نماز جنازہ حاضر و غائب

نمازِ جنازہ حاضر و غائب

مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز تحریر کرتے ہیں کہ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ۷؍جنوری ۲۰۲۶ء بروز بدھ بارہ بجے بعد دوپہر اسلام آباد (ٹلفورڈ) میں اپنے دفتر سے باہر تشریف لاکر مکرمہ ریاض بشیر صاحبہ اہلیہ مکرم چودھری بشیر احمد صاحب مرحوم (کرائیڈن۔یوکے) کی نماز جنازہ حاضر اور چھ مرحومین کی نمازِ جنازہ غائب پڑھائی۔

نماز جنازہ حاضر

مکرمہ ریاض بشیر صاحبہ اہلیہ مکرم چودھری بشیر احمد صاحب مرحوم (کرائیڈن۔یوکے)

4؍جنوری 2026ء کو 95 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ مکرم حافظ نورالٰہی صاحب درویش قادیان کی بیٹی تھیں۔ آپ 1963ء میں یوکے آئیں۔ مرحومہ صوم و صلوٰۃ کی پابند ایک مخلص اور نیک خاتون تھیں۔ قرآن کریم کے ساتھ خاص شغف تھا اور آپ نے درجنوں احمدی اور غیر احمدی بچوں بچیوں کو قرآن کریم پڑھایا۔ کرائیڈن میں 20 سال تک اپنے گھر میں ہفتہ وار تعلیم القرآن کلاسز کا اہتمام بھی کیا جس میں ناظرہ کے علاوہ ترجمہ اور تفسیر بھی پڑھاتی تھیں۔ مرحومہ کو 1981ء سے 1991ء تک بطور صدر لجنہ اماءاللہ کرائیڈن خدمت کی توفیق ملی۔ پسماندگان میں دو بیٹے اور 3 پوتے شامل ہیں۔ مرحومہ کی ایک بہو اس وقت ریجنل صدر لجنہ کی حیثیت سے خدمت کی توفیق پارہی ہیں۔

نماز جنازہ غائب

۱۔مکرم انس احمد صاحب ابن ماسٹر منصور احمد صاحب مرحوم (میلبرن آسٹریلیا)

30؍نومبر 2025ء کو 45 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی حضرت چودھری سردار خان صاحب رضی اللہ عنہ آف چک چہور کے پڑپوتے تھے۔ آپ کو جماعت حیدر آباد میں سیکرٹری مال اور قائد مجلس لطیف آباد کے طور پر خدمت کی توفیق ملی۔ 2014ء میں آسٹریلیا آگئے اور اپنی لوکل جماعت میں سیکرٹری اشاعت کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ آپ کو ایک لمبا عرصہ میلبرن کی ایک مارکیٹ میں جماعت کا تبلیغی بک سٹال لگانے کے علاوہ کئی شاپنگ سینٹرز اور لائبریریوں میں Exhibition اور بک سٹال لگانے میں معاونت کی بھی توفیق ملی۔ کام کے دوران اورباہر Walkکرتے ہوئے جماعت کے leaflets بھی تقسیم کرتے رہتے تھے۔جمعہ کا خاص اہتمام کرتے اور اس کے لیے بڑی باقاعدگی سے سب سے پہلے مسجد پہنچا کرتےتھے۔ کافی عرصہ مسجد بیت السلام میلبرن سے احباب جماعت کے دعائیہ خطوط کو ڈاک میں بھجوانے کا انتظام بھی بلاناغہ کرتے رہے۔ آپ بڑے عاجز، ہمدرد اور جماعت کے خدمت گزار وجود تھے۔ خلافت سے بےانتہا عقیدت اور محبت کا تعلق تھا۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں والدہ اور اہلیہ کے علاوہ چار بھائی اور ایک بہن شامل ہیں۔ آپ مکرم مبشر احمد گوندل صاحب (کارکن امیر صاحب آفس لندن) کے قریبی عزیز تھے۔

۲۔مکرم چودھری بشیر احمد سرویا صاحب ابن مکرم چودھری اللہ رکھا صاحب (کیلگری۔ کینیڈا)

