قرارداد تعزیت

قرارداد تعزیت بروفات مکرم ومحترم مرزا محمدالدین ناز صاحب صدر صدر انجمن احمدیہ ربوہ

از طرف اراکین عاملہ مجلس انصاراللہ پاکستان

ہم اراکین عاملہ مجلس انصاراللہ پاکستان، جماعت احمدیہ کے دیرینہ خادم اور نصف صدی سے زائد عرصہ (قریباً۵۳سال) تک خدمات دینیہ بجا لانے والےعالمِ دین مکرم و محترم مولانا مرزا محمدالدین ناز صاحب صدرصدر انجمن احمدیہ کی وفات پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہیں۔

آپ مورخہ ۲۴ ؍دسمبر ۲۰۲۴ء بروز منگل طاہر ہارٹ انسٹیٹیوٹ ربوہ میں دوپہر ایک بجے بعمر ۸۱؍سال وفات پاگئے۔انا للہ وانا الیہ راجعون۔آپ خدا تعالیٰ کے فضل سے موصی تھے اور بہشتی مقبرہ دارالفضل میں آپ کی تدفین ہوئی۔

مولانا مرزامحمدالدین ناز صاحب ۴؍اپریل ۱۹۴۳ء کو مکرم مرزا احمد دین صاحب کے ہاں پیدا ہوئے۔ آپ پیدائشی احمدی تھے۔ تعلیم الاسلام کالج ربوہ سے ایف ایس سی مکمل کرنے کے بعد تین سال سرکاری نوکری اختیار کر کے تدریس کے فرائض سر انجام دیتے رہے۔اکتوبر ۱۹۶۵ء میں زندگی وقف کرکے جامعہ احمدیہ میں داخل ہوئے اور دورانِ تعلیم جامعہ احمدیہ بی اے اور مولوی فاضل کا امتحان پاس کیا۔ مئی ۱۹۷۱ء میں جامعہ احمدیہ سے شاہد کا امتحان پاس کرکے فارغ التحصیل ہوئے۔چند روز میدانِ عمل میں خدمت کی توفیق پانے کے بعد جولائی ۱۹۷۱ء میں آپ کا تقرر جامعہ احمدیہ ربوہ میں بطور استاد ہوا۔ آپ کو ۱۹۷۱ء تا ۲۰۰۸ء سینتیس سال تک جامعہ احمدیہ میں بطور پروفیسر تدریس کےفرائض سر انجام دینے کی توفیق ملی، اس دوران آپ جامعہ میں ناظم الامتحانات، ہائیکنگ انچارج، سپرنٹنڈنٹ ناصرہوسٹل اور وائس پرنسپل کے فرائض بجا لاتے رہے۔

مجلس خدام الاحمدیہ مرکزیہ میں آپ کولمبا عرصہ مختلف شعبہ جات میں بطور مہتمم اور بعدازاںنائب صدر جبکہ مجلس انصاراللہ پاکستان میںتین سال قائد وقفِ جدید اورچھ سال نائب صدرصف دوم خدمت کا موقع ملا۔اسی طرح آپ مجلس افتاء اورتدوین فقہ کمیٹی کے ممبر،قاضی دارالقضاء،ممبر قضاء بورڈ،صدر عربی ڈیسک پاکستان، سیکرٹری بیوت الحمد کمیٹی اورکچھ عرصہ صدر بیوت الحمد کمیٹی بھی رہے۔ علاوہ ازیںتزئین ربوہ کمیٹی کے آغاز میں اس کے سیکرٹری کے فرائض بھی انجام دیے۔

