متفرق شعراء
ہے عرش پر مقام رسول کریمؐ کا
لازم ہے احترام رسولِ کریمؐ کا
ہے عرش پر مقام رسولِ کریمؐ کا
ہر ذرہ کائنات کا پڑھنے لگا درود
نکلا جو مُنہ سے نام رسولِ کریمؐ کا
دونوں جہان ہیں تو ہیں آپؐ کے لئے
ارض و سما تمام رسولِ کریمؐ کا
صلِّ علیٰ کا ورد ہے میری زبان پر
لب پر ہے میرے نام رسولِ کریمؐ کا
دونوں جہاں میں اسمِ محمدؐ کی روشنی
دونوں جہاں میں نام رسولِ کریمؐ کا
کس درجہ رام ہو گئے سنتے ہی سنگدل
شیریں ہے وہ کلام رسولِ کریمؐ کا
پڑھتا ہے خود خدا بھی درود آپؐ پر مدام
کتنا ہے احترام رسولِ کریمؐ کا
میری زبانِ شوقؔ پہ رہتا ہے ذکرِ خیر
دن رات صبح و شام رسول کریمؐ کا
(عبدالحمید شوق)