لملی (Lumley) ، سیرالیون میں پُروقار تقریب آمین
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے فری ٹاؤن ویسٹ، سیرالیون کی جماعت لملی میں قرآن کریم کا پہلا دَور مکمل کرنے والے پانچ اطفال و ناصرات کی پُروقار تقریب آمین مورخہ ۲۵؍دسمبر ۲۰۲۵ء کو منعقد ہوئی۔

اس بابرکت تقریب میں غیر از جماعت احباب کے علاوہ مختلف جماعتوں کے نمائندگان شریک ہوئے، نیز ہیڈکوارٹرز سے ایک وفد بھی تقریب میں شامل ہوا۔ اس موقع پر خاکسار (مبلغ سلسلہ) نے بچوں سے قرآن کریم سنا، اُن کی حوصلہ افزائی کی اور بچوں کے والدین کو مبارکباد پیش کی، نیز قرآن مکمل کرنے والے بچوں کو بعض نصائح بھی کی گئیں۔
تقریب کے دوران اطفال و ناصرات نے حضرت مسیح موعودؑ کے عربی قصیدہ کے چند اشعار ترنم کے ساتھ زبانی اور احادیث با ترجمہ پیش کیں۔ اِس موقع پر مختلف موضوعات پر تقاریر ہوئیں جن کے ذریعہ احمدیت کی تعلیم، حضرت مسیح موعودؑ کی صداقت اور آپؑ کے اعلیٰ کردار پر روشنی ڈالی گئی، یوں احمدیت کا پیغام کئی احباب تک پہنچا۔

قرآن کریم مکمل کرنے والے بچوں میں اسناد کی تقسیم کے لیے لملی جامع مسجد کے غیر از جماعت امام کو مدعو کیا گیا۔ تقریب میں شرکت کے بعد انہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ تقریب جماعت احمدیہ کی قرآن کریم سے محبت کی عکاس ہے اور معاشرے کے لیے ایک مثبت پیغام رکھتی ہے۔ امام صاحب کے علاوہ دیگر مہمانوں نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور جماعت کی خدمت قرآن کو اسلام کی اصل روح قرار دیا۔
اس تقریب کی ایک دلچسپ اور قابل ذکر بات یہ تھی کہ یہ عین کرسمس کے دن منعقد ہوئی جس روز بالعموم عوام الناس دیگر مصروفیات میں مشغول ہو جاتے ہیں، تاہم اس کے باوجود ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ یوں اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہ تقریب احمدی و غیر احمدی احباب و خواتین کے لیے تبلیغ و تربیت کا مؤثر ذریعہ بنی۔
پروگرام کے اختتام پر شاملین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔ الحمدللہ، کُل حاضری ۱۵۰؍رہی۔
(رپورٹ:سید سعید الحسن شاہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: لجنہ اماء اللہ اور ناصرات الاحمدیہ یوکے کے چھیالیسویں سالانہ اجتماع ۲۰۲۵ء کا کامیاب انعقاد




