ٹی ٹوینٹی کرکٹ ورلڈکپ:بارش سے متاثرہ میچ میں آسٹریلیا نے بنگلادیش کوبآسانی شکست دے دی
مینزٹی ٹوینٹی کرکٹ ورلڈ کپ 2024ء
میچ نمبر: 44 (گروپ 1۔سُپراَیٹ)
آسٹریلیا بمقابلہ بنگلادیش
(Australia vs Bangladesh)
نارتھ ساؤنڈ۔انٹیگا
20جون 2024ء
آئی سی سی ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کے super eightمرحلے میں گروپ 1کادوسرامیچ آسٹریلیا اور بنگلادیش کے مابین انٹیگا کے سروِیویَن رچرڈز اسٹیڈیم میں کھیلاگیا۔بارش سے متاثرہ اس مقابلہ میں آسٹریلیا نے DLSقانون کے تحت 28رنزسے کامیابی حاصل کی۔
بنگلادیش نےآسٹریلیاکی دعوت پر پہلے بلےبازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز بنائے،کپتان نجم الحسین شانتو(Najmul Hossain Shanto)نےسب سے زیادہ 41 رنز بنائےجبکہ توحید ہریدوئے (Towhid Hridoy) 40رنزکے ساتھ نمایاں رہے۔ان کے علاوہ کوئی بنگلہ دیشی بلےبازخاطر خواہ کارکردگی نہ دکھاسکا۔
آسٹریلیا کے پیٹ کمنز(Pat Cummins)رواں ورلڈ کپ میں پہلی ہیٹرک ٹرک کرنے میں کامیاب ہوئے۔انہوں نے 18ویں اوور کی آخری دو گیندوں پر محموداللہ اور مہدی حسن کوآؤٹ کیااور پھر اپنے اگلے اوورکی پہلی گیندپرتوحید کی وکٹ لے کر Hat-Trickکرنے کا اعزازحاصل کیا۔
ہدف کےتعاقب میں آسٹریلوی اوپنرزنے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 65رنزکاآغازفراہم کیا۔ٹریوس ہیڈ(Travis Head)نے 31رنزبنائے جبکہ ڈیوڈ وارنر(David Warner)53کے اسکورپرناٹ آؤٹ رہے۔آسٹریلوی کپتان مچل مارش صرف ایک رنزبناکرآؤٹ ہوئے۔آسٹریلوی ٹیم نے 11.2 اوورز میں 2 وکٹ پر 100 رنز بنالیے تھے کہ تیز بارش کے باعث روک دیا گیااور دوبارہ شروع نہ ہوسکا۔
آسٹریلیا کو ڈی ایل ایس قانون کے تحت28رنزسے فاتح قرار دیا گیا۔بنگلادیش کی طرف سے لیگ اسپنررشاد حسین نے دووکٹیں حاصل کیں۔
پیٹ کمنز(Pat Cummins)میچ کے بہترین کھلاڑی قرارپائے جنہوں نے 29رنزکے عوض تین کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا۔
(رپورٹ:ن م طاہر)