نیشنل قرآن ٹریننگ کلاس (زیرِ انتظام مجلس انصار اللہ سیرالیون)
(نمائندہ الفضل سیرالیون)محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے قیادت تعلیم القرآن کے تحت مورخہ24؍تا25؍ اگست کو ریجنل سیکرٹریان تعلیم القرآن کے لیے نیشنل ہیڈ کوارٹر فری ٹاؤن میں تعلیم القرآن ٹریننگ کلاس کا انعقاد کیا گیا، جس میں سیرالیون کے 13ریجنز کے سیکرٹریان شامل ہوئے۔
کلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کے بعد مکرم طاہر احمد فرخ صاحب(ریجنل مبلغ مکینی)نے تلاوت قرآن کریم کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور بعض بنیادی امور کی طرف توجہ دلائی۔
کلاس کا دوسرا لیکچر ‘تجوید’کے بارے میں تھا۔ مکرم حافظ اسد اللہ صاحب (مبلغ سلسلہ )نے بعض مشکل الفاظ اور آیات تجوید کے ساتھ بیان کیں تا ان قواعدکے مطابق قرآن مجید کی صحیح تلاوت سکھلائی جاسکے۔
محترم نصیر احمد قریشی صاحب نے عربی کی بنیادی گرائمر پڑھائی اور فعل ماضی اور مضارع کی بعض گردانیں یاد کروائیں۔
تعلیم القرآن کے ساتھ ساتھ اس طرف بھی توجہ کی گئی کے سیکرٹریان تعلیم القرآن کو نماز کا ترجمہ بھی سکھایا جائے۔ چنانچہ اس سلسلہ میں مکرم محمد نعیم اظہرصاحب (ریجنل مبلغ فری ٹاؤن)نے سیکرٹریان کو نماز باترجمہ یاد کروائی۔
کلاس کے دوسرے روز تمام سیکرٹریان تعلیم کا امتحان بھی لیا گیا جس میں تمام سیکرٹریان کامیاب رہے۔ الحمد للہ
اللہ تعالیٰ کے فضل سے تمام احباب نے بہت دلچسپی کے ساتھ یہ دو دن گذارے اور بہت توجہ کے ساتھ سارے لیکچرز سنے اور بہت سی چیزیں سیکھیں۔
مکرم سعیدالرحمٰن صاحب امیر ومشنری انچارج سیرالیون نے اختتامی تقریر کی اور شاملین کو اسناد سے نوازا۔
اللہ تعالیٰ ہم سب کو قرآن پاک کے نور سے منور ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔
(رپورٹ: منیر حسین ،قائد تعلیم القرآن، مجلس انصاراللہ سیرالیون)