یورپ (رپورٹس)

سویڈن کے ایک سکول Ädelfors Folkhögskola میں تبلیغی پروگرام کا بابرکت انعقاد

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ سویڈن کو بھی مختلف تبلیغی پروگرامز منعقد کرنے کی توفیق مل رہی ہےجن میں بُک سٹالز ، ٹی وی پروگرامز کے علاوہ تبلیغی نشستیں بھی شامل ہیں۔ اسی طرح کی ایک تبلیغی نشست مورخہ 22 نومبر 2018ء بروز اتوار سویڈن کے ایک سکول Ädelfors Folkhögskolaمیں منعقد ہوئی۔ اس پروگرام کا مقصد مختلف اقوام سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو جمع کر کے جماعت احمدیہ یعنی حقیقی اسلام کی خوبصورت تعلیم پیش کرنا تھا اور ان اقوام کے مابین ہم آہنگی اور پُر امن میل جول پیدا کرنا تھا۔ چنانچہ سویڈش لوگوں کے علاوہ عرب ممالک، ایران، ترکی ، افغانستان وغیرہ سے تعلق رکھنے والے لوگ پروگرام میں شامل ہوئے۔ خاکسار چونکہ حال ہی میں سویڈن آیا ہے اس لئے خاکسار مع فیملی پاکستان کی نمائندگی کر رہا تھا۔

تلاوت قرآ ن کریم مع سویڈش ترجمہ کے بعد مختلف اقوام کے لوگوں نے اپنے اپنے ملک کا تعارف پیش کیا۔ خاکسار نے پاکستان کے تعارف پر مبنی اپنی تقریر میں دیگر اہم شخصیات کے علاوہ محترم چوہدری سر محمد ظفر اللہ خان صاحب اور محترم ڈاکٹر عبد السلام صاحب کا بھی ذکر کیا۔ جس کے ساتھ ساتھ خاکسار کے بیٹے نے پروجیکٹر کے ذریعہ سکرین پر تصاویر بھی دکھائیں۔

پروگرام کے مطابق خاکسار کی اہلیہ نے حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ و السلام کا نعتیہ فارسی منظوم کلام ’’جان و دلم فدائے جمال محمد است‘‘ترنم کے ساتھ پڑھنے کی توفیق پائی۔یہ کلام مسلمان حاضرین کے دلوں پر اتنا اثر انداز ہوا کہ انہوں نے نظم کے الفاظ ’’جمال محمدؐ، آل محمدؐ، جلال محمدؐ، کمال محمدؐ وغیرہ ساتھ ساتھ دہرائے۔ حاضرین میں ایک بہت بڑی تعداد نے اس نعتیہ کلام کی بہت تعریف کی اور اپنے تأثرات و جذبات کا اظہارکیا۔

٭…ایک ایرانی دوست نے بہت خوشی کا اظہار کیا کہ آپ نے آنحضرت صلی اللہ علیہ و سلم کی شان میں اتنی اعلیٰ نعت پڑھی ہے۔
٭…ایک افغانی خاتون نے بطورِ خاص مبارکباد دی کہ آپ نے یہ نعتیہ کلام بہت اچھے پیرایہ میں پیش کیا۔
٭…شام سے تعلق رکھنے والی ایک فیملی نے بھی آنحضرت صلی اللہ علیہ و سلم کی شان میں پڑھی جانے والی نعت کو بہت سراہا۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہ پروگرام بہت کامیاب اور بابرکت رہا جس کے ذریعہ سے اسلام احمدیت یعنی حقیقی اسلام کا پیغام مختلف اقوام تک پہنچانے کی توفیق ملی۔ اس پروگرام کی حاضری تقریباً 200رہی۔
خدا کرے کہ ہم ممبران جماعت احمدیہ سویڈن کو اسلام احمدیت اور حضرت اقدس مسیح موعود و مہدیٔ معہود علیہ الصلوٰۃ و السلام کا پیغام کما حقہ لوگوں تک پہنچانے کی توفیق نصیب ہو۔ آمین۔

٭…٭…٭

(رپورٹ: چوہدری عطاء الرحمٰن)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button