وہ جو مدّھم سی صدا اُٹھی تھی ہندوستان میں
بند تم نے کر دئیے جلسے جو پاکستان میں
کُل جہاں میں ہو رہے ہیں، منفرد ہیں شان میں
جھولیاں بھر بھر کے ملتا ہے مقدس مائدہ
برکتیں ہیں بے بہا مہدؑ ی کے دستر خوان میں
شش جہت میں گونجتی ہے آج اُس کی بازگشت
وہ جو مدھم سی صدا اُٹھی تھی ہندوستان میں
جب ہمارے درمیاں تشریف فرما ہوں حضور
گنگنا اُٹھتے ہیں دل خوشیوں کے سائبان میں
تین دن تک جب برستی ہے نصائح کی پھوار
اور بڑھ جاتے ہیں دل افزائشِ ایمان میں
شش جہت میں گونجتی ہے آج اُس کی بازگشت
وہ جو مدھم سی صدا اُٹھی تھی ہندوستان میں
ایک ننھے سے شگوفے سے گلستاں بن گیا
ایک قطرہ ڈھل گیا برسات کے باران میں
اِک ستارے میں نہاں تھیں کہکشائیں اَن گنت
ایک انساں ڈھل گیا اِک عالمِ گنجان میں
شش جہت میں گونجتی ہے آج اُس کی بازگشت
وہ جو مدھم سی صدا اُٹھی تھی ہندوستان میں
الغرض میں نام گنواؤں تو کس کس ملک کا
سب کے سب باندھے گئے بیعت کے پیمان میں
شکریہ تیرا ادا کرتے ہیں ربِ ذوالجلال
تو نے ہر پل دی ترقی دین کے میدان میں
شش جہت میں گونجتی ہے آج اُس کی بازگشت
وہ جو مدھم سی صدا اُٹھی تھی ہندوستان میں
جب بصد حسرت وطن کو الوداع کہنا پڑا
اِک توکل کے سِوا کُچھ بھی نہ تھا سامان میں
خوف کی حالت کو بدلا امن میں اللہ نے
ہم پہ اپنا ہاتھ رکھا اُس نے ہر بحران میں
شش جہت میں گونجتی ہے آج اُس کی بازگشت
وہ جو مدھم سی صدا اُٹھی تھی ہندوستان میں
ایم ٹی اے کا ہو بھلا یہ زخم فرقت کی دوا
اِس کا حصہ خُوب ہے اس درد کے درمان میں
گھر میں ہر اِک احمدی کے جلوہ فرما ہیں حضور
تازگی آتی ہے اُن کو دیکھ کر ایمان میں
شش جہت میں گونجتی ہے آج اُس کی بازگشت
وہ جو مدھم سی صدا اُٹھی تھی ہندوستان میں
سلسلہ جلسوں کا امریکہ میں ، کینیڈا میں بھی
پھر تسلسل جرمنی میں ، ہند میں، جاپان میں
نُورِ حق سے جگمگا اُٹھا ہے افریقہ بھی آج
سب پہ بازی لے گیا مہدؑ ی کی وہ پہچان میں
شش جہت میں گونجتی ہے آج اُس کی بازگشت
وہ جو مدھم سی صدا اُٹھی تھی ہندوستان میں
آؤ دیکھو کس نے دنیا میں طنابیں گاڑ دیں
بڑھ گیا ہے کون دیکھو رُشد اور بُرہان میں
ہم تو خو شبو کی طرح پھیلے جہاں میں چار سُو
ہر جگہ عرشیؔ رہے ہم سایۂ رحمان میں
شش جہت میں گونجتی ہے آج اُس کی بازگشت
وہ جو مدھم سی صدا اُٹھی تھی ہندوستان میں
کس میں ہے وحدت ، خلافت ، اور منظم کون ہے
کون ہے بازار کی اک بھیڑ کے فرمان میں
کس کو حُجرے میں محمدؐ کے ملی جائے اماں؟
کون بیٹھا رہ گیا اِبلیس کے دالان میں؟
شش جہت میں گونجتی ہے آج اُس کی بازگشت
وہ جو مدھم سی صدا اُٹھی تھی ہندوستان میں
ہم خدا کے ہاتھ کے بوئے ہوئے وہ بیج ہیں
جو اُگے شہروں میں ، ویرانوں میں، ریگستان میں
وہ ہوا کے دوش پر دنیا میں پھیلائی گئی
جو صدا تم نے دبانا چاہی پاکستان میں
شش جہت میں گونجتی ہے آج اُس کی بازگشت
وہ جو مدھم سی صدا اُٹھی تھی ہندوستان میں
(ارشاد عرشیؔ ملک)