جماعت احمدیہ فن لینڈ میں افطار ڈنر
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ فن لینڈ کو شعبہ تبلیغ کے زیر اہتمام مورخہ ۲۴؍مارچ ۲۰۲۴ء بروز اتوار اپنا دُوسرا افطار ڈنر پروگرام منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ اس کو ’’بِگ افطار‘‘ کا نام دیا گیا۔ اس پروگرام کا اصل مقصد یہ تھا کہ فن لینڈ میں موجود زیادہ سے زیادہ غیر از جماعت احباب تک اسلام کا حقیقی پیغام پہنچایا جائے اور مل بیٹھ کر بات چیت کے ذریعہ اسلام سے متعلق غلط تصورات کو دُور کرنے کی کوشش کی جائے اور ساتھ ہی ساتھ لوگوں کو رمضان کے بابرکت مہینہ کی اہمیت سے آگاہ کیا جائے۔
پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کے بعد مکرم عطاء الغالب صاحب نیشنل صدر جماعت احمدیہ فن لینڈ نے تعارفی کلمات کہے اور مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ اس کے بعد احباب کو جماعت احمدیہ سے متعلق مختصر تعارفی ویڈیو دکھائی گئی۔ بعد ازاں شاہد محمود کاہلوں صاحب مبلغ انچارج فن لینڈ نے روزوں کی حکمت بیان کی۔ پھراذان دی گئی اور کھجوروں سے روزہ افطار کیا گیا۔
اس پروگرام میں اللہ کے فضل سے ۶۲؍غیر از جماعت مہمان شامل ہوئے۔ ان مہمانوں میں مقامی سیاستدان، چرچ کے نمائندگان، میڈیا سے تعلق رکھنے والے، پروفیسرز اور دُوسرے شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے مہمان شامل تھے۔ اس دفعہ پروگرام میں انگریزی کے ساتھ ساتھ فِنش زبان میں بھی ترجمہ پیش کیا جاتا رہا۔ مہمانوں کے لیے بک سٹال بھی لگایا گیا اور تمام مہمانوں میں مُفت کتب اور انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہ پروگرام بہت ہی کامیاب رہا اور مہمانوں نے بہت مثبت تاثرات کا اظہار کیا۔
شاملین کا کہنا تھا کہ ہمیں اس پروگرام سے اسلام احمدیت کے متعلق بہت کچھ سیکھنے کو ملا ہے اور جماعت دُنیا میں امن پھیلانے کے لیے جو کوششیں کر رہی ہے اس کے بارے میں آگاہی ملی ہے جو یقیناً اس وقت کی ضرورت ہے اور اس طرح کے پروگرام معاشرہ میں ایک دُوسرے کے درمیان بھائی چارے کے فروغ کے لیے بہت ضروری ہیں ۔ رمضان سے متعلق بھی آگاہی حاصل ہوئی اور یہاں کا ماحول بہت پُرجوش اور پُر امن تھا اور مہمان نوازی بہت اعلیٰ تھی۔
اللہ تعالیٰ ہماری ادنیٰ کوششوں میں برکت ڈالے اور ہم اکناف عالم میں حقیقی اسلام احمدیت کا پیغام پھیلانے والے ہوں۔ آمین
٭…٭…٭