یورپ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ ڈنمارک کے واقفین نو اور واقفات نو کا سالانہ نیشنل اجتماع ۲۰۲۴ء

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۱۰؍نومبر۲۰۲۴ء بروز اتوار واقفین نو و واقفات نو جماعت احمدیہ ڈنمارک کا سالانہ اجتماع مسجد نصرت جہاں، کوپن ہیگن میں منعقد ہوا۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

اس اجتماع کی تاریخ سال کے آغاز میں بننے والے وقف نو کے کیلنڈر میں شامل کی گئی تھی اور گاہے بگاہے اس اجتماع کے انعقاد اور تیاری کے سلسلہ میں یاددہانی بھی کروائی جاتی رہی اور آن لائن کلاسز میں اس بات کا جائزہ بھی لیا جاتا رہا کہ واقفین بھر پور طریق سے اس اجتماع میں تیاری کے ساتھ شامل ہوں۔

افتتاحی اجلاس:پروگرام کے مطابق گیارہ بجے اجتماع کا آغاز مکرم محمد زکریا خان صاحب امیر و مبلغ انچارج جماعت احمدیہ ڈنمارک کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم اور نظم سے ہوا جس کے بعد وقف نو سکیم کے بارے میں ایک معلوماتی ڈاکومنٹری دکھائی گئی۔ افتتاحی اجلاس میں واقفین نو کےوالدین نے بھی شرکت کی۔ مکرم امیر صاحب نے اپنی تقریر میں واقفین نو کو اپنی ذمہ داریوں کو سمجھتے ہوئے انہیں احسن رنگ میں نبھانے کی طرف توجہ دلائی۔ نیز آپ نے نظام جماعت، خلافت احمدیہ سے تعلق، وقت کی پابندی اور اپنے وقت کو زیادہ سے زیادہ جماعتی کاموں میں صرف کرنے کی طرف بھی توجہ دلائی اور آخر پر دعا کروائی۔

مختصر وقفہ کے بعد مقابلہ جات کا آغاز ہوا۔ واقفات نو کے مقابلہ جات نصرت ہال میں منعقد ہوئے جبکہ واقفین نو کے مقابلہ جات ناصر ہال میں ہوئے۔ اجتماع میں درج ذیل مقابلہ جات کروائے گئے: تلاوت قرآن کریم، اذان اور تقریر فی البدیہہ۔ اسی طرح واقفین کے لیے دینی معلومات و معلومات عامہ پر مبنی ایک کوئز کا مقابلہ بھی کروایا گیا۔

سیمینار:نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد ایک سیمینار بعنوان ’’واقفین نو کے والدین کی ذمہ داریاں‘‘ منعقد ہوا جس میں واقفین نو کے والدین شامل ہوئے۔ سیمینار کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ پھر مکرم عبد الرؤوف خان صاحب جنرل سیکرٹری جماعت احمدیہ ڈنمارک نے ‘‘بچوں کی تربیت اور والدین کی ذمہ داریاں’’ اور مکرم چودھری منیر احمد صاحب نیشنل سیکرٹری تربیت نے ‘‘نماز باجماعت کی اہمیت’’ کے موضوعات پر تقاریر پیش کیں۔ بعد ازاں اس سیمینار میں شاملین کو دو گروپس میں تقسیم کردیا گیا۔ ایک گروپ نے ‘‘والدین کیا طریق اختیار کریں کہ واقفین میں خدمت دین کا جذبہ پیدا ہو؟’’ کے موضوع پر اپنی تجاویز دیں جبکہ دوسرے گروپ نے ‘‘والدین کیا طریق اختیار کریں جس سے قرآن کریم کو پڑھنے، سمجھنے اور عمل کرنے کا جذبہ پیدا ہو’’ کے موضوع پر تجاویز دیں۔ دونوں گروپس کی تجاویز آنے پر احباب کے سامنے ان کو پیش کیا گیا۔ اس سیمینار کے اختتام پر خاکسار (نیشنل سیکرٹری وقف نو) نے مرکز سے موصولہ ہدایات والدین کے سامنے پیش کیں۔ الحمدللہ، یہ سیمینار بہت کامیاب رہا۔

سہ پہر ساڑھے تین بجے واقفین نو کا اجتماع اختتام پذیر ہوا۔ جبکہ واقفات نو نےشام چاربجے صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ ڈنمارک کی صدارت میں اختتا می تقریب منعقد کی۔

الحمدللہ یہ اجتماع کامیا ب رہا۔ کُل حاضری ۹۶؍ رہی۔ اللہ تعالیٰ اس اجتماع میں شامل ہونے والوں کے ایمان و ایقان میں ترقی عطا فرمائے اور ہمیں ہر آن خلیفہ وقت کی باتوں کو سننے اور ان پر عمل کرنے کی توفیق دیتا چلا جائے۔ آمین

(رپورٹ: محمد اکرم محمود۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button