جماعت احمدیہ گیمبیا کے 43 ویں جلسہ سالانہ کا کامیاب اور بابرکت انعقاد
امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی طرف سے خصوصی پیغام
تعلیمی و تربیتی موضوعات پر ٹھوس تقاریر۔مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والےمہمانوں کی شرکت
جماعت احمدیہ گیمبیا کو امسال مورخہ 27تا 29؍اپریل 2019ء اپنا جلسہ سالانہ بڑی کامیابی سے منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ یہ جلسہ مسرور سینئر سکینڈری سکول میں منعقد ہوا۔
جلسہ سالانہ سے دو دن قبل بروز بدھ مکرم امیر صاحب گیمبیا نے جلسہ سالانہ کے انتظامات کا معائنہ کیا ۔ اور ناظمین و کارکنان جلسہ کو نصائح کیں۔ مہمانوں کی آمد جلسہ سالانہ سے دو دن قبل بدھ سے ہی شروع ہو گئی تھی۔ ہمسایہ ممالک سیرالیون ، گنی بساؤ اور سینیگال کے علاوہ یوکے، جرمنی،کینیڈا اور امریکہ سے بھی وفود اس پروگرام میں شامل ہوئے۔
اس سال جلسہ کا مرکزی عنوان رحمۃ للعالمینﷺ تھا۔ اللہ کے فضل سے جلسہ کے تینوں دن تہجد باجماعت کا اہتمام کیا گیا۔نیز درس القرآن اوردرس الحدیث کا بھی انتظام تھا ۔
پہلا دن
جلسہ گاہ میں حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا لندن سے براہ راست خطبہ جمعہ ایم ٹی اے پر سنا گیا۔ اس ذریعہ سے بکثرت غیر از جماعت احباب نے بھی حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا مبارک چہرہ دیکھا۔ بعد ازاں مقامی خطبہ ادا کیا گیا جس میں خاکسار کو اطاعت نظام جماعت کی اہمیت پر کچھ کہنے کا موقع ملا۔
جلسہ سالانہ کے موقع پر ایک نمائش بھی لگائی جاتی ہے۔ اس سال نمائش میں حضور ایدہ اللہ کی دنیا بھر میں منعقد ہونے والی مختلف تقریبات کو جن میں پارلیمنٹس سے خطابات اور پیس کانفرنسز شامل ہیں تصویری زبان میں پیش کیا گیا تھا۔ نمازِ جمعہ کے بعد مکرم ا میر صاحب نے نمائش کا افتتاح کیا۔
دوپہر کے کھانے کے بعدپرچم کشائی کی تقریب ہوئی۔ مکرم امیر صاحب نے جماعتی پرچم لہرایا ملکی پرچم وزیر اطلاعات و نشریات نے لہرایا۔
افتتاحی اجلاس کاآغاز شام چھے بجے کے قریب مکرم امیرصاحب کی زیر صدارت ہوا۔ افتتاحی اجلاس میں حضور انور ایدہ للہ تعالی بنصرہ العزیز کا خصوصی پیغام برموقع جلسہ سالانہ گیمبیا بھی پڑھ کر سنایا گیا۔
حضورایدہ اللہ تعالیٰ کے اس ایمان افروز پیغام کو تین لوکل زبانوں مینڈینکا ، فلا اور وولف میں بھی سنایا گیا۔ بعد ازاں مکرم امیر صاحب نے اپنی افتتاحی تقریر میں حاضرین جلسہ کو خوش آمدید کہا نیز قیام امن کے حوالہ سے آنحضور ﷺ کا اسوہ بیا ن کیا اور بتایا کہ قیام امن کے حصول کے لیے اسلام کی تعلیم پر عمل کرنا ضروری ہے۔اس کے بعدجن معزز مہمانوں نے اپنے خیالات کا ا ظہار کیا اور جلسہ سالانہ کی مبارک باد دی ان میں مکرم ابراہیم صلا صاحب (وزیر اطلاعات و نشریات )، مکرم O. J Jallow صاحب (سابق وزیر زراعت)گورنر لوئرریورریجن اور مکرم Bintang Karania, Alfusainey Jarjue صاحب (چیف فونی ایریا) شامل ہیں۔
جلسہ سالانہ میں اس سیشن سے پہلے ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت UDPکے سربراہ اور سابق وائس پریذیڈنٹ Hon. Ousainou Darboe صاحب نے نیشنل اسمبلی کے دیگر ممبران سمیت جلسہ گاہ کا دورہ کیا اور جلسہ سالانہ کے انعقاد پر مکرم امیر صاحب کو مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
نو مبائعین کے نمائندے نے بتایا کہ آج نماز جمعہ میں تلاوت ِقرآن کریم اور خطبہ جمعہ میں اللہ اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم کے ذکر نے ثابت کیا ہے کہ اصل راستہ احمدیت کا راستہ ہے۔ اور مَیں خوش ہوں کہ مَیں نے اس راستہ کو اختیار کیا۔الحمد للہ۔
نماز مغرب و عشاء کی ادائیگی کے بعد سوال و جواب کا پروگرام منعقد ہوا۔
