جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھا نا کی مساعی کی ایک جھلک (مارچ تا مئی ۲۰۲۴ء)
جلسہ یوم مسیح موعود
جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا میں ۲۳؍مارچ ۲۰۲۴ء بروز ہفتہ مجلس ارشاد کے تحت جلسہ یوم مسیح موعود کا انعقاد بصدارت مکرم سرفراز احمد عدیل صاحب استاد جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا کیا گیا۔ الحمدللہ
تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم کے بعد عزیزم نبیل احمد نے ’’حضرت مسیح موعودؑ بطور حکم و عدل‘‘ اور مکرم محمد اظہر منگلا صاحب نے ’’حضرت مسیح موعودؑ کا عشق رسولﷺ‘‘ کے موضوعات پر تقاریر کیں۔ تقاریر کے دوران ترانہ اور ایک قصیدہ بھی پیش کیا گیا۔ آخرمیں مکرم صدرمجلس نے حضرت مسیح موعودؑ کی سیرت اور سوانح پر لکھی گئی چند کتب کا تعارف کرایا اور جلسہ کا اختتام دعا سے ہوا۔
مولانا مبشر احمد کاہلوں صاحب مفتی سلسلہ کے ساتھ طلبہ کی ایک علمی نشست
مورخہ ۱۶؍مارچ ۲۰۲۴ء کو جامعہ احمدیہ کے مسرور ہال میں مولانا مبشر احمد کاہلوں صاحب مفتی سلسلہ کے ساتھ طلبہ جامعہ کے لیے ایک علمی نشست کا اہتمام کیا گیا۔ تلاوت قرآن کریم اور نظم کے بعد مولانا صاحب موصود نے طلبہ کو نظام خلافت کی اہمیت و برکات کے حوالےسے چند نصائح کیں جس کے بعد طلبہ کے سوالات کے جواب بھی دیے۔
سالانہ کھیلیں ۲۰۲۴ء
محض اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا کی سالانہ کھیلیں ۵تا۷؍مارچ ۲۰۲۴ء نہایت عمدگی اور کامیابی سے منعقد ہوئیں۔ تمام طلبہ نے بھرپور جوش و خروش سے ان ورزشی مقابلہ جات میں حصہ لیا۔ ۵؍مارچ کو صبح ساڑھے نو بجے ان کھیلوں کا افتتاح مولانا مبشر احمد کاہلوں صاحب مفتی سلسلہ نے کیا۔ آپ بطور مرکزی نمائندہ جلسہ سالانہ گھانا میں شرکت کرنے کے لیے تشریف لائے ہوئے تھے۔ آپ نے طلبہ کو ورزش کی اہمیت کے متعلق توجہ دلائی اور دعا کروائی۔
کھیلوں میں ۲۸؍انفرادی اور اجتماعی مقابلہ جات منعقد ہوئے۔ انفرادی مقابلہ جات میں ۱۰۰؍میٹر ریس، ۴۰۰؍میٹر ریس ، لمبی چھلانگ، ثابت قدمی، تھالی پھینکنا، کلائی پکڑنا، نشانہ غلیل، گولہ پھینکنا، پنجہ آزمائی، ٹرپل جمپ، سلو سائیکلنگ اور مشاہدہ معائنہ شامل تھے۔ اجتماعی مقابلوں کے لیے جامعہ احمدیہ کے طلبہ کو چار گروپس میں تقسیم کیا گیا تھا۔اجتماعی مقابلوں میں فٹ بال،والی بال، رسّہ کشی، ٹیبل ٹینس ، میرو ڈبہ، باڑی، ریلے ریس اور تین ٹانگ دوڑ شامل ہیں۔
ان سب مقابلوں کے علاوہ کھیلوں کے آخری دن روک دوڑ بھی منعقد ہوئی جس میں طلبہ کے درمیان مختلف رکاوٹیں عبور کر کے منزل مقصود تک پہنچنے کا مقابلہ ہوتا ہے۔ اس دفعہ ۲۰؍قسم کی رکاوٹیں بنائی گئی تھیں اور ۴۰؍طلبہ نے اس میں ذوق و شوق سے حصہ لیا۔
کھیلوں کے ایام میں اساتذہ اور طلبہ کے مابین کرکٹ کا ایک میچ بھی ہوا۔ نیز اساتذہ کا میوزیکل چیئرز اور سلوسائیکلنگ کا مقابلہ بھی کروایا گیا۔ پروگرام کے مطابق آخری روز Taekwondo اور Physical Fitnessکا دلچسپ پروگرام بھی پیش کیا گیا۔ تمام ایام میں کھلاڑیوں کے لیے مناسب ریفریشمنٹس اور طبی امداد کا انتظام بھی موجود تھا۔
