ارشادِ نبوی
نبی کریمﷺ کی سخاوت
حضرت ربیعہ بنت مُعَوَّذ ؓ بیان کرتی ہیں کہ مجھے میرے والد مُعَوَّذ بن عَفْرَاء نے تازہ کھجوروں کا ایک طشت اور کچھ ککڑیاں دیں کہ حضورؐ کی خدمت میں تحفہ کے طور پر لے جاؤ۔ تو کہتی ہیں کہ میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں پیش ہوئی۔ چھوٹی ککڑیاں حضور ؐکو بہت پسند تھیں۔ اس زمانے میں آنحضورصلی اللہ علیہ وسلم کے پاس بحرین کے علاقے سے کچھ زیورات آئے ہوئے تھے تو آپؐ نے کھجوروں اور ککڑیوں کا تحفہ لے کے مجھے مٹھی بھر زیور عطا فرمایا۔ ایک دوسری روایت میں تو یہ بھی ہے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے دونوں ہاتھ بھر کر سونے کے زیور ربیعہ کو دئیے اور فرمایا یہ زیور پہن لو۔
(مجمع الزوائد للہیثمی کتاب علامات النبوۃ باب فی جودہﷺ)