اڑتالیسویں جلسہ سالانہ جرمنی کی تیاری کی روئیداد
(جلسہ گاہ Mendig جرمنی، ۱۸؍اگست ۲۰۲۴ء) اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جرمنی کی جماعت اپنا اڑتالیسواں جلسہ سالانہ ۲۳ تا ۲۵؍اگست بروز جمعہ، ہفتہ اور اتوار Mendig گاؤں کی ایک Air Base یعنی فوجی ہوائی اڈے گراؤنڈ میں منعقد کرنے کی توفیق پا رہی ہے۔ یہ جگہ صوبہ Rheinland-Pfalz میں Mayen شہرکے شمال مشرق میں تقریباً چھ کلومیٹر اور دریائے رائن کےکنارے آباد شہر Koblenzسے پچیس کلومیٹر مغرب میں واقع ہے۔جبکہ جماعت کے مرکزی دفاتر بیت السبوح Frankfurt سے تقریباً ۱۴۶؍کلومیٹر کے فاصلہ پر ہے۔
افسر جلسہ سالانہ جرمنی مکرم محمد الیاس مجوکہ صاحب ہیں، جوکہ ۲۰۱۵ء سےاس خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔جبکہ اس سال افسر جلسہ گاہ نیشنل سیکرٹری تبلیغ مکرم حافظ فرید احمد خالد صاحب ہیں۔ اور مکرم امتیاز احمد شاہین صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ جرمنی بطور افسر خدمت خلق خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔ یوں تو جلسہ سالانہ کی تیاری سارا سال ہی جاری رہتی ہے۔ لیکن مختلف کمپنیز نے کام کا آغاز جو لائی کے آخری عشرہ سے کردیا تھا۔جبکہ باقاعدہ وقارعمل کے ذریعہ کام کے آغاز کی تقریب ۱۴؍ اگست بروز بدھ ہوئی۔ جس میں مکرم نیشنل امیر صاحب جرمنی نے کارکنوں کو چند نصائح کیں، دعا کروائی اور باقاعدہ جلسہ کی تیاری کا آغاز ہوا۔ اس دعائیہ تقریب میں تقریباً ۴۰۰؍کارکنان شامل ہوئے۔ الحمدللہ
جلسہ سالانہ کے لیےجو ایریا کرایہ پر حاصل کیا گیاہے اُس کاکل رقبہ ۱۲۰؍ہیکٹر ہے، لیکن جہاں پر جلسہ سالانہ کے لیے Marquees اور Tentsنصب کیے جارہے ہیں وہ جگہ ۳۰؍ہیکٹر کے قریب ہے۔ اس جگہ۳۵۰؍کے قریب چھوٹے بڑے ٹینٹ نصب کردیےگئے ہیں۔ ان ٹینٹس کے علاوہ تین بڑے پختہ ہال بھی پہلے سے موجود ہیں جوکہ جماعت کے دفاتر، سٹورز اور لنگر خانہ کے طور پر استعمال میں لائے جائیں گے۔جلسہ سالانہ کے شعبہ جات کی تعداد ۷۸؍ ہے۔ ہوائی اڈے کا Runway پارکنگ کے لیے استعمال کیا جائے گا، جس میں دس ہزار گاڑیوں کے پارک کرنے کی گنجائش بتائی جاتی ہے۔اس سال جلسہ سالانہ میں ۴۰؍سے لے کر ۴۵؍ہزار کے قریب حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے مہمانوں کے لیے انتظام کیا جارہا ہے۔ مقام جلسہ تک لانے کے لیے سات کلومیٹر اور پانی کی نکاسی کےلیے پانچ کلومیٹر کی ایک پائپ لائن بچھائی گئی ہے۔
مکرم مسعود احمد اعوان صاحب ناظم تعمیر جلسہ گاہ نے نمائندگانِ الفضل کو بتایا کہ مردانہ مارکی کا سائز سات ہزار مربع میٹر ہے جو کہ جلسہ سالانہ برطانیہ کےزیر استعمال مارکی کے برابر ہے۔جبکہ لجنہ اماء اللہ کی بڑی مارکی کا سائز چھ ہزار مربع میٹر ہے۔ اس کے علاوہ مستورات کے لیے اَور بھی دو ہزار مربع میٹر کی تین مارکیاں لگائی گئی ہیں۔ تین ہزار کرسیاں مردانہ مارکی میں اور تقریباً اتنی ہی کرسیاں مستورات کی مارکی میں بھی لگائی جارہی ہیں۔گرین ایریا میں ۸۰۰؍مہمانوں کے بیٹھنے کا انتظام کیا جارہاہے۔مردانہ اور لجنہ اماء اللہ کی مارکی میں گرمی کی شدت کو کم کرنے کے لیے ایئر کنڈیشنر بھی نصب کیا جائے گا۔