مورخہ ۷؍مارچ بروز جمعرات ان کھیلوں کی اختتامی تقریب اور تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد مسرور ہال میں ہوا۔ اس پروگرام کی صدارت مکرم ڈاکٹر نعیم احمد صاحب (میڈیکل آفیسر و انچارج احمدیہ ہسپتال آسوکورے) نے کی۔ تلاوت قرآن کریم، نظم اور کھیلوں کی رپورٹ پیش کیے جانے کے بعد آپ نے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے نیز کھیل اور ورزش کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ سال ۲۰۲۴ء کے بہترین کھلاڑی عزیزم عبد الباسط بوابنگ طالب علم درجہ ثانیہ اور بہترین گروپ قناعت قرار پایا۔
ایسٹر کے بارے میں ایک معلوماتی پروگرام
مورخہ ۳۱؍ مارچ بروز اتوار ایسٹر کےحوالے سےجامعہ احمدیہ کے مسرور ہال میں طلبہ کے لیے ایک معلوماتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں ایسٹر کے تعارف اور حقیقت کے حوالے سےطلبہ کو آگاہ کیا گیا۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کے بعدحضرت مسیح موعودؑ کی تحریرات سے واقعہ صلیب کی حقیقت کے متعلق اقتباس پڑھا گیا۔مکرم پرنسپل صاحب نےپروگرام کا تعارف کر واتے ہوئے طلبہ کو بتایا کہ عیسائیت سے علمی مقابلہ کے لیے حضرت مسیحؑ کی صلیب سے نجات بنیادی موضوع ہے اور حضرت مسیح موعودؑ کی اس بارےمیں تحریرات، خصوصاً ’مسیح ہندوستان میں‘ کے مضامین کے بارے میں طلبہ کو آگاہ کیا۔ جامعہ کے استاد حافظ فاروق صاحب نے ’ایسٹر کے نام، بنیاد، تاریخ اور کن دنوں میں ایسٹر منایا جاتا ہے‘ پر ایک لیکچر دیا۔ عزیزم جاذب محمود صاحب نے ’’ایسٹر کے حقائق و علامات‘‘ کے حوالے سےبات کی۔ پروگرام کے آخر پر طلبہ کو کی ایسٹر کے بارے میں ایک بی بی سی ڈاکومنٹری دکھائی گئی جس میں حضرت مسیحؑ کی ہجرت کشمیر کا ذکر ہے۔ پروگرام کا اختتام دعا سے ہوا۔
عید الفطر
گھانا میں مورخہ ۱۱؍اپریل ۲۰۲۴ء بروزجمعرات عیدالفطر منائی گئی۔ تمام طلبہ و اساتذہ نے مسجد نیر میں نماز عید ادا کی جبکہ ممبرات لجنہ اماءاللہ کےلیے جامعہ کے ایک کلاس روم میں نماز عید کی ادائیگی کا انتظام کیا گیا تھا۔ امامت کے فرائض خاکسار مرزا خلیل احمد بیگ وائس پرنسپل جامعہ نے ادا کیے۔ نماز عید کے معاً بعد طلبہ، اساتذہ اور فیملیز کو ریفریشمنٹ پیش کی گئی۔ عید الفطر کی مناسبت سے طلبہ جامعہ احمدیہ کےلیے بعد نماز مغرب و عشاء جامعہ کے اسمبلی گراؤنڈ میں ایک سپیشل ڈنر کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں طلبہ جامعہ کے ساتھ اساتذہ نے بھی شرکت کی۔ نیز انچارج احمدیہ ہسپتال سویڈرو مکرم ڈاکٹر ابراہیم صاحب بھی اس پروگرام میں شامل ہوئے۔
دروس حدیث از اساتذہ کرام
مسجد نیر میں روزانہ بعد از نماز مغرب درس حدیث کا اہتمام کیا جاتا ہے جو جامعہ احمدیہ کے سینئر طلبہ باری باری دیتے ہیں۔ ہر بد ھ کو اساتذہ کرام کا درس حدیث ہوتا ہے تاکہ طلبہ کو معیاری درس دینے کے طریق کار کےمتعلق آگاہی حاصل ہوسکے۔ چنانچہ ۱۷؍اپریل کو ’’لغویات سے اجتناب‘‘ کے عنوان پر انور اقبال ثاقب صاحب نے درس دیا جبکہ ۲۴؍اپریل کو ’’اللہ تعالیٰ کی حمد وثناء اور اس کا شکر‘‘ کے عنوان پر سرفراز احمد عدیل صاحب نے درس دیا۔
