلف معلومات جبکہ دوسرے گروپ Jalsa Salana Info Media 2023میں تصاویر اور مختصر ویڈیوز شیئر کی جاتی ہیں۔مکرم ذیشان صاحب بتاتے ہیں کہ ان دونوں گروپس کی مقبولیت کا یہ عالم ہےکہ چند دنوںمیں ہی اس کے ممبران کی تعداد ہزاروںمیں پہنچ گئی ۔ان دونوں گروپس میں صرف اور صرف ایڈمن حضرات ہی میسجز بھجواسکتے ہیں۔ان دونوں گروپس میں مندرجہ ذیل QRکوڈز کے ذریعہ مزید احباب جماعت شامل ہوسکتے ہیں۔
مکرم ذیشان صاحب کہتے ہیں کہ ان دونوں گروپس میں کافی تعداد میں ہمیں معلومات کے حوالہ سے رابطہ کیا جارہا ہے۔گذشتہ دن کسی غیر ملک سے آنے والے ایک مہمان گیٹ وِک ایئر پورٹ پر حدیقۃ المہدی آنے کے لیے پریشانی کے عالم میں تھے جب اُنہیں کوئی ٹرانسپورٹ نہیں مل رہی تھی ۔انہوں نے ہمارے واٹس ایپ گروپ کے ایک ایڈمن کو رابطہ کیا جس کے بعد ہم نے اُن کے لیے متعلقہ دفترجلسہ سے ٹرانسپورٹ کا انتظام کیا۔وہ مزید کہتے ہیں کہ جلسہ کے تمام ناظمین ہمیں اپنی معلومات اپ ڈیٹ کرتے رہیں تاکہ ہم ان گروپس کے ذریعہ احباب جماعت کے ساتھ شیئر کرسکیں۔
نائب ناظم شعبہ مکرم محمود مبشر صاحب جلسے کی مبارکباد دیتے ہوئے شاملین جلسہ سے دعا کی درخواست کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ اس شعبہ کے تمام کارکنان کو اپنے فضلوں سے نوازے اور بہترین خدمت دین کی توفیق عطا فرمائے۔آمین
شعبہ تربیت
جیسا کہ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے جلسہ کے پہلے روز خطبہ جمعہ میں شاملین جلسہ کو نصیحت کرتے ہوئے فرمایا کہ جلسہ میں شامل ہونے کا حقیقی مقصد یہ ہے کہ ہم اپنی علمی ، روحانی اوراخلاقی حالتوں میں بہتری پیدا کریں۔پس اس ارشاد کی روشنی میں شعبہ تربیت کے کارکنان جلسہ میں شامل ہونے والے احباب جماعت کی توجہ جلسہ میں ہونے والے خطابات اور تقاریر سننے کی طرف مبذول کرواتے ہیں ۔ اس ضمن میں حدیقۃ المہدی میں فرائض کی ادائیگی بہترین طریق پر بجالانے کے لیےمکرم نثار آرچرڈ صاحب سیکرٹری جماعت احمدیہ یوکے کی زیر نگرانی شعبہ تربیت کو پانچ زون میں تقسیم کیا گیا ہےجن میں تقریباً ایک سو دس کارکنان خدمات انجام دے رہے ہیں۔مکرم محمد اکبر صاحب اور مکرم عثمان چودھری صاحب کی سرکردگی میں آٹھ کارکنان کی ایک ٹیم تہجد اور فجر کی نمازوں کے لیے رات ڈھائی بجے سے ہی صلِ ّعلیٰ کی آوازوں کے ساتھ احباب جماعت کو اُٹھانے کی ذمہ داری بھی احسن رنگ میں انجام دیتی ہے۔
کارکنان شعبہ تربیت
دفتر شعبہ تربیت جلسہ سے ایک ہفتہ پہلے ہی حدیقۃ المہدی میں اپنی ذمہ داریوں کا آغاز کردیتا ہے ۔ جلسہ کی تیاریوں کے سلسلہ میں یہاں رہائش رکھنے والے کارکنان کو نمازوں کی یاددہانی کروانا، ادائیگی نماز کی جگہ کی مکمل تیاری اور امام الصلوٰۃ کے تقرر اور خاص طور پر حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی جانب سے معائنہ تیاری جلسہ کے دن اس شعبہ کے کارکنان اپنے فرائض خوب تندہی سے انجام دیتے ہیں۔
اس شعبہ کے پانچ زونز ہیں ۔ہر زون میں کارکنان کی تعداد مختلف ہے جو ایک نگران کے تحت اپنے فرائض ادا کرتے ہیں۔یہ جلسہ میں شامل ہونے والے احباب جماعت اور دیگر شعبہ جات میں خدمات انجام دینے والے رضاکاران کو ادائیگی نماز ، تقاریر اور خطابات سُننے کی طرف توجہ کرواتے ہیں جبکہ تمام شاملین جلسہ کو حضور انور کی نصائح کی روشنی میں آپس میں پیار محبت کا سلوک رکھنے کی بھی تلقین کرتے ہیں۔
