مالی کے گاؤں جلاکورو(Djalakoro)میں مسجد اللطیف کا افتتاح
مکرم احمد بلال صاحب، مبلغ سلسلہ سکاسو ریجن، مالی تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ مالی کو ریجن کیاں کے ایک گاؤں جلاکورو(Djalakoro)میں ایک مسجد تعمیر کرنے کی توفیق ملی۔
اس گاؤں میں احمدیت کا پیغام مکرم عبد اللہ دابرے صاحب لوکل مشنری کی تبلیغ سے تقریباً چھ سال قبل پہنچا۔ جس پر یہاں کے ایک قرآن کریم کے مدرس مکرم مالک جاکیتے صاحب کو احمدیت قبول کرنے کی توفیق ملی۔ اس کے بعد اللہ تعالیٰ کے فضل سے لوکل مشنری صاحب اور جاکیتے صاحب کی تبلیغی کاوشوں سے متعدد خاندانوں کو اس گاؤں میں احمدیت قبول کرنے کی توفیق ملی اور یہاں ایک مضبوط جماعت قائم ہوگئی۔
اس گاؤں میں پہلے سے موجود مسجد کچی تھی اور چھوٹی ہونے کے باعث نمازیوں کے لیے کافی نہ تھی۔ اس پر مکرم ظفر احمد بٹ صاحب امیرو مشنری انچارج مالی کی منظوری سے یہاں جماعت احمدیہ کو ایک خوبصورت مسجد کی تعمیر کی توفیق ملی ہے۔ اس مسجد کی تعمیر کے ساتھ جماعت احمدیہ مالی اب تک 61 مساجد کی تعمیر کی توفیق پاچکی ہے اور اللہ کےفضل سے یہ سلسلہ جاری ہے۔
اس مسجد کا سنگِ بنیاد خاکسار (مبلغ سلسلہ سکاسوریجن) نے مورخہ 8؍جنوری 2022ء کو ایک سادہ تقریب میں رکھا تھا۔ اس مسجد کا کل مسقف احاطہ8×12 میٹر ہے۔ اس کے ساتھ ملحقہ صحن کی چوڑائی 12میٹر اور لمبائی4 میٹر ہے۔ اس مسجد میں تقریباً 200 افراد کے نماز پڑھنے کی گنجائش موجود ہے۔ نمازیوں کی سہولت کے لیے بیت الخلاء اور غسل خانہ بھی تعمیر کیا گیا ہے۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہیومینٹی فرسٹ فرانس کو مسجد کے قریب ایک نلکا(handpump) لگانے کی توفیق ملی ہے۔ اس کے علاوہ جماعت احمدیہ مالی کے ایک فرد مکرم الحسن مائیگا صاحب کو مسجد کے لیے سولر سسٹم کے تحت ساؤنڈ سسٹم اور مسجد میں نمازیوں کے لیے صفیں خریدنے کی توفیق ملی۔
اس مسجد کا افتتاح مکرم امیر صاحب جماعت احمدیہ مالی نے مورخہ 13؍مئی 2022ء کو جمعہ کی نماز پڑھا کر کیا۔ آپ نے اپنے خطبہ جمعہ میں کہا کہ ہر احمدی کی بیعت میں داخل ہونے کے بعد کچھ ذمہ داریاں ہیں اور ان میں سب سے زیادہ بڑی اور اہم ذمہ داری عبادتوں کے معیار کو اونچا کرنا ہے اور اسی غرض سے جماعت احمدیہ مساجد کی تعمیر کرتی ہے اور جس کی طرف ہمارے پیارے آقاسیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز ہمیں با ربار توجہ دلاتے ہیں۔ اس کے علاوہ امیر صاحب نے جلاکورو جماعت کے ا حباب کو مالی قربانی میں بھی آگے بڑھنے کی طرف توجہ دلائی۔
افتتاحی تقریب میں 500سے زائد مرد و خواتین شامل ہوئے جس میں علا قہ کی حکومتی اور مذہبی شخصیات کے علاوہ ارد گرد کے 20 سے زائد گاؤں کے افراد جماعت احمدیہ کی دعوت پر شامل ہوئے جنہیں جماعت احمدیہ کا پیغام سننے کا موقع ملا اور جمعہ کی نماز کے بعد ان مہمانوں نے اپنے تاثرات میں جماعت احمدیہ کی اسلام سے محبت اور فلاحی کاموں کی کھل کر تعریف بھی کی۔
اللہ تعالیٰ ان پیغام سننے والوں کے دلوں کو بھی جماعت احمدیہ کی طرف مائل کر ے اور ہمیں اس مسجد کی تعمیر کا حق ادا کرنے والا بنائے اور ہمارے پیارے آقا جس نیکی، تقویٰ اور روحانیت کے معیاروں پر ہمیں دیکھنا چاہتے ہیں، اس مسجد کے ذریعہ سے ان معیاروں کو ہم حاصل کرنے والے ہوں۔ آمین