آپ فنِ تقریر کے ماہر اورتحریرمیں اچھوتا رنگ رکھتے تھے۔نثر کے علاوہ شعر گوئی میں بھی ملکہ حاصل تھا۔ ماہنامہ خالد وانصاراللہ کے مدیرکے طور پر بھی خدمات سرانجام دیں۔مضمون کے اعتبار سے آپ عربی قواعد وانشاء کے میدان کے شاہسوار تھے۔ قرآن کریم سے بے انتہا عشق تھا۔تفسیر حضرت مسیح موعودؑ اور خلفائے کرام کاگہرائی سے مطالعہ کر رکھا تھا۔ قرآنِ کریم پر غورو تدبر اورقلزمِ علومِ قرآنی سے بدیع و یکتا موتی نکالنا آپ کی شخصیت کا خاصہ تھا۔آپ ایک متوکل علی اللہ اور عبادات میں گہرا شغف رکھنے والے وجود تھے۔وقت کی پابندی، اصول پسندی، اپنے ماتحتوں، رشتہ داروں اور غریبوں کے ساتھ محبت و شفقت کا سلوک اور عاجزی آپ کے نمایاں اوصاف تھے۔بیڈمنٹن کے بہترین کھلاڑی بھی تھے۔مزاج میں بہت سادگی تھی اور ساری زندگی غیراللہ کے سامنے کبھی دستِ سوال دراز نہ کیا۔آپ کولمبے عرصہ تک مسجد اقصیٰ ومسجد مبارک میں جمعہ پڑھانے اور رمضان المبارک کے دوران مسجد مبارک میں درس القرآن اور درس الحدیث دینے کی بھی توفیق ملی۔

آپ کو متعدد جماعتی مقدمات کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ صرف تھانہ ربوہ میں آپ کے خلاف ۱۵ ایف آئی آرز کاٹی گئیں۔۱۹۹۴ء میں اسیرِ راہ مولیٰ رہنے کی سعادت حاصل ہوئی۔

نومبر ۲۰۰۸ء میں آپ کو حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ایڈیشنل ناظر اصلاح و ارشاد تعلیم القرآن و وقف عارضی مقرر فرمایا۔ پھرفروری ۲۰۱۸ء میں حضورِانور نے ازراہ شفقت صدر صدر انجمن احمدیہ پاکستان مقرر فرمایا اورتادمِ واپسیںآپ اس عہدۂ جلیلہ پر فائز رہے۔دل کے عارضے کے باوجود ان تھک محنت کرکے خدماتِ دینیہ بجا لاتے۔آپ درحقیقت خلافت کے وفادار اورعاشق تھے۔

سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس اید ہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنے خطبہ جمعہ ۲۷؍دسمبر۲۰۲۴ء میں آپ کا ذکر خیر فرمایا اور نمازِ جنازہ غائب پڑھائی۔ حضورایدہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا:

’’یہاں آتے تھے جلسے پہ ،بڑے اخلاص و وفا کااظہار کرتے تھے۔یہاں ملتے تھے اور ہمیشہ میں نے ان کی آنکھوں میں محبت اور پیار دیکھا ہے اور اطاعت کا عمدہ معیار دیکھا ہے۔یہاں بھی آکے ان کو کوئی بلاتا اگر، تو شرط یہ ہوتی تھی کہ میں نے نمازیں یہاں باجماعت پڑھنی ہیں خلیفۂ وقت کے پیچھے…بہت خوبیوں کے مالک تھے،اپنا وقف نبھانے کا حق ادا کیا انہوں نے۔خلافت سے بےانتہا اخلاص و وفا کا تعلق تھا۔خداتعالیٰ ان سے مغفرت اور رحم کا سلوک فرمائے۔ درجات بلندکرے۔‘‘

اللہ تعالیٰ محترم مولانا مرزا محمد الدین ناز صاحب مرحوم کی خدمات کو قبول فرمائے اور مغفرت کی چادر میں لپیٹ لے اور لواحقین کو صبر جمیل اور ان کی نیکیاں زندہ رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین

ہم اراکین مجلس عاملہ انصاراللہ پاکستان آپ کی وفات پرسیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اورمحترم مولانا مرحوم کی اہلیہ محترمہ و دیگر لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔

٭…٭…٭

مزید پڑھیں: قرارداد تعزیت بروفات مکرم ومحترم مرزا محمدالدین ناز صاحب (صدر انجمن احمدیہ پاکستان)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button