افریقہ (رپورٹس)

سیرالیون کے کینیما ریجن میں مسجد کا بابرکت افتتاح

(عبدالہادی قریشی۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل سیرالیون)

مکرم محمد نعیم اظہر صاحب ریجنل مبلغ کینیما ریجن، سیرالیون تحریر کرتے ہیں کہ محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے احمدیہ مسلم جماعت سیرالیون کو 12؍جنوری 2022ء کو کینیما ریجن کی جماعت Tormabu Drive میں ایک نئی مسجد کے افتتاح کی توفیق ملی۔ الحمدللہ

اس مسجد کا سنگِ بنیاد 13؍جون کو خاکسار، مکرم ڈاکٹر شیخو تامو صاحب نائب امیر اول، پرنسپل ناصر احمدیہ سیکنڈری سکول کینیما، لوکل مشنری اور لوکل عاملہ کے ممبران نے ایک سادہ سی تقریب میں رکھا تھا۔

یہ کینیما شہر میں جماعت احمدیہ کی پانچویں مسجد ہے اور یہ علاقہ نیا آباد ہوا ہے جو شہر سے قریباً 6کلومیٹر دور ہے۔ اس علاقے میں کچھ احمدی گھرانے بھی موجود ہیں۔ 2020ء سے اس علاقہ میں مسجد بنانے کی کوشش کی جارہی تھی چنانچہ ایک لوکل معلم عباس مصطفیٰ صاحب نے ایک ٹاؤن لاٹ جگہ خرید کر مسجد بنانے کے لیے وقف کردی۔

اس مسجد کا کل مسقف احاطہ 25×37 ؍ فٹ ہے اور اس میں 160؍افراد نماز ادا کرسکتے ہیں۔

12؍ جنوری 2022ء کو افتتاح کی تقریب کا باقاعدہ آغاز دن کےگیارہ بجے مکرم سعیدالرحمٰن صاحب امیرومشنری انچارج سیرالیون کی صدارت میں تلاوت قرآنِ کریم و ترجمہ سے ہوا جس کی سعادت مکرم اسماعیل کوروما صاحب کو حاصل ہوئی۔عربی قصیدہ کے بعد مہمانوں کا تعارف کروایا گیا۔

مکرم ڈاکٹر شیخو تامو صاحب نائب امیر اول نے اپنی تقریر میں اپنے قبول احمدیت کے واقعات سنائے جو کہ حاضرین کے لیے بہت ایمان افروز تھے۔ (حاضرین میں بہت سے غیر ازجماعت ائمہ بھی شامل تھے)۔

پیراماؤنٹ چیف محمد Fawai نے جماعت احمدیہ کی ترقی کے واقعات اور اس مسجد کی تعمیر کی ضرورت کے بارے میں اظہارِ خیال کیا۔

ریجنل چیف امام (غیر از جماعت)نے جماعت کی طرف سے مسجد کی تعمیر پر خوشنودی کا اظہار کیا اور کہا کہ جماعت احمدیہ ہر جگہ امن کا پیغام پھیلا رہی ہے اور جماعت احمدیہ کا کسی بھی جہادی تنظیم سے کوئی تعلق نہیں ہے اور یہ آنحضرت ﷺ کی سنت پر عمل کرنے کی تلقین کرتے ہیں۔

یونائیٹڈ کوسنل آف امامز کے چیئرمین شیخ سوارے صاحب نے کہا کہ جماعت احمدیہ کی ساری خوبصورتی خلافت کے نظام کی وجہ سے ہےاور اس وجہ سے ان میں Unity ہے۔

آخر میں مکرم امیرصاحب نے اپنے خطاب میں غیر از جماعت احباب کا شکریہ ادا کیا کہ وہ جماعت کی دعوت پر اس بابرکت تقریب میں شامل ہوئے۔ اس کے بعد آپ نے امام مہدی و مسیحِ موعود علیہ السلام کی صداقت کو قرآن کریم اور چاند و سورج گرہن کی پیشگوئیوں سے بیان کیا اور بتایا کہ آنحضرتﷺ کے بتائے ہوئے یہ نشان حضرت مرزا غلام احمد علیہ السلام کے حق میں پورے ہوچکے ہیں۔ اس کے علاوہ آپ نے مسجد کی تعمیر کامقصد اور اسلام کی خوبصورت تعلیمات پر روشنی ڈالی۔

اس کے بعد آپ نے فیتہ کاٹ کر مسجد کا باقاعدہ افتتاح کیا اور دعا کروائی۔ نمازِ ظہر باجماعت کی ادائیگی کے بعد حاضرین کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔

اس بابرکت تقریب میں ایک پیراماؤنٹ چیف، چیفڈم سپیکر، ڈسٹرکٹ امام، چیفڈم امام، آرمی امام و دیگر ائمہ، چیئرمین یونائیٹڈ کونسل آف امامز، ایک کرنل، ایک بٹالین کمانڈر اور دیگر نمایاں شخصیات سمیت 362 افراد نے شرکت کی جن میں 73غیر ازجماعت احباب بھی شامل تھے۔

بروز پیر سٹار لائن ریڈیو نے مسجد کے افتتاح کی تقریب کے اکثر حصے کو نشر کیا جس میں مکرم امیرصاحب کی تقریر، اورمقررین کی تقاریر کے علاوہ لوگوں کے انٹرویو بھی نشر کیے گئے۔ یہ ریڈیو کینیما شہر میں سب سے زیادہ سنا جانے والا ریڈیو ہے۔

جمعہ کے روز ایک ریڈیو Vote FM نے خاکسار کا انٹرویو نشر کیا جس میں جماعت احمدیہ سے متعلق سوالات کے جوابات دیے گئے اور جماعت کا تعارف کروایا گیا۔ الحمد للہ اس مسجد کی تعمیر کے ذریعے اور اس کی افتتاح سے بہت سے لوگوں کو جماعت کا پیغام پہنچا۔ ہفتہ کے روز ایک غیر ازجماعت امام احمدیہ مسجد تشریف لائے اور کہا کہ انہوں نے خواب میں دیکھا ہے کہ انہیں اس جگہ مشرق کی طرف سے بہت تیز روشنی پڑتی دکھائی دی اور جس جگہ وہ روشنی پڑ رہی ہے وہ بھی بہت روشن دکھائی دے رہی ہے۔ یہ صا حب مسجد کے افتتاح میں شامل نہیں ہوئے تھے لیکن اس خواب کے بعد مسجد دیکھنے آئے تھے۔

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس مسجد کو حقیقی نمازیوں سے ہمیشہ آباد رکھے۔ آمین۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button