خطبہ نکاح فرمودہ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز
حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے 25 اپریل 2015ء بروز ہفتہ مسجد فضل لندن میں درج ذیل نکاحوں کا اعلان فرمایا:۔
خطبہ مسنونہ کی تلاوت کےبعدحضرت امیرالمومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا:۔
اس وقت مَیں چند نکاحوں کے اعلان کروں گا۔ پہلا نکاح عزیزہ زینب خان بنت مکرم مبارک احمد خان صاحب جرمنی کا ہے جوعزیزم سعید احمد رفیق مبلغ سلسلہ، مربی سلسلہ ابن مکرم رفیق احمد صاحب جرمنی کے ساتھ اڑھائی ہزار پاؤنڈ حق مہر پر طے پایا ہے ۔
جیسا کہ مَیں نے بتایا کہ سعید احمد مُون مربی سلسلہ ہیں اور یہ دونوں فریق اللہ تعالیٰ کے فضل سے انتہائی وفا کے ساتھ خلافت سے اپنا تعلق رکھنے والے ہیں ۔ عزیزہ جرمنی میں ایک دفعہ اپنے والدین کے ساتھ مجھے ملنے آئیں اور رشتہ کی بات ہوئی تو وہیں میں نےان کو یہ رشتہ تجویز کیا اور تھوڑی دیر کے بعد انہوں نے وہیں کہا کہ ٹھیک ہے، ہم Consider کریں گے ۔ اور چند دن میں ہی آپس میں دونوں کے رابطے ہو ئے ۔ دعا کی اور اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہ رشتہ طے ہو گیا ۔ کسی کی طرف سے کوئی اعتراض نہیں ہوا بلکہ حقیقت میں تو یہ کہنا چاہئے کہ آدھے گھنٹے کے اندر اندر یہ رشتہ طے ہوا اور بڑے اخلاص سے دونوں طرفوں نےمظاہرہ کیا ۔ جب میں نے کہا کہ یہ رشتہ کرلیں تو انہوں نے رشتہ کر لیا ۔ اللہ تعالیٰ کرے یہ قائم ہونے والا رشتہ آئندہ بھی ہمیشہ وفا کے ساتھ خلافت سے بھی تعلق رکھنے والا ہو اور آپس میں بھی ان کا محبت اور پیار کا تعلق ہو اور آئندہ ان کی نسلیں بھی نیک، وفا شعار اور جماعت کی خدمت گزار ہوں۔ مکرم مبارک احمد صاحب ظفر بچی کے وکیل ہیں ۔
حضور انور نے فریقین میں ایجاب و قبول کروایا اور پھر فرمایا:۔
دوسرا نکاح عزیزہ سدرہ حق واقفۂ نو کا ہے یہ مکرم ڈاکٹر شمس الحق طیب صاحب شہید کی بیٹی ہیں اور یہ عزیزم محمد منصور سلطان (وقف نو) ابن مکرم محمد اصغر سلطان صاحب کے ساتھ طے پایا ہے جو لاہور میں ہیں۔ جیسا کہ میں نے بتایا عزیزہ شہید کی بیٹی ہیں ۔ اللہ تعالیٰ یہ رشتہ ہرلحاظ سے بابرکت کرے اور لڑکے کو بھی شہید کی بچی کا ہرلحاظ سے خیال رکھنے کی توفیق دے اور شہید کی بچی بھی اپنے والد کی وفا کو ہمیشہ قائم رکھنے والی ہو اور جماعت سے تعلق رکھنے والی ہو اور ہر لحاظ سے یہ رشتہ بھی کامیاب ہو اور آئندہ نسلوں کا بھی جماعت سے وفا کا تعلق ہمیشہ رہے ۔ دلہن کے وکیل عبدالماجد طاہر صاحب ہیں اور دلہا کے وکیل مکرم بشارت احمد صاحب ہیں ۔ دونوں فریقین یہاں نہیں ہیں۔
حضور انور نے فریقین میں ایجاب و قبول کروایا اور پھر فرمایا:
اگلا نکاح عزیزہ منزہ فرحت بنت مکرم مقصود احمد صاحب لندن کا ہے جو عزیزم علی شہاب (واقف نو) ابن مکرم چوہدری عبد الغفور صاحب کے ساتھ دس ہزار پاؤنڈ حق مہر پرطے پایا ہے ۔ بچہ بھی واقف نو ہے ۔ اللہ کرے یہ رشتہ بھی ہر لحاظ سے بابرکت ہو۔ لڑکا اور لڑکی بھی اپنے وقف کے مقام کو سمجھتے ہوئے آئندہ بھی جماعت کی خاطر قربانی کرنے والے ہوں ۔ اور اگر یہ وقف نو بچہ جماعت کی خدمت کیلئے باقاعدہ آتا ہے تو اس کے ساتھ اپنی زندگی نہایت قناعت اور صبر اور وفا سے گزارنے والی ہو۔ اور دونو ں ایک دوسرے کا خیال رکھنے والے ہوں ۔
حضور انور نے فریقین میں ایجاب و قبول کروایا اور پھر فرمایا:۔
اب دعا کرلیں اللہ تعالیٰ یہ تمام رشتے ہر لحاظ سے بابرکت فرمائے ۔
(مرتبہ:۔ظہیر احمد خان مربی سلسلہ۔انچارج شعبہ ریکارڈ دفتر پی ایس لندن)