جلسہ سالانہ کا دوسرا دن
جلسہ کے دوسرے دن مختلف تربیتی موضوعات پر مشتمل تقاریر ہوئیں۔ پہلی تقریر خاکسار نے ‘حضرت محمد رسول اللہ ﷺ بطور رحمۃ للعالمین’ کے موضوع پر کی۔‘احمدیت کیا ہے’ اس عنوان پر مولانا محمد ظہیر احمد صاحب نے روشنی ڈالی ۔ بعد ازاں ‘حضرت مسیح موعود ؑکا تعلق باللہ اور عشق رسولﷺ’ کے موضوع پر استاد ڈمبا باہ صاحب نے روشنی ڈالی ۔ نیز ‘خلافت احمدیہ نبوت کے نقش قدم پر’ پر مکرم ڈاکٹر تنویر احمد صاحب انچارج بصےکلینک نے تقریر کی۔ مکرم عبد الرحمٰن چام صاحب نے ‘اکیسویں صدی کے چیلنج اور ان کا حل ’کے موضوع پر تقریر کی۔
دوسرے دن لجنہ نے اپنا الگ اجلاس کیا۔لجنہ کے اجلاس میں مختلف تربیتی پہلوؤں پر پُر مغز تقاریر ہوئیں ان میں ‘نظام خلافت انسانیت کے لیے برکت’، ‘سیرت و سوانح حضرت نواب مبارکہ بیگم صاحبہ رضی اللہ عنہا’،‘حضور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشادات کی روشنی میں لجنہ اماء اللہ کی تربیتی ذمہ داریاں’ اور ‘عصر حاضر کی برائیاں اور پاکیزہ زندگی کے طریقے ’کے عناوین شامل تھے۔ لجنہ کے پہلے سیشن میں گورنر LRR ریجن نے خطاب کیا انہوں نے بتایا کہ وہ پہلی دفعہ جلسے میں آئی ہیں اور اس بات پر بہت خوشی کا اظہار کیا کہ لجنہ اپنا پروگرام علیحدہ منعقد کر رہی ہیں۔اس سیشن میں ہر سال کی طرح امسال بھی تعلیمی میدان میں اعلیٰ کارکردگی حاصل کرنے والی طالبات میں میڈلز اور انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔
جلسہ سالانہ کا تیسرا دن
اختتامی سیشن میں مکرم امیر صاحب نے تعلیمی میدان میں اعلیٰ کارکردگی حاصل کرنے والے طلباء میں میڈلز، تعلیمی سرٹیفکیٹس، قرآن کریم کے نسخے اور نقدی پر مشتمل انعامات تقسیم کیے۔ اس سیشن میں مکرم امیر صاحب نے جلسہ میں شامل ہونے والے مہمانوں کاشکریہ ادا کیا اور احباب جماعت کو جلسہ سالانہ پر کی گئی تقاریر پر عمل کرنے کی طرف توجہ دلائی۔ نیز حضور انور اید ہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خصوصی پیغام پر عمل کرنے کی طرف احباب جماعت کو خصوصاً توجہ دلائی۔ آخر پر مکرم امیر صاحب نے دعا کروائی اور یوں جلسہ سالانہ دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔
جلسہ سالانہ کو میڈیا نے غیر معمولی کوریج دی۔ نیشنل ٹی وی، سرکاری ریڈیو اور نیشنل اخبار ات میں جلسہ سالانہ گیمبیاکو خصوصی کوریج ملی۔
جلسے میں ڈیوٹی پر آنے والے پولیس افسران ہمیشہ اچھا اثر لے کر جاتے ہیں اور اس کا وہ برملا اظہار بھی کر دیتے ہیں ۔ایک پولیس آفیسر نے کہاکہ جلسہ سے پہلے جو میرے تاثرات تھے وہ جلسہ کے بعد بالکل مختلف ہو چکے ہیں۔ گیمبیا کے ماحول کے لحاظ سے عورتوں اور مردوں کا علیحدہ اجلاس غیر معمولی اثر پیدا کرتا ہے کیونکہ گیمبیا میں مذہبی پروگراموں میں سب اکٹھے شریک ہوتے ہیں ۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس سال جلسہ سالانہ میں 8500 سے زائد مرد و زن نے شرکت کی۔
(رپورٹ: سیّد سعید الحسن شاہ۔ نائب امیر اول و مبلغ انچارج دی گیمبیا)
٭…٭…٭
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ کو دنیا بھر میں جلسہ سالانہ منعقد کرنے کی توفیق مل رہی ہے گویا جماعت احمدیہ کے افراد کو سارا سال روحانیت کا موسم بہار میسر رہتا ہے اور وہ جدید ذرائع ابلاغ کے ذریعہ اس روحانی موسم بہار سے لطف اندوز ہوتے رہتے ہیں۔ جلسہ سالانہ جہاں افراد جماعت کی علمی و رحانی ترقی میں اہم کردار ادا کرتا ہے وہیں غیر از جماعت احباب کے لئے جماعت احمدیہ مسلمہ کو قریب سے دیکھنے اور جاننے کا بہترین موقع میسر آتا ہے ۔ اللہ کرے کہ روحانیت کے یہ موسم بہار اسی طرح ہمارے ایمان کی مضبوطی کے لئے جاری و ساری رہیں اور جو لوگ ان روحانی برکات سے محروم ہیں وہ بھی ان سے فیضیاب ہوں ۔آمین