مجلس انصاراللہ بیلجیم کے تحت گرجا گھروں میں تبلیغی مساعی
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصاراللہ بیلجیم کو ۲۰۲۵ء میں بھی کرسمس اور سال نو کے موقع پر ملک کے ۲۸؍شہروں اور دیہات کے ۴۴؍گرجا گھروں میں حقیقی اسلام، امن اور باہمی بھائی چارے کا پیغام پہنچانے کی توفیق ملی۔ اس موقع پر گرجا گھروں میں پھولوں اور چاکلیٹس پر مشتمل تحائف پیش کیے گئے۔ فالحمدللہ

مکرم شیخ وسیم احمد صاحب صدر مجلس انصاراللہ بیلجیم نے بتایا کہ اس بابرکت مہم کی تیاری کے لیے چند ہفتے قبل مختلف گرجا گھروں کی انتظامیہ سے رابطہ کیا گیا جس کے نتیجہ میں ۴۴؍گرجا گھروں سے باقاعدہ اجازت حاصل ہوئی۔
یہ پروگرام مورخہ ۲۴؍دسمبر ۲۰۲۵ء بعد از دوپہر شروع ہوا اور ۲۸؍دسمبر تک جاری رہا۔ پہلے سے طے شدہ پروگرام کے مطابق مربیان سلسلہ اور انصار مقررہ گرجاگھروں میں تشریف لے گئے جہاں گرجا گھروں کی انتظامیہ نے نہایت خلوص کے ساتھ خوش آمدید کہا۔ کرسمس کی مذہبی رسومات کی ادائیگی کے بعد پادری صاحبان نے مربیان سلسلہ یا خدام کو حاضرین سے مخاطب ہونے کی دعوت دی۔
اس موقع پر حاضرین کو کرسمس اور نئے سال کی مبارکباد پیش کرنے کے ساتھ اسلام کی امن، رواداری اور بین المذاہب بھائی چارے پر مبنی تعلیمات اور اسلام احمدیت کا تعارف کروایا گیا۔ بعد ازاں پادری صاحبان کو خصوصی تحائف اور پھول پیش کیے گئے جبکہ حاضرین تقریب کو امن کے پیغام پر مشتمل سٹکرز، پھول اور چاکلیٹس بطور تحائف دیے گئے۔پروگرام کے بعد متعدد غیر از جماعت افراد کے سوالات کے جواب بھی دیے گئے۔
اس پروگرام میں ۱۴؍مجالس کے ۱۶۳؍ممبران جماعت کو خدمت کی توفیق ملی جن میں ۹۴؍انصار، ۳۷؍خدام، ۲؍ناصرات اور ۱۷؍اطفال شامل تھے۔ اس مہم کے دوران ۴۴؍گرجا گھروں میں ۳۰۰۰؍نئے سال کے کارڈز، ۴۵۳۳؍ پھول اور ۴۷۵۰؍چاکلیٹس بطور تحائف پیش کیے گئے۔ نیز اس ذریعے سے تقریباً ۵۸۵۰؍غیر از جماعت افراد تک جماعت احمدیہ کا حقیقی اسلامی پیغام پہنچایا گیا۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک
اللہ تعالیٰ اس مساعی کو شرف قبولیت عطا فرمائے، مجلس کو خدمت دین میں مزید ترقی عطا کرے اور ہمیں حضرت خلیفۃ المسیح ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے دست راست بن کر خدمت کرنے کی توفیق بخشتا جائے۔ آمین
(رپورٹ: چودھری طاہر احمد گل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ برازیل کےاکتیسویں جلسہ سالانہ کا کامیاب انعقاد




