یورپ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ مالٹا کی سالانہ نیشنل بک فیئر میں کامیاب شرکت

(لئیق احمد عاطف۔ مبلغ سلسلہ و صدر جماعت احمدیہ مالٹا)

مقامی زبان میں اسلامی لٹریچر کی تقسیم اور اسلامی تعلیمات کا پرچار

اس تحریر کو بآواز سننے کے لیے یہاں کلک کیجیے:

خداتعالیٰ کےفضل وکرم سے مالٹا کے دارالحکومت Vallettaکی ایک تاریخی عمارت Mediterranean Conference Centre میں جماعت احمدیہ مالٹا کو سالانہ نیشنل بک فیئرمنعقدہ 6؍تا 10؍نومبر 2019ء میں شرکت کی توفیق ملی اور اسلام احمدیت کی تبلیغ اور تعلیمات کے پرچار کا موقع نصیب ہوا۔ جماعت احمدیہ اس بک فیئر میں شرکت کرنے والی واحد اسلامی تنظیم ہے اور یہ سلسلہ بفضلہ تعالیٰ 2012ء سے جاری و ساری ہے۔ فالحمدللہ علیٰ ذلک

جماعتی سٹال پر قرآن کریم کا انگریزی ترجمہ نیز عربی، انگریزی اور مالٹی زبان میں جماعتی کتب رکھی گئی تھیں جن میں مالٹی زبان میں تبلیغی رسالہ Id-Dawl (روشنی)اور دورانِ سال شائع ہونے والی پانچ کتب بھی شامل تھیں۔ مالٹی زبان میں اب تک شائع ہونے والے لٹریچر کی کل تعداد 66ہے۔ اس کے علاوہ تبلیغی رسالہ کے 22 شمارہ جات بھی شائع ہوچکے ہیں۔ اسی طرح ریویو آف ریلیجنز کے مختلف شمارہ جات جماعتی سٹال پر موجود تھے اور کافی تعداد میں تقسیم ہوئے۔

اس دوران سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں نے جماعتی سٹال کو وزٹ کیا اور جماعتی لٹریچر حاصل کیا۔ 1400سے زائد پمفلٹ اور کتب تقسیم کرنے کی توفیق ملی۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی کتاب World Crisis and the Pathway to Peace کی بھی درجنوں کاپیاں تقسیم کی گئیں اور لوگوں کو اس کتاب کے حوالہ سے تفصیلی تعارف بھی کرایا جاتا رہا۔ اسی طرح لوگوں نے قرآن کریم کا انگریزی ترجمہ بھی حاصل کیا اور آئندہ جماعتی لائبریری میں آنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا تاکہ مزید کتب مطالعہ کے لئے حاصل کرسکیں۔

بک فیئر کے موقع پر زائرین کو حضرت اقدس مسیح موعودؑ کی آمد اور بعثت کا مقصد نیز جماعت احمدیہ اور دیگر مسلمان فرقوں میں فرق کے بارہ میں تفصیلات بتانے کا موقع ملتا رہا۔ لوگوں نے اسلام سے متعلق مختلف سوالات بھی کیے جن کے جواب دینے کی سعادت نصیب ہوتی رہی۔
قارئین الفضل کی خدمت میں دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کاوشوں کے مبارک ثمرات مرتب فرمائے۔ آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button