ربوہ کا موسم(۱۳تا۱۹؍ستمبر۲۰۲۴ء)
اس ہفتہ میں بھی ربوہ اور گردو نواح سمیت پاکستان کے اکثر شہروں میں موسم گرم اور خشک رہا ۔ جاتے جاتے گرمی اپنے رنگ دکھا رہی ہے اور سورج پوری آب و تاب سے چمک رہا ہے ۔ بادلوں کا دُور دُور تک نام و نشان نہیں ہوتا۔ تاہم کبھی کبھار کچھ بادلوں کے ٹکڑے آوارہ گردی کرتے نظر آتے ہیں ۔ دن کے وقت بعض اوقات ہوا بند ہونے سے حبس بن جاتا ہے اور گرمی زیادہ لگتی ہے۔ شام کے وقت اور رات بھر ہلکی ہوا سے موسم کچھ خوشگوار ہوجاتا ہے۔ گرمی کی شدت اور لو کی کیفیت اب ختم ہوتی جارہی ہے۔ دن گرم اور راتیں ٹھنڈی ہونا شروع ہوگئی ہیں۔ کمرے کے اندر پنکھوں کی ہوا رات کو ٹھنڈی ہوگئی ہے ۔ وقت میں تبدیلی آچکی ہے ۔ موسم سرما کی آمد کی علامات سامنے آ نا شروع ہوگئی ہیں۔ مغرب کی نماز کا وقت اب ساڑھے سات کی بجائے ساڑھے چھ بجے ہوگیا ہے۔ اسی طرح عشاء کی نماز اب آٹھ بجے ہورہی ہے۔ راتیں لمبی او ر دن چھوٹے ہوتے جارہے ہیں۔ اس ہفتہ کا اوسط ٹمپریچر زیادہ سے زیادہ ۳۸ اور کم سے کم ۲۶ درجہ سینٹی گریڈ تھا ۔
یاد رہے کہ آج کل ربوہ سمیت پاکستان بھر میں نزلہ زکام بخار اور آشوب چشم کی وبا پھیلی ہوئی ہے۔ ان بیماریوں کی علامات جونہی شروع ہوں ، ان کا تدارک ضروری ہوتاہے۔ ڈاکٹر سے علاج کرانا اور احتیاطی تدابیر کرنا بھی ضروری ہے۔ گلے کو صاف رکھنے کے لیےرات کے وقت غرارے اوروضو کرتے وقت آنکھوں میں تازہ پانی کے چھینٹے دینا لازمی ہیں۔ اللہ تعالیٰ سب کو کامل شفا عطا فرمائے۔ (ابو سدید)