مری تدبیر جب مجھ کو مصیبت میں پھنساتی ہے (کلام حضرت مصلح موعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ)
مری تدبیر جب مجھ کو مصیبت میں پھنساتی ہے
تو تقدیرِ الٰہی آن کر اس سے چھڑاتی ہے
جدائی دیکھتا ہوں جب تو مجھ کو موت آتی ہے
امیدِ وصل لیکن آکے پھر مجھ کو جِلاتی ہے
نگاہِ مہر سالوں کی خصومت کو بھلاتی ہے
خوشی کی اک گھڑی برسوں کی کُلفت کو مٹاتی ہے
محبت تو وفا ہوکر وفا سے جی چراتی ہے
ہماری بن کے اے ظالم ہماری خاک اڑاتی ہے
محبت کیا ہے کچھ تم کو خبر بھی ہے، سنو مجھ سے
یہ ہے وہ آگ جوخود گھر کے مالک کو جلاتی ہے
کہاں یہ خانۂ ویراں کہاں وہ حضرتِ ذی شاں
کشش لیکن ہمارے دل کی ان کو کھینچ لاتی ہے
ہوئی ہے بے سبب کیوں عاشقوں کی جان کی دشمن
نسیمِ صبح ان کے منہ سے کیوں آنچل اٹھاتی ہے
مٹائے گا ہمیں کیا، تُو ہے اپنی جان کا دشمن
ارے ناداں کبھی عشاق کو بھی موت آتی ہے
نہ اپنی ہی خبر رہتی ہے نَے یادِ اعزہ ہی
جب اس کی یاد آتی ہے تو پھر سب کچھ بھلاتی ہے
خدا کو چھوڑنا اے مسلمو!کیا کھیل سمجھے تھے
تمہاری تیرہ بختی دیکھئے کیا رنگ لاتی ہے
محبت کی جھلک چھپتی کہاں ہے، لاکھ ہوں پردے
نگاہِ زیر بیں مجھ سے بھلا تو کیا چھپاتی ہے
معاذاللہ مرا دل اور ترکِ عشق کیا ممکن
میں ہوں وہ باوفا جس سے وفا کو شرم آتی ہے
وہ کیسا سر ہے جوجھکتا ہے آگے ہر کہ و مہ کے
وہ کیسی آنکھ ہے جو ہر جگہ دریا بہاتی ہے
تغافل ہو چکا صاحب خبر لیجے نہیں تو پھر
کوئی دم میں یہ سن لو گے فلاں کی نعش جاتی ہے
طریقِ عشق میں اے دل سیادت کیا غلامی کیا
محبت خادم و آقا کو اک حلقہ میں لاتی ہے
بلائے ناگہاں! بیٹھے ہیں ہم آغوشِ دلبر میں
خبر بھی ہے تجھے کچھ تُوکنہیں آنکھیں دکھاتی ہے
تری رہ میں بچھائےبیٹھے ہیں دل مدتوں سے ہم
سواری دیکھئے اب دلربا کب تیری آتی ہے
ہمارا امتحاں لے کر تمہیں کیا فائدہ ہوگا؟
ہماری جان تو بے امتحاں ہی نکلی جاتی ہے
گِھراہوں حلقۂ احباب میں گو میں، مگر تجھ بن
مرے یارِ ازل تنہائی پھر بھی کاٹے کھاتی ہے
ہماری خاک تک بھی اڑچکی ہے اس کے رستہ میں
ہلاکت تُوبھلا کس بات سے ہم کو ڈراتی ہے
غمِ دل لوگ کہتے ہیں نہایت تلخ ہوتا ہے
مگر میں کیا کروں اس کو، غذا یہ مجھ کو بھاتی ہے
مری جاں تیرے جامِ وصل کی خواہش میں اے پیارے
مثالِ ماہئ بے آب ہر دم تلملاتی ہے
مرے دل میں تو آتا ہے کہ سب احوال کہہ ڈالوں
نہ شکوہ جان لیں، اس سے طبیعت ہچکچاتی ہے
کبھی جو روتے روتے یاد میں مَیں اس کی سوجاؤں
شبیہِ یار آکر مجھ کو سینے سے لگاتی ہے
انانیت پرے ہٹ جا مجھے مت منہ دکھا اپنا
میں اپنے حال سے واقف ہوں تو کس کو بناتی ہے
کبھی کا ہو چکا ہوتا شکارِ یاس و نو میدی
مگر یہ بات اے محمود میرا دل بڑھاتی ہے
جوہوں خدامِ دیں ان کوخداسے نصرت آتی ہے
’جب آتی ہے تو پھر عالَم کو اک عالَم دکھاتی ہے‘
(کلام محمودمع فرہنگ صفحہ ۱۲۷۔۱۳۰)