- زون نمبر ایک پرائیویٹ ٹینٹ اور رہائشی حصہ پر مشتمل ہے۔نگران مکرم ساجد ارائیں صاحب ہیں جبکہ کارکنان کی تعداد ۲۵ ؍ہے۔
- زون نمبر دو ٹی اسٹال ایریا پر مشتمل ہے جس کے نگران مکرم پرویز احمد صاحب ہیں اور ۲۰؍کارکنان شامل ہیں۔
- زون نمبر تین بازار اور اس سے ملحقہ ایریا پر مشتمل ہے ۔ مکرم تصور خورشید صاحب نگران ہیں جبکہ ۳۰؍ کارکنان ہیں۔
- زون نمبر چار جلسہ گاہ کی مین مارکی کے باہر کا ایریا کی نگرانی مکرم نثار آرچرڈ صاحب اور ۱۵؍ کارکنان کرتے ہیں۔
- زون نمبر پانچ میں کار پارک کی حدود شامل ہیں جبکہ مکرم مبارک چیمہ صاحب ۲۰؍ کارکنان کے ساتھ خدمت بجا لاتے ہیں۔
اس کے علاوہ جلسہ گاہ میں بھی دوران تقاریر اور خطابات شعبہ تربیت کے اراکین جن میں بچے بھی شامل ہیں مختلف پوسٹرز اُٹھائے احباب جماعت کو خاموشی برقرار رکھنے اور توجہ سے مقررین کو سُننے کی طرف توجہ دلاتے رہتے ہیں۔جلسہ کے ایک ہفتہ بعد تک اس شعبہ کا حدیقۃ المہدی میں قیام رہتا ہے ۔اللہ تعالیٰ اس شعبہ کے تمام اراکین کو اپنے خاص فضلوں سے نوازے۔ آمین
شعبہ پانی کی سپلائی
جلسہ سالانہ برطانیہ چونکہ عموماًگرمی کے مہینے ماہ جولائی کے آخری ہفتہ میں منعقد کیاجاتا ہے اس لیے موسم کی شدت کی وجہ سے بار بار پانی کی پیاس بھی لگتی ہے۔ دوران جلسہ جب تقاریر اور خاص طور پر پیارے آقا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطابات ہورہے ہوتے ہیں تو اُس وقت احباب جماعت کو پانی پلانے کا خصوصی انتظام کیا جاتا ہے جس کے لیے باقاعدہ شعبہ پانی کی سپلائی اپنی ذمہ داری ادا کرتا ہے۔ اس شعبہ میں پانچ نائبین سمیت دس کارکنان کے علاوہ امسال یوکے ، جرمنی ، کینیڈا اور امریکہ کی جماعتوں کے ۲۲۵؍ بچےبھی جلسہ گاہ میں احباب جماعت کو پانی پلانے کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
کارکنان شعبہ پانی کی سپلائی
مکرم محمد طارق صفدر صاحب سال ۲۰۰۹ء سے اس شعبہ کے ناظم کی حیثیت سے خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔پانچ نائبین کے علاوہ مزید پانچ کارکنان بھی ان کے ساتھ خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔جلسہ گاہ میں احباب جماعت کو پانی پلانے والے بچوں کا ایک گروپ بنادیاجاتا ہے جس کا نگران ایک نائب ناظم کومقررکیا جاتا ہے ۔بچوں میں اس خدمت کے لیے اتنا جذبہ ہے کہ جلسہ کے آغاز پر ہی بےشماربچے اپنا نام رجسٹرڈ کروانے آجاتے ہیں اور بعض اوقات تعداد زیادہ ہونے کی وجہ سے بچوں کو روکنا بھی پڑتا ہے جس سے وہ انتہائی اُداس بھی ہوجاتے ہیں۔
مکرم ناظم صاحب بتاتے ہیں کہ یہ شعبہ جلسہ کے موقع پر جمعرات تا اتوار انتہائی احسن انداز میں اپنے فرائض کی ادائیگی کرتا ہے۔ان کے پاس پانی کی تین مختلف سائز کی بوتلوں کا اسٹاک ہوتا ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر۳۳۰؍ ملی لیٹر پانی کی چار سو بوتلیں ،ڈیڑھ لیٹر والی پانچ سو بوتلیں جبکہ پانچ لیٹر والی آٹھ سو بوتلیں استعمال ہوتی ہیں۔اس شعبہ کے بڑے اور بچے پانی کی بوتل خالی ہونے پر دوسری بوتل لینے کے لیے شعبہ کے کیمپ میں آتے ہیں ۔ اس طرح دن بھرمیں انہیں کئی چکر لگانے پڑتے ہیں لیکن کبھی کسی بھی کارکن نے شکوےیا تھکن کا اظہارنہیں کیابلکہ بڑے ذوق و شوق اور نئے عزم کے ساتھ سے مہمانان مسیح کی خدمت کرتے چلے جاتے ہیں۔اللہ تعالیٰ اس شعبہ کے کارکنان پر اپنا خاص فضل فرمائے اور بہترین جزائے خیر عطا فرمائے۔ آمین