مجلس انصاراللہ لائبیریا کے چودھویں سالانہ نیشنل اجتماع ۲۰۲۴ء اور نیشنل مجلس شوریٰ کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصار اللہ لائبیریا کو اپنا چودھواں سالانہ نیشنل اجتماع بعنوان ’’صلوٰۃ‘‘ شاہ تاج احمدیہ ہائی سکول، منروویا میں مورخہ ۳۰؍نومبر و یکم دسمبر۲۰۲۴ء کو منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ اجتماع میں ملک کی دس کاؤنٹیز سے کُل ۲۴۰؍احباب نے شرکت کی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
پہلا دن
افتتاحی اجلاس:دوپہر دو بج کر بیس منٹ پراجتماع کا باقاعدہ آغاز تقریب پرچم کشائی سے ہوا۔ معاً بعد مکرم ناصر احمد کاہلوں صاحب نمائندہ امیر صاحب جماعت احمدیہ لائبیریا کی زیر صدارت کارروائی کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ بعد ازاں مکرم منصور احمد ناصر صاحب صدر مجلس انصار اللہ کے ساتھ مل کر تمام ممبران نے عہد دہرایا۔ نظم کے بعد مکرم Tapehma A. Kortu صاحب قائد عمومی نے سالانہ اجتماع کے موقع پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا۔ اس کے بعد صدر اجلاس نے انصار کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔
علمی و ورزشی مقابلہ جات: سہ پہر تین بجے مرحلہ وار مقابلہ جات کا انعقاد ہوا۔ پہلے مرحلہ میں ورزشی مقابلہ جات کروائے گئےجو نمازوں اور کھانے کے وقفہ تک جاری رہے جبکہ دوسرے مرحلہ میں علمی مقابلہ جات کروائے گئے۔ مجموعی طور پرکُل ۱۲؍مقابلے منعقد ہوئےجن میں دو ٹیم ایونٹس بھی شامل تھے۔
نیشنل مجلس شوریٰ:شام ساڑھے سات بجے نماز مغرب و عشاء کی ادائیگی کے بعد مکرم ناصر احمد کاہلوں صاحب کی زیر صدارت دسویں نیشنل شوریٰ مجلس انصار اللہ لائبیریا کا اجلاس منعقد ہوا جس میں مجوزہ بجٹ پیش کرنے کے علاوہ صدر مجلس اور نائب صدرصف دوم برائے سال ۲۰۲۵ء – ۲۰۲۶ء کے انتخاب کی کارروائی عمل میں آئی۔
دوسرا دن
اجتماع کے دوسرے دن کا آغاز صبح ساڑھے چار بجے نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر کی ادائیگی کے بعد مولانا Ibrahim Nyein صاحب نے ’’نماز کی اہمیت و برکات‘‘ پر درس دیا۔
میراتھن ریس:امسال دوسری مرتبہ میراتھن ریس کو اجتماع کے انفرادی مقابلہ جات میں شامل کیا گیا تھا۔ تمام شاملین ریس کو مجلس انصار اللہ کی طرف سے خصوصی شرٹس مہیا کی گئی تھیں۔ ریس میں ہر عمر کے ناصر بھائی نے بڑے جوش و جذبہ سے حصہ لیا۔ شاملین ریس کو شاہ تاج احمدیہ ہائی سکول سے شروع کرکے آئرن گیٹ سے واپس سکول تک کا کُل قریباً آٹھ کلومیڑ کا فاصلہ طے کرنا تھا۔
مجلس سوال و جواب:ناشتہ سے فراغت کے بعد مجلس سوال و جواب کا اہتمام کیا گیا جس میں مرکزی مبلغین کے تین رکنی پینل نے ممبران کے سوالات کے جواب دیے۔
اختتامی اجلاس:دوپہر ساڑھے بارہ بجےمکرم نوید احمد عادل صاحب امیر و مبلغ انچارج لائبیریا کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم اور نظم سے اختتامی اجلاس کی کارروائی شروع ہوئی۔ بعد ازاں مکرم Tapehma A. Kortu صاحب قائد عمومی نے اجتماع کی مفصل رپورٹ پیش کی۔ تقسیم انعامات و اسناد کے بعد مکرم امیر صاحب نے اپنی تقریر میں ’’انصاراللہ‘‘ کی تفسیر کرتے ہوئے انصار کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔
(رپورٹ : فرخ شبیر لودھی۔ نمائندہ الفضل انٹر نیشنل)
٭…٭…٭