مقابلہ تیز پیدل چلنا (جامعہ احمدیہ جرمنی)
جامعہ احمدیہ جرمنی میں جہاں طلبہ کی علمی و روحانی ترقی کے لیے کوشش کی جاتی ہےوہاں طلبہ کی صحت اور انہیں جسمانی لحاظ سے مضبوط بنانے کے لیے مجلس العاب کے تحت سارا سال مختلف ورزشی مقابلہ جات کروائے جاتے ہیں۔ انہی مقابلہ جات میں سے ایک مقابلہ ’تیز پیدل چلنا‘ مورخہ 15؍اکتوبر 2022ء کو منعقد ہوا جس کی تفصیل درج ذیل ہے۔
اس مقابلہ کی تیاری کے لیے مجلس العاب نے باقاعدہ ایک ہفتہ قبل تیاری کا آغاز کیا اور سب سے پہلے مقابلہ کے کامیاب انعقاد کے لیے حضرت خلیفۃا لمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت اقدس میں دعائیہ خط لکھا گیا۔
مقابلہ کو بہتر رنگ میں منعقد کرنے کے لیے طلبہ پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی گئی اور ڈیوٹی چارٹ بناکر مختلف شعبہ جات قائم کیے گئے جن میں تیاری، ضیافت، نظم و ضبط، طبی امداد وغیرہ شامل ہیں۔
یہ ورزشی مقابلہ چونکہ جامعہ احمدیہ جرمنی کے احاطے میں منعقد ہونا تھا اس لیے مجلس العاب نے پیدل چلنے کے لیے ایک Trackمتعین کیا جو 6کلو میٹر پر مشتمل تھا۔
مقابلہ سے ایک روز قبل تمام شعبہ جات کےناظمین کی میٹنگ ہوئی اور جملہ امور کو حتمی شکل دی گئی اسی طرح تمام طلبہ کو ایک ویڈیو دکھائی گئی جس کے ذریعے تیز پیدل چلنے کا صحیح طریق کار اور اصول بتائے گئے۔
مورخہ 15؍اکتوبر کی صبح ساڑھے نو بجے تمام طلبہ جامعہ کے ہال میں اکٹھے ہوئے۔ حسب روایت آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جو عزیزم نواز چودھری شہریار نے کی۔ بعد ازاں عزیزم طلحہ نعیم نے حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا ایک اقتباس پڑھ کر سنایا۔
مقابلہ کے آغاز سے قبل ہر حصہ لینے والے کو ایک نمبر الاٹ کیا گیا تھا۔ مقابلہ کا آغاز محترم شمشاد احمد قمر صاحب، پرنسپل جامعہ احمدیہ جرمنی نے دعا سے کیا۔ مقابلہ کے متعین راستے پر طلبہ ڈیوٹی پر مقرر تھے اسی طرح مقابلہ کے دوران اور بعد میں ریفریشمنٹ کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔
تیز پیدل چلنے کے مقابلہ میں عزیزم مامون احمد نے پہلی پوزیشن حاصل کی انہوں نے مقررہ فاصلہ 33منٹ اور 42 سیکنڈ میں مکمل کیا پہلی دس پوزیشنز حاصل کرنے والے طلبہ کے نام یہ ہیں۔ عزیزم مامون احمد، عزیزم فیاض احمد، عزیزم ولید احمد خان، عزیزم مبارز بھٹی، عزیزم شہزاد احمد، عزیزم ثمر بٹ، عزیزم عدنان احمد بٹ، عزیزم مبارز احمد، عزیزم فرخ خرم، عزیزم رانا توصیف، عزیزم فہیم احمد اور عزیزم فرحان مسرور احمد۔
گروپس کے لحاظ سے اول پوزیشن صداقت، دوم امانت، سوم دیانت اور چہارم قناعت نے حاصل کی۔
اللہ تعالیٰ پوزیشن حاصل کرنے والوں کے لیے یہ اعزاز مبارک کرے، آمین۔ آخر پر وائنڈ اپ مکمل کیا گیا اور بخیرو خوبی یہ مقابلہ اختتام پذیر ہوا۔
(رپورٹ: حامد اقبال۔ شعبہ تاریخ جامعہ احمدیہ جرمنی)