روحانی خزائن کی کتب کے تعارف پر مشتمل لیکچر
طلبہ کو کتب حضرت اقدس مسیح موعودؑ کے مضامین سے آگاہ کرنے کے لیے ہر اتوار کو بعد از نماز مغرب و عشاء کسی ایک کتاب کا بزبان انگریزی تعارف کروایا جاتا ہے۔ یہ تعارف جامعہ کے اساتذہ باری باری کرواتے ہیں۔ پروگرام کا دورانیہ ایک گھنٹہ ہوتا ہے۔لیکچر کے بعد متعلقہ استاد طلبہ کے سوالات کے جواب بھی دیتے ہیں۔ اب تک خدا تعالیٰ کے فضل سے حضرت مسیح موعودؑ کی جملہ کتب کے تعارف کے دو دور مکمل ہوچکے ہیں اور اس وقت تیسرا دور جاری ہے۔
دوران ماہ اس حوالے سے دو لیکچرز منعقد ہوئے۔ ۱۴؍اپریل کو ’’سبز اشتہار‘‘ پر فاروق احمد صاحب نے لیکچر دیا جبکہ ۲۱؍اپریل ’’پرانی تحریریں‘‘ پر شہود احمد آصف صاحب لیکچر دیا۔
لیکچر انوار العلوم
مورخہ ۲۰؍اپریل ۲۰۲۴ء کو جامعہ کے سیمینار ہال میں انوار العلوم جلد نمبر ۷ میں شامل کتاب ’’تحریک شدھی ملکانہ‘‘ کے تعارف پر مشتمل ایک لیکچر ہوا جو مکرم محمد نصیر اللہ صاحب نے پیش کیا۔لیکچر کے اختتام پر طلبہ کو کتاب کے متعلق سوالات پوچھنے کا بھی موقع دیا گیا۔
Answers To Everyday Issues
دوران ماہ اس سلسلےکا ایک پروگرام منعقد ہوا جس میں الحکم انگریزی میں ’’Answers to everyday issues‘‘ کے عنوان سے شائع ہونے والے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشادات، فرمودات اور مختلف سوالوں کے جواب کو طلبہ کے سامنے پڑھ کر سنایا گیا۔ ہر پروگرام میں دوطلبہ نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے بیان فرمودہ جواب پڑھ کر سنائے۔ یہ سلسلہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے نہایت کامیابی سے جاری ہے اور طلبہ اس روحانی مائدہ سےبھر پور استفادہ کر رہے ہیں۔
جلسہ یوم خلافت
جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا میں مورخہ ۲۷؍مئی ۲۰۲۴ء بروز سوموار یوم خلافت منایا گیا۔ اس حوالے سے مجلس ارشادجامعہ کے زیر اہتمام ایک جلسہ کا انعقاد کیا گیا جس میں طلبہ اور اساتذہ جامعہ نے شرکت کی۔ تلاوت قرآن کریم و نظم کے بعد دو تقاریر ہوئیں: ’’منصب خلافت پر متمکن ہونے سے قبل خلفائے کرام کی اطاعتِ خلافت ‘‘ بزبان انگریزی از عزیزم حذیفہ لامبوتان متعلم درجہ شاہد اور ’’خلافت اور معیت الٰہی‘‘ بزبان اردو از عزیزم کمال احمد متعلم درجہ شاہد۔ عزیزم حافظ عثمان اور ان کے گروپ نے ایک ترانہ بھی پیش کیا۔ جلسہ کے آخر پر مکرم انور اقبال ثاقب صاحب استاد جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا نے بطور صدر مجلس طلبہ کے سامنے حضرت مصلح موعودؓ کا ایک اقتباس پیش کیا جس میں آپ نے ایمان کی تعریف بیان کی۔ اس کے بعد دعا کے ساتھ جلسے کا اختتام ہوا۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
(رپورٹ: مرزا خلیل احمد بیگ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)