مکرم احسان الحق صاحب نائب افسر جلسہ سالانہ، جو کہ تیرہ سال سے لنگرخانہ کے انچارج ہیں، نے بتایا کہ جلسہ سالانہ کی تیاری کے دنوں میں تین سے چار سو کارکنان کے لیے کھانا تیار کیا جارہا ہے۔شعبہ ضیافت کے پاس ۸۸۰؍کے قریب دیگیں ہیں جن میں مہمانوں کے لیے کھانا تیار کیا جائے گا۔جلسہ کے دنوں میں پکنے والے کھانے کی Recipeحضور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے منظور شدہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پکنے والا تمام راشن، مثلاً چاول،پیاز،تیل،مصالحہ جات،چینی، آٹا وغیرہ خرید لیا گیاہے اور سٹور میں موجود ہے۔ انہوں نے مزید یہ بھی بتایا کہ جلسہ سالانہ کے دوران شعبہ ضیافت میں کام کرنے والوں کی تعداد تین سو سے پانچ سو تک ہوتی ہے جو کہ مختلف شفٹس میں کام کرتے ہیں۔
مکرم ملک سکندر حیات صاحب جو کہ نائب افسر جلسہ سالانہ کے طور پر خدمت بجا لارہے ہیںنے دوران گفتگو کہا کہ جلسہ سالانہ کی تیاری کے لیے آنے والےچار سو کے قریب کارکنان کے لیے کھانا تیار کیا جاتا ہے اور جسم کو چست رکھنے کے لیے گرم چائے ہر وقت لنگر خانہ میں موجود ہے۔ جبکہ پیاس بجھانے کے لیے ٹھنڈا مشروب ہر کارکن تک پہنچایا جاتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتا یا کہ جماعت کی طرف سے فوڈ کنٹرول کا سسٹم موجود ہے لیکن اس کے علاوہ شہر کی انتظامیہ کے کارکن بھی گاہے بگاہے آکرفوڈ اور پکے ہوئے کھانے کو چیک کرتے ہیں، ہدایات دیتے ہیں اور ان کی ہدایات پر عمل کرنا ہمارے لیے انتہائی ضروری ہوتا ہے۔
مکرم ابرار الحق صاحب بھی نائب افسر جلسہ سالانہ ہیں اور مختلف شعبہ جات کی نگرانی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جلسہ سالانہ کے مہمانوں کے لیے اس دفعہ زیادہ تر WCیعنی ٹائیلٹ کیبن نما ہیں جو کہ کرایہ پر حاصل کیے گئے ہیں۔اسی طرح نہانے کے لیے بھی Shower Cabins مختلف جگہوں پر نصب کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کوڑاکرکٹ پھینکنے کے لیے بڑے بڑے پلاسٹک کے Boxes بھی رکھوائے جا رہے ہیں اور جلسہ کے دنوں میں Garbageکو پریس کرنے والے پندرہ کے قریب Containersکرایہ پر حاصل کیے جائیں گے۔
مکرم ڈاکٹر وجاہت احمد وڑائچ صاحب نے بتا یا کہ مریضوں کے لیے ابھی سے ڈاکٹرز موجود ہیں۔ جبکہ جلسہ سالانہ کے دنوں میں ایک ہزار سے بارہ سو تک مریض ایک دن میں جماعت کے کلینک پر آتے ہیں۔ جن کومفت چیک کیا جاتا ہے اور ادویات بھی فری دی جاتی ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے یہ بھی بتا یا کہ اس دفعہ ہومیوپیتھی کے ڈاکٹر ز کی ایک ٹیم برطانیہ سے آرہی ہےجو کہ جلسہ سالانہ کے دنوں میں مریضوں کو چیک کرے گی اور ادویات بھی مہیا کرے گی۔ان شاء اللہ
اللہ تعالیٰ ہمیں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ہدایات اور خواہش کے مطابق جلسہ سالانہ پر تشریف لانے والے حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کےمہمانوں کی احسن رنگ میں خدمت کرنے کی توفیق عطا فرمائے، اور ہمیں اُن تمام دعاؤں کا وارث بنائے جو کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور آپؑ کے خلفا ئےکرام نے جلسہ سالانہ میں شامل ہونے والوں کے لیے کی ہیں۔آمین
(رپورٹ: جاوید اقبال ناصر۔ مربی سلسلہ جرمنی)
٭…٭…٭