نیومارکیٹ، کینیڈا میں بین المذاہب پیس سمپوزیم کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ نیو مارکیٹ، کینیڈا نے ۲۸؍ ستمبر ۲۰۲۳ء کو رائل لیجن ہال ارورہ میں ’’عالمی امن – مذہب کیا حاصل کر سکتا ہے؟‘‘ (World peace – what religion can achieve)کے موضوع پر ایک بین المذاہب سمپوزیم کا انعقاد کیا۔
اس پروگرام میں عیسائیت، سکھ مذہب اور اسلام سے تعلق رکھنے والے مقررین نے اپنا مذہبی نقطہ نظر پیش کیا۔سمپوزیم کے بارے میں میڈیا کے مختلف اداروں سے رابطہ کیا گیا اور ’’نیو مارکیٹ ٹُوڈے‘‘ نے سمپوزیم کے بارے میں ایک مضمون شائع کیا۔ مرکزی سڑکوں پر فلائر تقسیم کیے گئے اور خدام اور انصار نے بین المذاہب سمپوزیم کے پوسٹرز کے ساتھ مین سٹریٹ نیو مارکیٹ اور ارورہ پر بھی واک کی۔ مکرم لال خان ملک صاحب نیشنل امیر جماعت کینیڈا بھی اس پروگرام میں شامل ہوئے۔ اس تقریب کو نیومارکیٹ ارورہ کے ڈپٹی فائر چیف جیریمی انگلیس نے ماڈریٹ کیا اور ایم پی، ایم پی پی، ایک کونسلر اور یارک ریجنل پولیس کے نمائندے بھی موجود تھے۔تقریب شام چھ بجے شروع ہوئی اور شام پونے آٹھ بجے اختتام پذیر ہوئی۔سمپوزیم کا آغاز تلاوت کلام پاک اور ترجمہ سے ہوا، اس کے بعد ناظم اور مقررین کا تعارف ہوا، مقررین نے اپنے اپنے عقائد پیش کیے، اس کے بعد سوال و جواب کا سیشن ہوا اور اس کا اختتام امیر صاحب کینیڈا کے دعا کرانے پر ہوا۔تمام حاضرین کو ریفریشمنٹ پیش کی گئی۔ جماعتی لٹریچر پر مشتمل ایک ٹیبل بھی لگایا گیا تھا، بہت سے حاضرین اس سے مستفید ہوئے۔ تمام مقررین اور ناظمین کو یادگاری شیلڈز دی گئیں۔ کُل حاضری ۷۵؍ رہی۔
(رپورٹ: عارف خان۔ سیکرٹری اشاعت نیومارکیٹ، کینیڈا)