8؍دسمبر 2025ء کو 90 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ معیاری مالی قربانی کرنے والوں میں شامل تھے۔ کینیڈا ہجرت سے قبل پاکستان میں اپنے گاؤں کے قائد خدام الاحمدیہ اور بعد میں صدر جماعت بھی رہے۔ مرحوم پنجوقتہ نمازوں کے علاوہ تہجد اور اشراق کی نماز بھی باقاعدگی سے ادا کرتے اور بڑے پرہیزگار، نیک اور بزرگ انسان تھے۔ خلافت اور نظام جماعت سے گہرا اخلاص و وفا کا تعلق تھا۔ 17 سال مڈل ایسٹ میں گزارے۔ اس دوران آپ کو تین دفعہ حج اور گیارہ دفعہ عمرہ کی سعادت نصیب ہوئی۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں دو بیٹے اور تین بیٹیاں شامل ہیں۔ آپ کے بڑے بیٹے مکرم نعیم بشیر سرویا صاحب اس وقت کیلگری امارت میں سیکرٹری امور خارجیہ ہیں۔ جبکہ چھوٹے بیٹے مکرم اظہر حلیم سرویا صاحب زعیم انصاراللہ مجلس بیت النور کے طورپر خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔ آپ کے ایک داماد مکرم نعیم احمد وڑائچ صاحب بطور مشنری انچارج ہالینڈ اور ایک بھانجے مکرم و سیم احمد سر و عہ صاحب بطور مربی سلسلہ بوسنیا خدمت کی توفیق پا رہے ہیں۔

۳۔مکرمہ امۃالمجید ناصر صاحبہ اہلیہ مکرم ناصر احمد پرویزپروازی صاحب مرحوم (کینیڈا)

12؍دسمبر 2025ء کو 83 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ مکرم مولوی محمد احمد جلیل صاحب (مفتی سلسلہ احمدیہ) کی بڑی بیٹی، مکرم مولوی احمد خان نسیم صاحب کی بہو اور مکرم مولوی محمد اسماعیل حلالپوری صاحب کی پوتی تھیں۔ آپ بڑی مخلص، متقی اور باعمل احمدی خاتون تھیں۔ پانچوں نمازیں وقت پر ادا کرنے والی، تہجدگزار اور خلافت کی شیدائی خاتون تھیں۔ پاکستان میں مرحومہ نے جامعہ نصرت میں طویل عرصہ بطور پرنسپل خدمت کی اور مختلف جماعتی ذمہ داریاں بھی نہایت اخلاص سے ادا کیں اور مرحومہ کو حضرت سیدہ مریم صدیقہ صاحبہ کے قریب رہ کر بھی خدمت کرنے کا موقع ملا۔ بعد ازاں کینیڈا میں بھی مرحومہ نے قرآن کریم، کتب حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی تدریس اور علمی مجالس کے انعقاد کے ذریعہ جماعتی خدمت کا سلسلہ جاری رکھا۔ مرحومہ ہمیشہ ضرورت مند خاندانوں، بچوں اور طلبہ کی مدد کیا کرتی تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں دو بیٹے اور تین بیٹیاں شامل ہیں۔

۴۔مکرم شیخ حبیب الرحمٰن صاحب ابن مکرم عبد الرحمٰن صاحب (مسی ساگا۔ کینیڈا)

13؍نومبر 2025ء کو 73 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم ایک باعمل شخصیت کے مالک، بڑے نیک، متقی اور مخلص انسان تھے۔ کئی سال تک پاکستان اور کینیڈا میں لوکل سیکرٹری مال اور سیکرٹری وصیت کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ دار القضاء میں قاضی کے طور پر بھی خدمت بجالاتے رہے۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کےعلاوہ دو بیٹے اور پانچ بیٹیاں شامل ہیں۔

۵۔مکرمہ منیرہ اقبال صاحبہ اہلیہ مکرم ڈاکٹر محمد اقبال صاحب (بریڈ فورڈ۔ یوکے)

16؍دسمبر 2025ء کو 68 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کا تعلق گوئی آزاد کشمیر سے تھا۔ شادی ہو کر اپنے میاں کے ساتھ 1977ء میں یوکے آئیں۔ مرحومہ صوم وصلوٰۃ کی پابند، بہترین اخلاق کی مالک، بڑی ہر دلعزیز، نیک اور مخلص خاتون تھیں۔ بچوں کی بہت اچھی تربیت اورپرورش کی۔ پسماندگان میں شوہر کے علاوہ دو بیٹے اور تین بیٹیاں شامل ہیں۔ آپ کے میاں سیکرٹری رشتہ ناطہ یوکے کے علاوہ مختلف جماعتی خدمات کی توفیق پارہے ہیں۔

۶۔مکرمہ رشیدہ چودھری صاحبہ اہلیہ مکرم محمد حنیف صاحب مرحوم ( ہمبرگ جرمنی)

7؍جون 2025ء کو 84 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ اچھے اخلاق کی مالک ایک نیک، مخلص خاتون تھیں۔پسماندگان میں ایک بیٹا اور تین بیٹیاں شامل ہیں۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button