جماعت احمدیہ کوسوو میں جلسہ یوم مصلح موعود کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ کوسوو کو اپنے مشن ہاؤس میں مورخہ ۱۶؍فروری ۲۰۲۵ء کو جلسہ یوم مصلح موعود منعقد کرنے کی توفیق ملی۔

اس بابرکت موقع پر احباب جماعت کے علاوہ دیگر معزز مہمانوں نے بھی شرکت کی۔ غیر از جماعت مہمانوں میں جناب ایمر زقیرج صاحب ڈائریکٹر ریجنل پولیس پرشٹینا، بلدیہ دیچانی کے وفد، محکمہ تعلیم کے عہدیداران، سکول کے اساتذہ اور پرنسپل صاحب شامل تھے۔ تمام مہمانوں نے جلسہ میں بھرپور دلچسپی لی اور جماعت احمدیہ کوسوو کی خدمات کو سراہا۔
پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا۔ بعدازاں جلسہ کی اہمیت اور افادیت نیز پیشگوئی مصلح موعود کے بارے میں تفصیلاً بتایا گیا۔
اس موقع پر حضرت خلیفۃ المسیح الثانیؓ کی حیات مبارکہ پر ایک مختصر ویڈیو بھی دکھائی گئی جس میں آپؓ کی دینی خدمات کا اجمالی جائزہ پیش کیا گیا۔ بعدازاں جماعت احمدیہ کوسوو کے ریجن پیہ کے معلم سلسلہ مکرم البان زقیرج صاحب نے ’’حضرت مصلح موعودؓ: پیشگوئی اور شخصیت‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔
جلسہ کے آخر میں ڈائریکٹر پولیس نے بھی اظہار خیال کیا اور جماعت احمدیہ کی پُرامن، محبت اور سماجی خدمات کی کوششوں کو سراہا۔ بعد ازاں بلدیہ دیچانی کے وفد نے خاکسار (مبلغ سلسلہ کوسوو) کو تنظیم Ushtria Çlirimtare e Kosovës کے لوگو والی ایک یادگاری ٹی شرٹ بطور تحفہ پیش کی۔ UCKتنظیم کوسوو کی آزادی کے لیے ۱۹۹۰ء کی دہائی میں ایک اہم مزاحمتی تحریک تھی جس نے سربیا کے ظلم و جبر کے خلاف جدوجہد کی۔ یہ تنظیم کوسوو کے مسلمانوں اور البانوی قوم کی آزادی کے لیے ایک مضبوط علامت سمجھی جاتی ہے اور آج بھی کوسوو کی تاریخ میں قومی ہیرو کے طور پر یاد کی جاتی ہے۔
پروگرام کے اختتام پر باجماعت نماز عشاء ادا کی گئی اور تمام شرکاء کے لیے ضیافت کا اہتمام کیا گیا۔ اس دوران مہمانوں اور جماعتی احباب کے درمیان خوشگوار تبادلہ خیال ہوا جس میں جلسہ کی افادیت پر گفتگو کی گئی۔
اللہ تعالیٰ ہمیں توفیق دے کہ ہم حضرت مصلح موعودؓ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر دین اسلام کی خدمت میں اپنا کردار ادا کرنے والے ہوں۔ آمین
(رپورٹ: جناح الدین سیف۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: سِگولدا (Sigulda)، لٹویا کے ایک ہسپتال میں مریضوں کی عیادت