میرے پیارے عزیز ساتھی محمدداؤد ظفر صاحب مرحوم (مربی سلسلہ رقیم پریس یوکے)
ہمارے پیارے عزیز ساتھی محترم محمد داؤد ظفر صاحب گذشتہ دنوں 48 سال کی کم عمری میں ہم سے جدا ہوگئے۔ انا للہ و انا الیہ راجعون۔میری ان کے ساتھ رفاقت تقریبا ً14 سال پر محیط رہی۔ایک ہی شعبے (رقیم پریس) میں کام کی وجہ سے بھی اور ویسے بھی ان کے ساتھ دوستانہ ذاتی تعلق تھا۔اس لحاظ سے ان کے کریمانہ اوصاف اور امتیازی خصوصیات کو بہت قریب سے دیکھنے کا موقع ملا۔ان کی شخصیت بہت قابل قدرو احترام تھی۔ خصوصاً سلسلےکی خدمات کے حوالے سے ان کا اخلاص اور فدائیت قابل ستائش و دیدنی تھی۔ ہرجماعتی کام نہایت محنت اور دلجمعی کے ساتھ کرتے تھے ۔جہاں اپنے عزیز رشتہ داروں کا ہر لحاظ سے خیال رکھتے، وہیں دوسروں کی مدد اور ان کے ساتھ ہر ممکنہ تعاون کرنا بھی ان کا خاصا تھا۔ اپنے انچارج کا ادب و احترام اور ہر صورت میں اس کی اطاعت آپ کی نمایاں خصوصیات تھیں۔ بہت ہنس مکھ اور مجلس لگانے والے، دل موہ لینے والی ہر دلعزیزشخصیت کے مالک تھے۔ کبھی کسی کے ساتھ ان کو ناراض ہوتے نہیں دیکھا۔ مزاح میں بھی ان کی زبان پر کبھی کسی کی کمزوری کا ذکر نہیں سنا۔ ہمیشہ دوسروں کے اوصاف اور خوبیوں پر نظر رکھتے۔
اپنے پروفیشن (کمپیوٹنگ و آرٹ ورک) میں مہارت رکھتے تھے اور اس میدان میں انہوں نے اپنی ذاتی دلچسپی سے کمپیوٹر کے نئے نئے پروگراموں میں دسترس حاصل کی۔ رقیم پریس میں اپنے اس ہنر کو استعمال کرنے کا انہیں خوب خوب موقع ملا ۔ جماعتی خدمت کو ہمیشہ خدا تعالیٰ کا فضل اور اپنے لیے سعادت تصور کرتے تھے۔پریس کے اوقات کے علاوہ بھی خاکسار نے انہیں کئی مرتبہ خدمت سلسلہ میں مصروف کار دیکھا۔خاکسار کو بھی ان سے بہت کچھ سیکھنے کی سعادت حاصل رہی۔ ان کے پاس خواہ کسی بھی قسم کا علم ہوتا اس سے دوسروں کو بڑی خوشی اور تحمل سےفیض پہنچانے کی ہمیشہ اور ہر ممکنہ کوشش کرتے تھے۔
اللہ تعالیٰ انہیں غریق رحمت کرے۔ سلسلہ کی بے لوث خدمت کے صلہ میں ان کی بخشش اور مغفرت کے سامان کر دے۔ ہمیشہ اپنی رضا کی نظر ان پر رکھے۔ آمین
بلانے والا ہے سب سے پیارااسی پہ اے دل تُو جاں فدا کر
اللہ تعالیٰ ان کے درجا ت بلند فرمائے اور سلسلہ کے لیے ان کی خدمات اور قربانیوں کو قبول کرتے ہوئے بہترین جزا عطا کرے۔خدا تعالیٰ ان کے پسماندگان و لواحقین کا حامی و ناصر ہو اور انہیں صبر اور ہمت کے ساتھ یہ صدمہ برداشت کر نے کی توفیق بخشے۔ آمین
٭…٭…٭