جماعت احمدیہ گیمبیا کی طرف سے زخمی متاثرین کے ليے مفت میڈیکل کیمپ اور کھانے کی تقسیم
مکرم ڈاکٹر حافظ محمد آصف صاحب فارماسسٹ احمدیہ ہسپتال ٹلنڈنگ و نیشنل سیکرٹری امور عامہ گیمبیا تحریر کرتے ہیں کہ حال ہی میں مغربی افریقہ کے مختلف ممالک سے غیرقانونی طریقے سے سمندر کے راستے بذریعہ کشتی سفر کرنے والے افراد میں سے سمندر میں طغیانی آنے کی وجہ سے کئی افراد کی موت واقع ہوگئی، جو زندہ بچے ہیں وہ سب کے سب بیمار ہیں جن میں سے بعض تو انتہائی نگہداشت کی حالت میں ہیں۔ ان حالات میں جہاں ملک ایک پریشانی اور صدمہ سے گزر رہا ہے وہاں حکومت نے ان زخمیوں کے ليے امیگریشن ڈیپارٹمنٹ تانجی میں ایک ایمرجنسی میڈیکل کیمپ لگایا ہے۔ لیکن وسائل محدود ہونے کے باعث حکومت اکیلے یہ بوجھ کماحقہ نہیں اٹھا سکتی اور جماعت احمدیہ اللہ کے فضل سے ہر بار کی طرح اس بار بھی خدمت انسانیت میں ہراول دستے کی طرح کھڑی ہے۔

تفصیل اس اجمال کی یہ ہے کہ جماعت احمدیہ گیمبیا کے تحت ملک کے دارالخلافہ بانجل/کومبو میں موجود جماعت کے ہسپتال احمدیہ ہسپتال ٹلنڈنگ نے اس موقع پر مورخہ ۸؍جنوری ۲۰۲۶ء بروز جمعرات مفت میڈیکل کیمپ لگایا۔ کیمپ کا آغاز صبح تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ اس کیمپ کی نگرانی ڈاکٹر تنویر احمد صاحب ڈاکٹر انچارج احمدیہ ہسپتال نے کی۔ اس کیمپ میں دو ڈاکٹر، تین نرسوں اور چار مددگاروں نے خدمات پیش کیں۔ اس کے علاوہ خدام الاحمدیہ نے بھی کیمپ کے انعقاد میں مدد کی۔ اس کیمپ میں ۱۴۰؍مریضوں کا معائنہ کیا گیا جن میں عورتیں اور بچے بھی شامل تھے اور ضروری ادویات دی گئیں۔ کیمپ چار سے پانچ گھنٹے تک جاری رہا اور اس میں تقریباً ستر ہزار ڈلاسی کے اخراجات آئے۔ اس موقع پر درج ذیل حکومتی اراکین بھی موجود تھے۔
- Mr. Sanna Dahaba, Director, National Disaster Management Agency (NDMA)
- Mr. Ebou Faye Njie, Secretary General, Gambia Red Cross Society (GRCS)
- Mr. Momodou BK. Ceesay, NDMA Coordinator
- Dr. Bittaye, Representative from RVTH
- Other government and partner officials
ان حکومتی نمائندوں نے جماعت کی بہت تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ جماعت احمدیہ ہمارے ملک میں ہر مشکل وقت میں ہمارے ساتھ کھڑی رہی ہے اور حکومت کے شانہ بشانہ خدمت قوم و ملک میں ہمیشہ پیش پیش رہی ہے۔ انہوں نے اس بروقت خدمت پر بھی جماعت کو بہت سراہا۔
دوران کیمپ مکرم بابا ایف تراولے صاحب امیر جماعت احمدیہ گیمبیا نے بھی دورہ کیا۔ وہاں موجود حکومتی اراکین سے ملاقات کی اور کیمپ کی کارروائی کو دیکھا۔ اس کیمپ کو ایم ٹی اے گیمبیا، لائٹ ایف ایم (جماعتی ریڈیو سٹیشن) اور جی۔ آر ٹی ایس گیمبیا (ملک کا قومی چینل) نے کوریج دی۔ ملک کے نیشنل ٹی وی چینل نے اس پر ایک بہت اچھی ڈاکومنٹری بناکر چلائی۔
میڈیکل کیمپ کے علاوہ جماعت احمدیہ گیمبیا نے مورخہ ۸ و۹؍جنوری کو وہاں پر موجود متاثرین میں کھانا بھی تقسیم کیا۔ جس میں کھانے کے ۵۳۰؍پیکٹ تقسیم کیے گئے۔ کھانے پر تقریباً ستر ہزار ڈلاسی کا خرچ آیا۔ کھانا تقسیم کرنے کے انتظامات کی نگرانی خاکسار (مبلغ سلسلہ) نے کی۔
(رپورٹ:مسعود احمد طاہر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: مجلس انصاراللہ بیلجیم کے تحت گرجا گھروں میں تبلیغی مساعی




