خبرنامہ(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭… سابق بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ ۹۲؍برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ماہرمعاشیات من موہن سنگھ ۲۰۰۴ءسے ۲۰۱۴ءتک بھارت کے وزیراعظم رہے۔ ان کی آخری رسومات سرکاری اعزاز کے ساتھ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں ادا کی گئیں۔ بھارتی صدر اور وزیر اعظم سمیت بڑی تعداد میں سوگوار شامل ہوئے۔ وہ ۱۹۳۲ء میں برطانوی نو آبادیاتی دَور کے برصغیر(چکوال، پاکستان) میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے کیمبرج اور آکسفورڈ سے ڈگریاں حاصل کیں اور مرکزی بینک کے گورنر سمیت اہم اعلیٰ سول سروس کے عہدوں پر فائز رہے۔ وہ ایک نرم مزاج ٹیکنوکریٹ تھے اور انہیں ۱۹۹۱ء میں وزیر خزانہ کے طور پر ان کے کام کے لیے سب سے زیادہ یاد کیا جاتا ہے، اس دوران انہوں نے ممکنہ اقتصادی بحران سے بچنے کے لیے بھارت کے معاشی لبرلائزیشن کی نگرانی کی تھی۔وہ پہلی بار ۲۰۰۴ء میں بھارت کے وزیر اعظم بنے تھے، اس کے بعد ۲۰۰۸ء میں دوسری مدت کے لیے بھی منتخب ہوئے۔ ان کے انتقال پر بھارتی حکومت نے سات روزہ سرکاری سوگ کا اعلان کیا تھا۔ ملک بھر میں تمام ثقافتی تقریبات کو منسوخ کر دیا گیا ہے، جب کہ بھارت میں سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہا۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے سابق لیڈر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں بھارت کے ’’سب سے ممتاز راہنماؤں‘‘ میں سے ایک قرار دیا۔اپوزیشن کانگریس پارٹی کے موجودہ راہنما راہول گاندھی کا کہنا تھا کہ سنگھ نے ’’بے حد دانشمندی اور دیانتداری کے ساتھ بھارت کی قیادت کی۔‘‘ امریکی صدر جو بائیڈن نے اقتصادی ترقی کو فروغ دینے اور امریکہ کے ساتھ تعلقات کو مضبوط کرنے پر انہیں ایک ’’سچا سیاستدان‘‘ قرار دیا تھا۔
٭… یونان میں پیش آنے والے کشتی حادثے میں جاں بحق ہونے والے مزید چار پاکستانیوں کی لاشیں مل گئیں۔ ایف آئی اے کے مطابق یونان کشتی حادثے میں ملنے والی پاکستانیوں کی لاشوں کی تعداد ۹؍ہو گئی ہے۔ ایف آئی اے کے مطابق کشتی حادثے میں اب بھی چالیس پاکستانیوں کی لاشیں لاپتہ ہیں۔یہ حادثہ ۱۳؍اور ۱۴؍دسمبر کی درمیانی شب پیش آیا تھا جس میں ۴۴؍پاکستانیوں کو ریسکیو کیا گیا تھا۔ کشتی لیبیا کے علاقے تبروک سے یونان جاتے ہوئے حادثے کا شکار ہو گئی تھی۔
٭… بنگلہ دیش کی عدالت کی جانب سے جلاوطن سابق وزیرِ اعظم حسینہ واجد کے دوسری بار وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے گئے۔ چیف پراسیکیوٹر کے مطابق بنگلہ دیش کی عدالت نے جبری گمشدگیوں میں مبینہ طور پر ملوث ہونے پر حسینہ واجد کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔ اس سے پہلے انسانیت کے خلاف جرائم کے الزام میں حسینہ واجد کے وارنٹ جاری ہو چکے ہیں۔عدالت نے شیخ حسینہ اور گیارہ دیگر افراد کے خلاف وارنٹ جاری کیے ہیں جن میں ان کے فوجی مشیر، فوجی اہلکار اور دیگر قانون نافذ کرنے والے افسران شامل ہیں۔
٭… بنگلہ دیش نے سپریم کورٹ کی ہدایات پر بھارت میں اپنےججوں اور عدالتی افسران کے لیے ہونے والا تربیتی پروگرام منسوخ کر دیا۔ تربیتی سیشن فروری میں شیڈول تھا جس میں پچاس بنگلہ دیشی ججوں اور عدالتی افسران نے شرکت کرنی تھی۔اس تربیتی پروگرام کے اخراجات بھارت نے ادا کرنے تھے۔بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان یہ معاہدہ شیخ حسینہ کے دورِ حکومت میں طے پایا تھا۔
٭… شمالی کوریا نے مشرقی سمندر کی جانب ایک بیلسٹک میزائل فائر کیا ہے۔ یہ شمالی کوریا کا اس سال کا پہلا میزائل تجربہ ہے۔میزائل تجربہ اس وقت ہوا جب امریکی وزیرِ خارجہ جنوبی کوریا کے دورے پرتھے۔
٭… DWکے مطا بق کینیڈا کے اخبار دی گلوب اینڈ میل نے حکمراں جماعت کے اندرونی معاملات سے واقف تین گمنام ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے اتوار کو کہا کہ وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو اپنے استعفیٰ کا پیر کو اعلان کرسکتے ہیں۔ گلوب کے ذرائع کے مطابق، یہ اعلان ممکنہ طور پر بدھ کو قومی لبرل پارٹی کے کاکس کے سامنے آئے گا۔ گلوب نے تاہم کہا کہ یہ واضح نہیں ہے کہ آیا ٹروڈو نئے راہنما کے انتخاب تک وزیر اعظم رہیں گے جب کہ پارٹی نئی قیادت کی تلاش میں ہے۔کینیڈین وزیر اعظم کے دفتر نے اس معاملے پر تبصرہ کی درخواست کا فوری طور پر جواب نہیں دیا۔حالیہ مہینوں میں ٹروڈو کی مقبولیت میں کمی آئی ہے، ان کی حکومت عدم اعتماد کے ووٹوں اور ناقدین کی جانب سے استعفیٰ کا مطالبہ کے درمیان کسی طرح بچ گئی۔
٭… کییف حکومت کے ایک اعلان کے مطابق یوکرینی فوج نے مغربی روسی علاقے کرسک پر ایک نئے اور بڑے جنگی حملے کا آغاز کر دیا ہے۔ یوکرینی دستے گذشتہ موسم گرما میں غیر متوقع کامیابی حاصل کرتے ہوئے اس روسی علاقے میں داخل ہو گئے تھے۔یوکرینی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ اس کی مسلح افواج نے مغربی روس کے علاقے کرسک میں ماسکو کے دستوں پر کئی اطراف سے حملے شروع کر دیے ہیں۔یوکرینی صدر کے دفتر کے سربراہ آندری یرماک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹیلیگرام پر لکھاکہ کرسک کے خطے میں روس کو وہی کچھ لوٹایا جا رہا ہے، جس کا وہ حق دار ہے۔دوسری طرف مختلف خبر رساں اداروں نے روسی ملٹری بلاگرز کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ یوکرین اب روسی ڈرونز کو ناکارہ بنانے کے لیے ایسے ہتھیاروں کو جام کر دینے والے الیکٹرانک آلات پر زیادہ سے زیادہ انحصار کر رہا ہے۔
٭…٭…٭