برصغیر پاک و ہند میں موجود مقدس مقامات جن کو مسیح الزماں حضرت مسیح موعودؑ اور آپؑ کے خلفائے کرام ؓ اجمعین نے برکت بخشی
مقدمہ کے لیے ڈلہوزی جانا
حضرت صاحبزادہ مرزا بشیر احمد صاحبؓ ایم اے فرماتے ہیں:
‘‘بسم اللہ الرحمن الرحیم۔ بیان کیامجھ سے حضرت والدہ صاحبہ نے کہ ان سے حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے بیان فرمایا کہ ایک دفعہ میں کسی مقدمہ کے واسطے ڈلہوزی پہاڑ پر جا رہا تھا۔ راستہ میں بارش آگئی۔ مَیں اور میرا ایک ساتھی یکہ سے اتر آئے اور ایک پہاڑی آدمی کے مکان کی طرف گئے جو راستہ کے پاس تھا۔ میرے ساتھی نے آگے بڑھ کر مالک مکان سے اندر آنے کی اجازت چاہی مگر اس نے روکا۔اس پر ان کی باہم تکرار ہوگئی اور مالک مکان تیز ہو گیا اورگالیاں دینے لگا۔ حضرت صاحب نے فرمایا کہ میں یہ تکرار سُن کر آگے بڑھا۔ جونہی میری اور مالک مکان کی آنکھیں ملیں تو پیشتر اس کے کہ میں کچھ بولوں اس نے اپنا سر نیچے ڈال لیا اور کہا کہ اصل میں بات یہ ہے کہ میری ایک جوان لڑکی ہے۔ اس لیے میں اجنبی آدمی کو گھر میں نہیں گھسنے دیتا مگر آپ بے شک اندر آجائیں۔ حضرت صاحب فرماتے تھے کہ وہ ایک اجنبی آدمی تھا نہ میں اسے جانتا تھا اور نہ وہ مجھے جانتا تھا۔’’
(سیرت المہدی علیہ السلام تالیف لطیف حضرت قمر الانبیاء صاحبزادہ مرزا بشیر احمد صاحب جلد اول صفحہ6)